معاصر اردو افسانے میں ڈاکٹر ناصر عباس نیر ان تخلیق کاروں میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے محض افسانے نہیں لکھے بلکہ اپنی فکری بصیرت، تنقیدی شعور اور فنی جدت سے ایک منفرد افسانوی جہان آباد کیا ہے۔ ان کی افسانوی کائنات اب تک پانچ افسانوی مجموعوں پر مشتمل ہے، جن میں "خاک کی مہک”، "فرشتہ نہیں آیا”، "راکھ سے لکھی گئی کتاب”،”ایک زمانہ ختم ہوا ہے”، "جب تک ہے زمین” شامل ہیں۔ ان تمام مجموعوں میں اکاون (۵۱) افسانے، پندرہ حکایاتِ جدید و مابعد جدید اور سات خواب کہانیاں شامل ہیں، جنھیں پڑھ کر احساس ہوتا ہے کہ ان کے ہاں کہانی محض واقعے کی تشکیل نہیں بلکہ فکر، تہذیب، تاریخ اور انسان کے وجودی مسائل سے مکالمے کا وسیلہ بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی افسانہ نگاری موضوع، اسلوب اور تکنیک، تینوں حوالوں سے اپنی الگ شناخت رکھتی ہے، جن پر بات کرنا مقصود ہے۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر کی افسانہ نگاری کی پہلی بات جو سامنے آتی ہے یہ ہے کہ وہ اپنے ہر مجموعے کا آغاز کسی نہ کسی مفکر، ادیب یا شاعر مثلاً ہکسلے، ورجینیا وولف، بورخیس، ٹونی موریسن، بیدل و دیگر کے اقوال و اشعار اور فکشن کے بارے میں ان کی آرا سے کرتے ہیں۔ بظاہر یہ محض ایک تمہید سی معلوم ہوتی ہے، لیکن درحقیقت یہیں سے قاری کی فکری اور ادبی تربیت کا آغاز ہوتا ہے۔کیوں کہ یہ اقتباسات نہ صرف اس امر کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ مصنف کیا لکھنے جا رہا ہے اور کیوں لکھ رہا ہے بلکہ اس کے فکری زاویے اور متن کے ممکنہ اثرات کو بھی واضح کرتے ہیں۔
ناصر عباس نیر چوں کہ بنیادی طور پر ایک نقاد بھی ہیں اور”یہ قصہ کیا ہے معنی کا؟”،”نظم کیسے پڑھیں؟ "اور” نئے نقاد کے نام خطوط” جیسی اہم کتابوں کے مصنف ہیں، اس لیے وہ اپنے افسانوں میں بھی اپنی ناقدانہ حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف قاری کو متن کے باطن تک رسائی دیتے ہیں بلکہ اسے تخلیقی عمل کی پیچیدگیوں سے بھی آشنا کرتے ہیں۔بالفاظِ دیگر ان افسانوں میں موقع بہ موقع قاری کی ادبی تربیت کا پہلو نمایاں ہو جاتا ہے۔ "خاک کی مہک" اور "کچھ ملکوں میں تاریخ خود کو دہراتی ہے" جیسے افسانے اس حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر کے افسانوں کی تمہید بھی غیر معمولی طور پر دل چسپ اور گرفت رکھنے والی ہے۔ وہ ابتدا ہی میں ایسا طلسمی اور پُراسرار ماحول قائم کر دیتے ہیں کہ قاری خود کو متن کے حصار سے آزاد نہیں کر پاتا۔چھے سو پچاس صفحات کے مجموعے میں شاید ہی کوئی افسانہ ایسا ہو جس کی پہلی چند سطریں قاری کو اپنی گرفت میں نہ لے لیں۔ یہی وصف ان کے طویل عنوانات میں بھی نظر آتا ہے، بلکہ عنوان تو متن پڑھنے سے بھی پہلے تجسس پیدا کر دیتے ہیں۔ "شکم کی بھوک سیر ہو جاتی ہے، زبان کی نہیں”، "شکر اس کا جس نے ہمیں آدمی یا سور نہیں بنایا”، "ہو سکتا ہے یہ خط آپ کے نام لکھا گیا ہو”، "مرنے کے بعد مسلمان ہوا جا سکتا ہے؟”، "پہلے کھیلی اور بعد میں لکھی گئی تمثیل”،”اسے کسی عورت نے جنم نہیں دیا”،” سب سے پرانی قبر ہی پھانسی سے بچا سکتی ہے”، "قصہ کتابوں کے قبرستان کا”، "بے سر کا نسوانی دھڑ”، "ولدیت کا خانہ” اور "ابا کا صندوق" جیسے عنوانات اپنے اندر ایسی معنوی اور جمالیاتی کشش رکھتے ہیں کہ قاری ان کے پس منظر کو جانے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر کے افسانوں کی مجموعی فضا دیہات، گاؤں اور وسیب سے تشکیل پاتی ہے،جس میں توہم پرستی، اندھا اعتقاد، عوامی استحصال، نام نہاد مذہبی گروہوں کی حقیقت، پراسراریت، اموات، شدت پسندی، قتل و غارتاور دہشت جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔ تاہم ان تمام موضوعات کی بنیاد انسان اور اس کے دکھ، کرب، بے بسی، بے کسی اور رسوائی پر استوار ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے افسانوں میں تقسیمِ ہند، جنگ، سرحد، آزادی، شناخت، حب الوطنی، ثقافت، اخلاقیات اور انسانی کمزوریوں جیسے سیاسی و سماجی موضوعات بھی پوری قوت کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔ یا پھر نوآبادیاتی اثرات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی لسانی الجھنیں، انسانی تعلقات کی پیچیدگیاں اور مابعد جدید انسان کو درپیش وجودی بحران بھی ان کے اہم موضوعات ہیں۔
پھر جیسا کہ ہم سب آگاہ ہیں کہ لکھنا اور لکھتے رہنا ڈاکٹر ناصر عباس نیر کا اوڑھنا بچھونا ہے، اسی لیے ان کے افسانوں میں خود عملِ تخلیق بھی ایک مستقل موضوع کے طور پر سامنے آتا ہے۔ لکھ پانا، کیا لکھا جائے، نہ لکھ پانے کا خوف، آرٹ کی تکمیل، لفظوں کی معنویت، کتب خانہ، کتابوں کا جلنا یا باقی رہ جانا، کتاب سے وابستگی، کتاب کی بنیاد پر فیصلے، کتابوں کی موت، ان کی تدفین اور حتیٰ کہ "کتابوں کا قبرستان" جیسے موضوعات ان کے ہاں بار بار مختلف صورتوں میں ظاہر ہوتے ہیں۔ گویا ان کے نزدیک کتاب محض علم کا وسیلہ نہیں بلکہ تہذیب، حافظے، شناخت اور انسانی بقا کی علامت ہے۔
ناصر عباس نیر کے بقول انھوں نے "پرانی کہانیوں کے رخنوں اور خالی جگہوں سے انھی کہانیوں کو اگانے” کا تجربہ بھی کیا ہے، جسے میں باز تخلیق یا باز نویسی کہوں گی۔ یہ اسلوب اردو فکشن میں انیس اشفاق کے ناول "خواب سراب” اور "پری ناز اور پرندے” میں بھی دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ڈاکٹر ناصر عباس نیر نے اسے اپنے انداز سے برتا ہے۔ معروف اور کلاسیکی تخلیقات کو نئے عہد، نئے تناظر اور نئی تعبیر کے ساتھ آگے بڑھانا ایک طرف غیر معمولی تخلیقی صلاحیت کا مظہر ہے تو دوسری طرف یہ ان تخلیق کاروں کے لیے ایک ادبی خراجِ تحسین بھی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ اپنی ماخذ تخلیقات اور ان کے خالقوں کا برملا اعتراف کرتے ہیں، جو ان کی علمی دیانت کا ثبوت ہے۔ "بشن سنگھ مرا نہیں تھا”، "بو آئی کہاں سے”، "ستر سال اور غار” ایسی ہی حکایات ہیں جن کے ماخذ کا وہ خود اعتراف کرتے ہیں۔ ’’دنیا کا سب سے انمول رتن ‘‘ اور بدھا اور یشودھرا کی کہانیوں سے اکتساب بھی اسی کے ذیل میں آتا ہے، تاہم اس باز تخلیق میں جو فنی چابک دستی، معنوی وسعت اور نئی تعبیر سامنے آتی ہے، وہی ناصر عباس نیر کا فن ہے، جو ان کہانیوں کو محض باز نویسی نہیں رہنے دیتا بلکہ ایک مستقل تخلیقی تجربہ بنا دیتا ہے۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر کے افسانوں کے کردار بھی اپنی نوعیت میں منفرد ہیں۔ مرکزی کرداروں میں بھی اکثر کردار بے نام ہیں اور ان کے لیے مختلف صیغے استعمال کیے جاتے ہیں، مثلاً "وہ”، "اُس” وغیرہ، مگراپنی اس گم نامی کے باوجود وہ اجنبی محسوس نہیں ہوتے۔ پاکستان کے کسی بھی خطے سے تعلق رکھنے والا قاری انھیں اپنے اردگرد، اپنی برادری اور اپنے معاشرے میں پہچان سکتا ہے۔ یہی کردار قاری کو زمینی حقائق سے روبرو کرتے ہیں اور ایسی معاشرتی حقیقتوں تک رسائی دیتے ہیں جن سے انکار ممکن نہیں۔
ان کے کردار وں کی ایک اور خاصیت یہ بھی ہے کہ وہ ان کی کہانی کو محض کہانی کو آگے بڑھانے کا ذریعہ نہیں بنتے بلکہ ایسے بنیادی اور بے باک سوالات قاری تک منتقل کرتے ہیں جو موجودہ سماجی، مذہبی اور سیاسی منظرنامے میں اٹھانا بھی غیر معمولی جرأت کا تقاضا کرتا ہے۔ درحقیقت یہی سوالات ان کی افسانہ نگاری کاحاوی محرک بھی ہیں اور اس کے جواز بھی، مثلاً:
"ہاں! یہ بھی روشنی ہے” میں جب یشودھرا بدھا کے نروان پر احتجاج کرتی ہے تو پوچھتی ہے،” تمھارے پاس روشنی ہے جو سب کی جہالت دور کرتی ہے، کیا یہ میرے دل کا اندھیرا دور نہیں کر سکتی؟” یا "میں خود کو دوسرا سمجھتی ہوں اور تمھیں اپنی روشنی محسوس کرتی ہوں۔ مجھے میری روشنی سے کیوں دور کرتے ہو؟”
ایک افسانے میں بیٹا ماں سے پوچھتا ہے،”اتنا بتا دیں، کیا یہ سچ ہے کہ نکاح ٹوٹ سکتا ہے، قسم نہیں؟”
"خاک کی مہک” کا ایک سوال دیکھیے: "آپ اس دنیا کو اپنے مدرسے کی لائبریری میں بدلنے پر کیوں تلے ہیں؟"
"یاد اور بھول کا کھیل ” کے دو کرداروں کے مکالمے کی آخری سطر دیکھیے: "جان لینا اور بچانا، یاد اور بھول کا کھیل ہے۔ کوئی اس کھیل کو کھلانے والا بھی تو ہوگا؟” دونوں پہلے ہنسے، پھر سنجیدہ ہوئے اور ساتھ ہی کسی نامعلوم بات پر رنجیدہ بھی۔
پھر ایک موقعے پر عزازیل ملا سے کہتا ہے،”ملا! آپ مجھ سے کیوں گریزاں ہیں؟ میں پہلے بھی تو آپ کے ساتھ ہوتا ہوں، آج بس سامنے آ گیا ہوں۔ چلیں، مجھے اتنا بتا دیں کہ آپ مجھ سے پناہ مانگتے ہیں۔ میں اگر دعا کروں تو کس سے پناہ مانگوں؟”
"کتابوں کی جنگ میں کتاب ہی ہتھیار ہونی چاہیے۔ ایک بات عرض کروں حضرت! کیا ہماری کتاب اس جنگ کی اجازت دیتی ہے؟ وہ تو چل پھر کر غور کرنے کا حکم دیتی ہے۔”
"ٹھیک ہے مولبی صاحب! بس اتنا بتا دیں میرے بچڑے مرنے کے بعد کیسے مسلمان ہو سکتے ہیں؟”
یہ سوالات اس دیگ کے چند چاول کہے جا سکتے ہیں، ڈاکٹر ناصر عباس نیر کی افسانوی کائنات ایسے بے شمار سوالات سے بھری پڑی ہے، جن کی گونج دیر تک محسوس ہوتی ہے۔۔ مزید بریں انھی سوالات کے ذریعے ان کاافسانہ اپنے عہد سے مکالمہ کرتا، رائج تصورات کو چیلنج کرتا اور قاری کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر کے افسانوں میں عورت کے حقوق کے حوالے سے واضح حساسیت اور ہمدردی دکھائی دیتی ہے۔ وہ عورت کے حق میں ایک مضبوط آواز کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ اپنے افسانوی مجموعے کو تمام ماؤں کے نام منسوب کرنا یا خود کچھ بھی نہ کرنے کے باوجود بھی بس میں ایک بھکارن کے ساتھ کنڈیکٹر کے نازیبا سلوک کے لیے باقی سواریوں کے ساتھ ساتھاپنے آپ کو بھی مورد ِ الزام ٹھہرانا اور اپنا احتساب کرنا بھی اسی احساس کا مظہر ہے۔نوری ہو یا فرشتہ نہیں آیا کی دس سالہ بچی، معذوربچڑوں کی ماں، فاطمہ، کنیز، یشودھرا اور شیماں کوئی بھی ہو، ان کرداروں کے ذریعے وہ عورت کے دکھ، محرومی اور وجودی مسائل اور شناخت کے بحران کے مقدمے پورے خلوص اور جانب داری سے لڑتے ہیں اور اس جانب داری میں خود کو حق بجانب سمجھتے ہیں۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر اپنی تہذیب و ثقافت، بالخصوص ہند اسلامی تہذیب اور مادری زبانوں سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ ان کے افسانوں میں تہذیبی شناخت اور لسانی شعور بار بار موضوع بنتا ہے۔ افسانہ "ورغلایا ہوا آدمی" میں وہ مرکزی کردار کی اپنی مادری زبان کو غیر مقامی زبانوں کے مقابلے میں فراموش کرنے پر نہ صرف تنقید کرتے ہیں بلکہ Colonial Mindset اور Linguistic Imperialism جیسے تصورات کو بھی تخلیقی سطح پر برتتے ہوئے ان کے مضمرات کو آشکار کرتے ہیں۔ اسی طرح ’’ابا کا صندوق ‘‘ جیسے افسانے روایت کو اگلی نسل تک منتقل کرنے عبارت ہیں۔ ان کے افسانوں میں دیہی ماحول کا انتخاب بھی محض منظر نگاری نہیں بلکہ زمین، دھرتی اور اپنی تہذیبی جڑوں سے محبت کا اظہار ہے۔ اسی طرح داستان گوئی کی روایت، نانی دادی سے سنی ہوئی کہانیاں اور روایتی حکایات بھی ان کے متن کا حصہ بنتی ہیں۔ ان تمام صورتوں میں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ صرف اپنی تہذیب و ثقافت سے ہی نہیں بلکہ ماضی سے بخوبی آگاہ ہیں؛ اسے اپنے ساتھ لے کر چلتے ہیں اور کلاسیکی روایت کو اپنے عہد سے جوڑتے ہوئے ایک زندہ ادبی تسلسل قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر ناصر عباس نیر کے افسانوں کی زبان اور اسلوب بھی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ اگرچہ وہ بعض لیکن کم ہی مقامات پر مقامی الفاظ بھی استعمال کرتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ان کے افسانوں کی زبان نہایت سادہ، رواں اور شفاف ہے، جو تفہیم میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دیتی۔ البتہ حکایاتِ جدید و مابعد جدید اور خواب کہانیوں میں علامتی اور استعاراتی اسلوب زیادہ نمایاں ہو جاتا ہے۔ تاہم یہ تحریریں بھی ان کی دوسری کہانیوں سے الگ نہیں ہوتیں بلکہ انھی کا فکری اور فنی تسلسل محسوس ہوتی ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کے تمام افسانوی مجموعے دراصل ہمارے عہد اور ہمارے سماج کی ایک ہی مسلسل داستان کے مختلف ابواب ہیں۔ ایسی داستان،جو ہر نئے مجموعے کے ساتھ ایک نئی قسط کی صورت میں آگے بڑھتی رہتی ہے۔
پھر ان کے اسلوب کا ایک اور اہم پہلو ان کی مابعد جدید فنی تکنیکوں کا برمحل اور مؤثر استعمال ہے۔ ان کے ہاں طنزِ خفی، سیاہ مزاح، کھیل تماشا، جادوئی حقیقت نگاری، قاری کی شرکت،حقسانہ(فیکشن)، مہا فکشن، تاریخی بیانیہ، سنسنی خیزی اور تاریخ کے دائروی عمل جیسی تکنیکیں نہایت نمایاں ہیں۔یہ فنی حربے ان کے افسانوں کو فکری گہرائی، معنوی وسعت اور جمالیاتی انفرادیت عطا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے ہاں ایسے بے شمار جملے بھی ملتے ہیں جو محض کہانی کا حصہ نہیں رہتے بلکہ انھیں الگ بھی پڑھا جائے تو قاری کو نئی بصیرت عطا کرتے ہیں، مثلاً:
"وہ اور مولوی صاحب دونوں جانتے تھے کہ روپیہ ایک ایسی چیز ہے جس کے بارے میں کوئی نہیں بتا سکتا کہ وہ مانگ کر لایا گیا ہے، کما کر، چرا کر، یا چھین کر۔ جس کے پاس ہے اسی کا ہے۔”
"لکھنا بھی سزا ہے پر کسی بادشاہ کے شہر میں آدمی ہونے کی سزا اس سے بڑھ کر ہے۔”
"ہر آدمی کی کھوپڑی میں ایک مشین ہے اسے جو کام سونپ دیں وہ اسے کر لیتی ہے۔ اس سے زیادہ سفاک اور ایجاد پسند دنیا میں کچھ نہیں۔”
"آدمی ہونا ایک بات ہے اور آدمی رہنا دوسری بات ہے۔ رفیق خاص نے عرض کی، آدمی رہنا بڑی بات ہے۔”
"یہ دنیا مٹی کے خداؤں نے بنائی ہے، مگر ساری ذمہ داری مٹی سے بنے آدم پر ڈال دی ہے۔”
"عقیدہ آدمی کا ہوتا ہے لاش کا نہیں۔”
آخر میں، ناصر عباس نیر صاحب ہی کے ایک افسانے کے الفاظ مستعار لے کر ان کی افسانہ نگاری کے بارے میں کہنا چاہوں گی:
"جب کوئی نئی دنیا بناتا ہے تو معلوم ہے پہلا کام کیا کرتا ہے؟ وہ اسے نام دیتا ہے، بالکل نیا نام، اتنا ہی نیا جتنی دنیا نئی ہے۔”
میری نظر میں ڈاکٹر ناصر عباس نیر نےاپنی افسانہ نگاری میں یہی کام کیا ہے۔ انھوں نے محض کہانیاں نہیں لکھیں بلکہ اپنی ایک الگ اور منفرد افسانوی دنیا تخلیق کی ہے، جو زبان، موضوع، اسلوب، فنی تکنیک اور فکری جہات کے اعتبار سے ان کی ہم عصر افسانوی دنیا سے الگ دکھائی دیتی ہے۔ اس تخلیقی انفرادیت نے انھیں "خواب کہانیوں” اور "حکایاتِ جدید و مابعد جدید”جیسی نئی اور منفرد اصناف میں قابلِ قدر اضافے کی توفیق دی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر ناصر عباس نیرکے افسانے صرف پڑھےنہیں جاتے، بلکہ قاری کو اپنے ساتھ ایک نئے فکری اور جمالیاتی سفر پر لے جاتے ہیں ؛ ایسا سفر جس میں ان کی حیرت بھی ہے اور مصنف کے خالص اپنے سوال بھی، تہذیبی و سماجی شعور بھی ہےاور تخلیقی جستجو بھی اور یہی ان کی افسانہ نگاری کا امتیاز ہے۔
