کوئی پچیس چھبیس سال پہلے شاعرہ فاطمہ حسن سے اُن کی کتاب ’’دستک سے در کا فاصلہ‘‘ کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی۔ پھر اچانک ایک روز یوں ہوں کہ آصف فرخی آئے اور اُن کی کہانیوں کی کتاب دِے گئے۔’’ کہانیاں گم ہو جاتی ہیں‘‘: مجھے کتاب کے نام نے چونکایا تھا۔ وہی کتاب کچھ اضافوں کے ساتھ پھر سے شائع ہو گئی ہے۔ اس کے بیچ کے زمانے میں ہماری ملاقات جس فاطمہ حسن سے رہی، اس نے تانیثیت کا علم بلند کررکھا تھا اور ہر کہیں کشور ناہید اور فہمیدہ ریاض کی آواز میں آواز ملا کر چلتی نظر آئی۔ فاطمہ حسن اردو شاعری میں فیمینزم کے حوالے ڈھونڈتے ڈھونڈتے کبھی تو بیسویں صدی کی گمنام شاعرہ زاہدہ خاتون شروانیہ تک جا پہنچی اور کبھی فہمیدہ ریاض اور آصف فرخی سے مل کر ’’فیمینزم اور ہم‘‘ اور ’’خاموشی کی آواز‘‘ جیسی کتب دے کر اپنی اس حیثیت کو اور بھی مستحکم کیا۔ ’’فاصلوں سے ماورا‘‘ کئی جہتوں والی شناخت پاتی اسی شخصیت کا بہ طور شاعرہ اگلا قدم تھا۔
جب میں نے فاطمہ کی شاعری کا وہ مجموعہ پڑھا تھا جس کے وسیلے سے انہیں بہ طور شاعرہ پہچاناتھا؛ ان کی شاعری کا دوسرا، مگر میری دسترس میں آنے والا پہلا مجموعہ’’دستک سے در کا فاصلہ‘‘ تو میں نے کہیں لکھا تھا کہ ایک مقام پر مجھے یوں لگا تھا جیسے میں اُن ٹوٹ برسنے والے بادلوں کی زد پر تھا جو آپ کے وجود کے کیچمنٹ ایریا سے سارا پانی بٹورتے ہیں، اور جب برستے ہیں تو آپ ہی کے وجود پر برستے ہیں، وحشی اور طغیاں ہو کر:
اتنی وحشت کہ محبت بھی سکوں دے نہ سکے
اتنی شدت کہ چٹختی ہو ہر اِک رگ جیسے
وہ تلاطم ہے کہ آنکھوں سے اُمنڈ آئے لہو
دِل یہ لگتا ہے کہ جیسے کسی گرداب میں ہے
کیا کروں روؤں، ہنسوں، رقص کروں یا ماتم
یہ اشعار فاطمہ حسن کی اُسی کتاب کے بالکل آغاز کے ایک صفحے پر بہت نمایاں کرکے چھاپ لیے گئے ہیں، یوں کہ انہیں رُک کر پڑھے بغیر آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔ تاہم اُس کتاب کا مجموعی مزاج ایسے اشعار سے نہیں بنتا تھا۔ کہ اُس میں محبت، جدائی، تنہائی اور کامل سپردگی کی شاعری بھی تھی:
کیا کہوں اس سے کہ جو بات سمجھتا ہی نہیں
وہ تو ملنے کو ملاقات سمجھتا ہی نہیں
ہم نے دیکھا ہے فقط خواب کھلی آنکھوں سے
خواب تھی وصل کی وہ رات، سمجھتا ہی نہیں
۔۔۔۔
وفا سرشت ہوں دوری میں بھی محبت ہے
اکیلے رہنے میں لیکن بڑی اذیت ہے
قمر جمیل مرحوم نے "دستک سے در کا فاصلہ” کا "پیش لفظ” لکھتے ہوئے اُس فاطمہ حسن کو یاد کیا تھا جوسقوط ڈھاکہ کے بعد کراچی آتے ہوئے بنگال سے آرٹ اور خوب صورتی کا ایسا اثاثہ لائی تھی جو شاعری میں منتقل ہورہا تھا۔ مجید امجد تخلیق اور شاعری کو عمل خیر کے تسلسل سے تعبیر کیا کرتے تھے۔ ایک بہت عظیم اخلاقی قدر جو سماج کو اس موت سے بچا سکتی تھی جو اسے دیمک کی طرح اندر ہی اندر سے چاٹتی رہتی ہے۔ عمل خیر سے یاد آیا کہ فاطمہ حسن نے بھی عمل خیر سے اپنی ایک کہانی میں معاملہ کر رکھا ہے۔ ’’کہانیاں گم ہو جاتی ہیں‘‘ کے عین وسط میں موجود ایک شہزادی کی کہانی ہے۔ جی ایک جلا وطن شہزادی کی کہانی، جس کا ہر عمل، عمل خیر ہوتا تھا۔ عمل خیر اور اتنا کارگر کہ وہ جادو گرنی مشہور ہو گئی تھی۔ تاہم واقعہ یہ ہے کہ وہ جادو گرنی نہ تھی، وہ تو خیر کی ملکہ تھی۔ خیر کی ملکہ کی یہ کہانی لکھنے والی فاطمہ حسن فیمینزم کی پرجوش اور پرخلوص وکیل کے طور پر اپنی شناخت مستحکم کر چکی ہیں مگر واقعہ یہ ہے کہ میں ان کی شاعری سے عین مین ویسی ہی غنائیت اور رومانویت کی لہریں دیکھ رہا ہوں جو بہ قول قمر جمیل برہم پترا کے پانیوں میں جھانکتی لڑکیوں کے چہروں جیسی تھی اور یہ کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد فاطمہ حسن بنگال سے آرٹ اور خوب صورتی کے جس اثاثے کو ساتھ لائی تھی اسے اسی غنائیت اور رومانویت کے وسیلے سے اپنی پہلی کتاب کا حصہ بنا ڈالا تھا۔
فاطمہ حسن نے اپنے پہلے مجموعے میں لکھا تھا:
"اِک خط ایسا لکھوں
جس کو پڑھتے ہوئے
زندگی بیت جائے
سوچتی ہوں کہ میں
اپنی آنکھیں اُسے
کس طرح بھیج دوں”
اورکتاب ’’فاصلوں سے ماورا‘‘ کا نام جس نظم سے لیا گیا ہے، اس میں فاطمہ نے کہا ہے:
"خیمہ ء ِبرف میں
حدت ِعشق سے
پُرسکوں ہو سکوں
اِتنی قربت ملے
اِتنی شدت ملے”
اس نظم میں قربت کی شدید طلب ہے، جی ایسی قربت جس میں فرقت نہیں ہوتی، جس میں مرد مردود نہیں ہوتامحبوب رہتا ہے۔ یہ نظم بغاوت پر آمادہ دِل والی عورت کی کتھا نہیں ہے، قربانیاں دیے چلے جانے اور ا پنا سب کچھ قربان کرنے اور ہر حال میں اپنے محبوب کے لیے سپردگی کی بانہیں وا کیے رکھنے والی مشرقی عورت کے دِل کی کہانی ہے۔ ایک اور نظم کا تو عنوان ہی”سپردگی کی تمام وسعت” ہے۔ ایک ایسی نظم جس میں محبوب کی طرف سے پیشانی پر ڈھلک آنے والے چند بالوں کو ایک طرف کرکے بوسہ دینے سے یادوں کا ایسا رسیلا سلسلہ، عمر بھر کے لیے رواں ہو جاتا ہے، جس میں محبوب اپنی چھوٹی قامت سے نکل کر دیوتا سا نظر آنے لگتا ہے۔ ایسا محبوب دیوتا جس کی قربت کی نرم لہریں اپنی محبوبہ سے اناپرستی ترک کرنے اور مکمل سپردگی کا مطالبہ کر رہی ہوتی ہیں:
"تمہاری قربت کی نرم لہریں
بھگو کے پاؤں یہ کہہ رہی ہیں
انا کی سیڑھی سے نیچے آؤ
سپردگی کی تمام وسعت
زمیں سمندر
فلک سے مل کر
بس ایک ہی راز کھولتی ہے
جسے سمجھتے ہیں سب محبت
جو دل کے اندر
کہیں پہ گہری بسی ہوئی ہے”
ان نسائی جذبوں کے ساتھ جدائی کے مضامین میں گہری اداسی کے دراز سائے بھی شامل کر لیجئے اور پھر برتی ہوئی زبان کی طرف دھیان دیجئے۔ لفظ لفظ ملائم اور کومل محسوس ہوگا۔ وہاں بھی جہاں مضمون تلخ ہو جاتا ہے، جی، وہاں بھی دہن نہیں بگڑتا زبان کیسے تلخ ہوتی۔
میں نے کہا نا کہ ہمارے ہاں کے نسائی جذبوں کو اپنے کلام میں برتنے والی فاطمہ حسن کا ایک حوالہ بہر حال شروع ہی سے فیمنیزم رہا ہے اور اب تک ہے۔ بلکہ اب تو کچھ اور بھی مستحکم ہو گیا ہے کہ اس باب کی ایک اور کتاب”اردو شاعرات اور نسائی شعور” کے عنوان سے لے آئی ہے جس میں اس رُخ پر سو برس کے سفر کی تاریخ مرتب کرلی گئی ہے۔ جب وہ یہ کہتی ہیں:
"دستک سے در کا فاصلہ ہے اعتماد کا
پر لوٹ جانے کو یہی تاخیر ہے بہت
تو یوں ہے کہ نازک نسائی جذبوں والی لڑکی، عین اسی دستک سے در کے فاصلے کے علاقے میں جاکھڑی ہوتی ہے۔ اس سے باہر کا سارا علاقہ اس کی اوڑھنی کو پرچم بنا دیتا ہے۔ جب بھی اور جہاں بھی اس کی دستک پر دروازہ نہیں کھلتا وہ کسی تاخیر کے بغیر اگلی منزلوں کی جانب لپکتی ہے ؛ بہت اعتماد، بے پناہ تندی اور پوری جرات کے ساتھ:. Shy Bunny onlyfans leaked videos shybunny51
منزل کا نشاں نقش قدم کچھ نہیں دیکھا
رکھا ہے ہمیں راہ پر آشفتہ سری نے
فاطمہ حسن روح عصر سے مکالمہ کرنے کی تاہنگ رکھتی ہے، مکالمہ کرتی ہے لیکن اپنے ماضی سے ایک مثبت ناتا بھی استوار رکھنا چاہتی ہے اور جہاں کہیں یہ ناتاٹوٹتا ہے وہ ’’الاماں، الحذر، المدد‘‘ پکارتے آگے بڑھتی ہے۔
"الاماں
تازیانے گنہ گار ہاتھوں میں ہیں
بے گناہوں کی خیر
وہ جو قاضی عدالت، گواہوں، سند
علم و دانش، قلم اور تحریر سے منسلک
اِک روایت کی تہذیب تھی
وہ کہیں کھو گئی
اک سفر رُک گیا”
وہ نہیں چاہتی کہ یہ سفر رُکے۔ یہ سفر آگے کا ہے مگر ساری توانائی وہ اپنے ایمان اور ماضی کی روشن روایات سے پا رہی ہیں یہی سبب ہے کہ اُن کے ِاس مجموعے میں حمدیہ نظم بھی ہے اور عقیدتوں کا ایک پورا باب بھی۔تاہم یہاں بھی اس کے ہاں دور تک جانے کی تشویق کے ساتھ ساتھ ایک گہری تشویش موجود ہے:
"ایک اُمت ہیں ہم تو کہاں بٹ گئے؟
کس لیے کٹ گئے
ایسے مرکز سے جس میں کہ تفریق کوئی نہ تھی۔۔۔”
جی، فاطمہ جس اُمت کا نوحہ کہہ رہی ہے، اُسے کٹا پھٹا اور بکھرا ہوا دیکھ دُکھی بھی ہے۔ اس اُمت میں وہ عرب حکمران بھی شامل ہیں جن کے بارے میں خداوند کریم نے خود قرآن مجید میں بتا رکھا ہے کہ و ہ کبھی ’’سافلین‘‘ میں بھی اسفل تھے، ’’ثم رددناہ اسفِلَ سافلین‘‘ پھرانجیر، زیتون اور طور سینا کی قسم کھانے والے رب نے اُن پر کرم کیا تھا اور انہیں ‘‘بَلَدِ الامین‘‘ یعنی امن والے شہر کا حاکم بنا دیا۔ مگر حیف امت کے نام کو تہمت بنانے والے ان سابقہ ’’سافلین‘‘ پر جو عین ایسے زمانے میں کہ جب مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے وہ ایک بار پھر سے ’’ اسفِلَ سافلین‘‘ کی راہ پر چل نکلے ہیں۔فاطمہ حسن دعاگوہے:
"یا بنی ہم کو توفیق ہو
ہم کے نازاں رہیں اپنی پہچان پر
اور قائم رہیں اپنے ایمان پر۔۔۔”
یہ دعائیں بجا فاطمہ حسن! مگر ایسے میں ایمان کیسے قائم رہے گا کہ ہمارے دِل حسین ؑ کے ساتھ ہیں اور تلواریں یزید کے ساتھ۔ خیر، جس کے پاس حساس دِل ہے وہ تو ایسے طرز عمل پر کڑھے گااور فاطمہ حسن کی دعائیں بھی اسی باب کا حصہ ہیں۔
مجموعی اعتبار سے دیکھیں تو فاطمہ حسن کی شاعری اپنی تہذیب اور روایات سے وابستہ رہ کر عورت کی تکریم کی جدوجہد کرنے والی، نیک دل اور تازہ فکر تخلیق کار کی شاعرانہ دستاویز ہے۔ ایک ایسی دستاوِیز جس میں شاعرہ اپنی فکر، اپنے ایمان، اپنی محبتوں، اپنی تنہائیوں، اپنے پچھتاووں، ان کہی باتوں، اپنے وطن، اپنے لوگوں اور نئی زندگی کی خواہشوں سمیت، اپنے کامل اور سچے وجود کے ساتھ موجود ہے۔ ایک ایسی تخلیق کار عورت جسے محض آنکھوں سے، یا زلفوں سے یا رُخسار سے نہیں پہچانا جا سکتا، اس کی پوری شخصیت کو دیکھنا ہوگا:
آنکھوں میں، نہ زلفوں میں، نہ رُخسار میں دیکھیں
مجھ کو مری دانش، مرے افکار میں دیکھیں
منسوب ہیں انسان سے جتنے بھی خصائل
اپنے ہی نہیں میرے بھی اطوار میں دیکھیں
