تازہ ترین
آزاد چائے والا، ڈگری اور فری لانسنگ —-...
Contagion — S. Bano
شکیلہ بانو بھوپالی: قوالی کی روایت میں نسائی...
دین اسلام میں میت کے اعضاء عطیہ Donate...
حسرت موہانی: انقلاب کے نعرے سے کرشن کی...
بلوچستان کی شورش کا دیرپا حل — اسامہ...
مابعد مابعد جدیدیت — اسامہ مشتاق خان
موسیقی کی ترویج و اشاعت میں خانقاہوں کا...
"دادی آج چھٹی پر ہیں”از خالدہ حسین —...
جوئے خوں: ترجمہ ہما انور —– تبصرہ: تنزیلہ...
مولانا فضل الرحمٰن کا "جھیل میں کنکر” —...
Daanish.pk دانش
  • آغاز
  • کالم
    • سماجی
    • دیگر
    • سائنس
    • سیاسی
    • علمی
    • کھیل
    • مذہبی
    • آرٹ
    • معیشت
  • بلاگز
  • علم و ادب
    • آپ بیتی، خاکہ، تذکرہ
    • تراجم
    • تنقید
    • دیگر
    • سفرنامہ
    • شاعری
    • فکشن
    • فلسفہ
    • کتابوں پر تبصرے
    • لسانیات
    • مزاح
    • نایاب کتب
  • کلچر، آرٹ
    • آرٹ
    • جمالیات
    • فلم
    • فنون
    • کلچر
    • موسیقی
  • صنف/ جینڈر
  • مزید
  • نئے لکھاری
  • وڈیوز
  • فکشن
  • English
علم و ادبکتابوں پر تبصرے

چار آدمی، چار حقیقی درویشوں کادل پذیر تذکرہ —- نعیم الرحمٰن

by دانش ڈیسک 18/04/2022
written by دانش ڈیسک 18/04/2022
163

’’وہ عید کا دن تھا۔ یہ دن ہم فاؤنٹین ہاؤس میں گزارتے ہیں، نفسیاتی امراض کی علاج گاہ۔ ہسپتال عموماً اس روزخالی ہوجاتے ہیں۔ فاؤ نٹین ہاؤس کے اکثرمریض اپنے گھروں کارخ نہیں کرتے۔ کوئی ان کامنتظرنہیں ہوتا۔ کوئی بہن، کوئی بھائی انھیں ملنے اورگھرلے جانے کے لیے ہی نہیں آتا۔ میں اس عمارت کویکھتارہا، دیکھتاہی رہا۔ رفتہ رفتہ مکمل خاموشی چھاگئی۔ میری نشست کے بالکل سامنے مجھے تین کرسیا ں نظرآئیں جن پرتین آدمی براجمان تھے۔ وہ تینوں مدتوں پہلے اس دنیاسے رخصت ہوچکے تھے۔ سرگنگارام، ملک معراج خالد اور ڈاکٹر رشید چوہدری۔ پرمسرت اورشاداں، ہنستے مسکراتے۔ انھی کے لیے توہم نے دعاکے لیے ہاتھ اٹھائے تھے۔ وہ تینوں ایک دوسرے سے محو گفتگو تھے۔ کوئی اور ہی زبان تھی۔ میں نے چاہامیں بھی بات چیت کاحصہ بن جاؤں۔ ’آپ بہت خوش ہیں۔ ‘ سلام کے بعد بے ساختہ میری زبان سے نکلا۔ ’ہم توکچھ ایسے خوش نہیں رہتے۔ ہماری زندگی توخوشیوں سے محروم ہے۔ ‘ میں نے جھجکتے ہوئے کہا۔ تینوں نے مجھے حیرت سے دیکھااورپھر ایک ساتھ یہ کہا۔ ’زندگی تونام ہی خوشیوں کاہے۔ اس کی قدرکرو۔ جینے کا ڈھنگ سیکھو تو خوشیاں خود ہی مل جائیں گی۔‘ سرگنگا رام، معراج خالد اوررشید چوہدری۔ آج فاؤنٹین ہاؤس میں کیاکررہے ہیں۔ میں یہاں ان کے پاس کیوں بیٹھاہوں؟ یہ گفتگوکیا ہے۔ میں نے یہ سوال کیوں کیا۔ عجیب سی ایک کہانی بے نقاب ہونے کوتھی۔ وہ جوکسی نے کہاتھا: گفتگوانھی سے نہیں ہوتی جنھیں دیکھا اور چھوا جاسکے۔ زمان ومکاں سے بھی مکالمہ ہوتاہے۔ بعض اوقات ایک ساعت میں زمانوں کاسفر طے ہوجاتاہے۔ شاید یہ ایساہی کوئی لمحہ تھا۔ ہلکے پھلکے بادل، تازہ ہوا اورتین آدمی۔ مکمل خاموشی اورتنہائی۔ ‘‘

یہ ابتدائی طویل اقتباس ڈاکٹر امجدثاقب کی نئی کتاب’’ چارآدمی‘‘ کا ہے۔ ممتازدانشور، ادیب، سفرنامہ نگاراور سماجی کارکن امجدثاقب ’’اخوت‘‘ کے بانی ہیں۔ جس کی خدمات سے ایک زمانہ آگاہ ہے۔ اس کے ساتھ وہ ایک بے مثال ادیب بھی ہیں۔ ان کی کتابیں’’شہرلبِ دریا‘‘، ’’ ایک یادگار مشاعرہ‘‘، ’’ گوتم کے دیس میں‘‘، ’’ غربت اور مائیکروکریڈٹ‘‘، ’’ اخوت کاسفر‘‘، ’’ اخوت: دشتِ ظلمت میں ایک دیا‘‘، ’’کامیاب لوگ‘‘ اور ’’مولومصلی‘‘ قارئین کی بھرپورداد وتحسین حاصل کرچکے ہیں اوراکثرکتب کے کئی ایڈیشنزشائع ہوئے ہیں۔

ڈاکٹرامجدثاقب کی تازہ تخلیق’’چارآدمی‘‘ گگن شاہداورامرشاہد کے ادارے بک کارنرجہلم نے اپنی روایتی شاندارانداز سے شائع کی ہے۔ بہترین کاغذ، عمدہ اوراغلاط سے مبرا کمپیوٹرکتابت، شاندارجلدبندی، دلکش سرورق سے آراستہ تین سوچھتیس صفحات کی کتاب جس میں چھبیس آفسٹ پیپرصفحات پررنگین اوربلیک اینڈوائٹ تصاویربھی ہیں۔ کتاب دوست قارئین کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔

ادیب اوردانشورشکیل عادل زادہ کتاب کے فلیپ پر لکھتے ہیں۔ وہ جوکہاجاتاہے کہ تحریرمیں کیابہاؤہے، کوئی ندی جیسے خراماں خراماں رواں ہے۔ تحریر ہے کہ کوئی کہانی ہے۔ پڑھتے جاؤپڑھتے جاؤ، کہانی ختم ہوجائے، تجسس وتاثرختم نہیں ہوتا۔ کچھ حاصل ہونے کی آسودگی سے تحریریں ممتازہوتی ہیں۔ برض تحریروں کے نقش دوامی ہوتے ہیں اوربرض کبھی بہت آزردہ وشکستہ بھی کرتی ہیں۔ تحریریں آئینہ دکھاتی ہیںاورتحریریں نہاں خانے کے دھندلکوں میں اجالوں کاسبب بھی بنتی ہیں۔ ڈاکٹر امجدثاقب کی یہ کتاب امیدیں جگانے، کچھ کرنے، کرگزر جانے کے لیے اپنے قاری کوآمادہ کرتی ہے۔ مصنف نے ثابت کیا ہے کہ خاص موضوع، روداد یاسرگزشت نوعیت کی تحریر کوتخلیقی رنگ کس طور دیاجاسکتاہے۔ ڈاکٹر صاحب کی ذات ہمہ پہلو ایک مثال ہے۔ س رس اورفن کاری اپنی جگہ، مصنف کادرونِ خانہ تلاطم، غبار وفشار، اندر کااحساس بھی تولازم ہے، کہتے ہیں زندہ تحریریں تبھی وجودمیں آتی ہیںامجدثاقب کے عزم اوریقین، نیت کی صداقت اورشفافیت کے بغیر ان کی تحریر میں یہ دل گیری ودل پذیری شایدممکن نہ ہوتی۔ ‘‘
شکیل عادل زادہ نے تحریرکی جن خوبیوں کاذکر کیاہے۔ ابتدائی اقتباس ہی ان کی وضاحت کے لیے کافی ہے۔ تحریر کی یہ روانی اوردلچسپی پوری کتاب میں موجود ہے اوران بے مثال اورہمیشہ زندہ رہنے والی شخصیات کے بارے میں جاننے کاموقع فراہم کرتی ہے۔ بہت کم کتابیں اس قدردلچسپ اورقابل مطالعہ ہونے کے ساتھ معلومات سے ایسی بھرپور ہوتی ہیں۔

معروف مزاح نگار، کالم نگار اورشاعرعطاء الحق قاسمی بلاشبہ سچ کہاہے۔ ’’ امجدثاقب کی نثرپڑھتے ہوئے مجھے کئی مقامات پریہ احساس ہواکہ میں کوئی خوبصورت انشائیہ پڑھ رہاہوں۔ سادہ، سلیس، پُرمغر اوردل میں اترجانے والی تحریر!اتنی خوبصورت نثراللہ کی دین ہے اوراللہ کی دین بلاوجہ نہیں ہوتی، اس کے پیچھے لاکھوں غریبوں کی ’سفارش‘ موجودہے۔ ‘‘

’’پیش لفظ‘‘ میں ڈاکٹرامجدثاقب کاکہناہے۔ ’’ قصہ چہاردرویش نامی ایک مشہورکتاب آج سے سات سوبرس قبل لکھی گئی۔ یہ کتاب حضرت امیرخسروؒ نے اپنے مرشد، حضرت نظام الدین اولیاؒ کے لیے تحریر کی تھی۔ حضرت نظام الدین اولیاؒ ایک بار بیمارہوئے توامیر خسروؒ نے ان کا دل بہلانے کوایک قصہ سناناشروع کیا۔ یہ قصہ بڑا دلچسپ تھا۔ اس میں چاردرویش اپنی اپنی زندگی کی کہانی سناتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت نظام الدین اولیاؒ کوچندروز میں شفادی توانھوں نے خوش ہوکردعافرمائی کہ جوکوئی اس قصے کوسنے گاخداکے فضل سے تندرستی پائے گا۔ یہ کہانی’’ قصہ چہاردرویش‘‘ کے نام سے مشہورہوئی۔ امیرخسروؒ کے قصے میں دلچسپ واقعات اور پندونصائح کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔ ہمت، بہادری، جدوجہد، سختیاں، عیاری، مشکلات اوران سے نمٹنے کاعزم وہمت۔ آپ کے ہاتھ میں ’’چارآدمی‘‘ نامی یہ کتاب حضرت امیر خسروؒکے نقوش ہائے قدم کی پیروی ہے۔ یہ تین درویشوں کاقصہ تھاجس میں ان کے کہنے پہ چوتھی کہانی بھی شامل ہوگئی۔ گویاقصہ چہار درویش مکمل ہوا۔ یہ آدمی ان چاردرویشوں سے مختلف ہیں جنھوں نے بہت عرصہ قبل قبرستان میں بیٹھ کربادشاہ آزادبخش کواپنی کہانی سنائی۔ ان کہانیوں میں بھی بہت سے سبق پوشیدہ ہیں۔ دل سے جوبات نکلتی ہے اثررکھتی ہے۔ دعویٰ تونہیں البتہ دعاہے کہ اس کتاب کوپڑھنے والا بھی محروم نہ رہے، کچھ نہ کچھ ضرور پائے۔ دردِدل، سوزوساز اورفکرِفردا، خواب، جستجواورتعبیر۔ ‘‘

ڈاکٹرامجدثاقب کے آئیڈیل بھی ڈاکٹرامجدثاقب جیسے ہیں۔ سرگنگارام، ڈاکٹر رشیدچوہدری اورمعراج خالدجیسے لوگ جوخدمتِ خلق کا استعارہ ہیں۔ خاک نشینی سے اٹھ کرانسانی معراج پرفائز ہونے والے لوگ۔ ڈاکٹرامجدثاقب وہ شخص ہے جس کاخواب اورعمل ایک جیسا ہے۔ اس کے آئیڈیل اور وہ خود ایک دوسرے میں اس طرح گندھے ہوئے ہیں کہ تفریق مشکل ہے۔ ’’چارآدمی‘‘ایسی نہیںکہ اس پرکچھ لکھ کر اس کاحق اداکیاجاسکے۔ یہ کتاب ایسی ہے کہ بندہ اسے پڑھے، اسے جذب کرے اورپھراس میں جذب ہوجائے۔ ایسی کتابیں عام طور پران کے لیے ہوتی ہیں جن کے دل انسانی جذبوں سے معمورہوتے ہیں مگراس کتاب کویہ تخصیص حاصل ہے کہ یہ کٹھوردلوں میں خدمتِ انسانی کی فصل کاشت کرتی ہے اوریہی ڈاکٹرامجدثاقب کا مقصدِ حیات ہے جوانھوں نے حرفوں کی صورت کشیدکیا اوراسے کتاب کی شکل دی۔ آدمی سے انسان بننے کے مراحل چارزندگیوںنے کچھ اس طرح طے کیے کہ آواگون کے فلسفے پریقین آتے آتے رہ گیا۔ بظاہر یہ چارآدمیوں کی سوانح عمری ہے لیکن کتاب کے اختتام سے بہت پہلے شایدقاری اس نتیجے پرپہنچے کہ ہربڑے آدمی کی کہانی دوسرے بڑے آدمی کی داستان میں رچی بسی ہوتی ہے۔ نام، مقام، واقعات اورحالات کوگھڑی کی سوئیوںسے علیحدہ کرکے دیکھیں توگنگارام نے وہی کیا جورشیدچوہدری کے دل میں تھا، معراج خالدکی سوچ اورعمل امجدثاقب کے عمل اورسوچ میں سرِموفرق بظاہرنظرنہیں آتا۔ یوں یہ چارآدمیو ںکی مشترکہ سوانح عمری بن جاتی ہے۔ ان چاروں نے اپنے اردگردپھیلی کسمپرسی سے نبردآزماہونے کی ٹھانی، عملی طور پرانسانوں کے دکھ بانٹنے، دکھوں کے سمندرمیں ڈوبتے لوگوں کوغربت اور پس ماندگی کی دلدل سے نکال کرفرداکی سرسبزپگڈنڈیوں پرروانہ کیااوریوںعمل سے سوچ کی طرف ہونے والی مراجعت کے امین بنے۔ ان چاروں کی عملی طور پرکچھ اس طرح کمالات دکھائے کہ انسانیت کورشک ہو، آسمان، زمین والوں کی قسمت پرمسکرائے کہ جنھوں نے ہزارمشکلات کے باوصف اپنی ہمت نہ ٹوٹنے دی۔ اپنی شانوں پراپنے سررکھ کرخودکودلاسا دیا، اپنے آنسوؤں کواندرکاراستہ دکھایا، لبوں پرمسکراہٹ رکھی اورامیدکی لاٹھیوں سے مشکلات اور مصیبتوں کے ڈھورڈنگرہانکے۔ لفظ کٹھن اپنی وسعت اوراپنے معنی کھودیتاہے توایک امجدثاقب، ایک گنگارام، ایک رشیدچوہدری اورایک معراج خالدجنم لیتاہے۔ چاروں نے بلند بانگ دعوے کیے، غرورسے اجتناب برتا، اپنی ذات بھلاکردوسروں کوسامنے رکھا۔ ان تھک محنت کے بعد تھکاوٹ کوہی تکیہ سمجھا اور دنیاوی آسائشوں سے پرہیزکرتے ہوئے نیکی اورتقویٰ کوشعاربنایا۔ بھلائی کرنا، نیکی پھیلانا، معاف کرنا، آنسوپونچھنا، دردمندی کرنا، انسانیت کی صدق دل سے خدمت کرنااوراپنوں کے بجائے دوسروں کوترجیح دینا، میں کومارکرہم کاوردکرنااوریہ سب کچھ اشتہارنہ بناتے ہوئے کمال وقاراور خاموشی سے کرتے رہنا، اگرآپ کے خیال میں ناممکن ہے توآئیے’’چارآدمی‘‘ آپ کے منتظرہیںجنھوں نے اپنی زندگیاں تیاگ دیں لیکن رہبانیت کی طرف نہیں گئے۔ لوگوں میں رہتے ہوئے عام آدمیوں کی طرح زندگی گزاری اورمحبت اور اخوت کاایک ایسا راستہ ہموارکیاجس کے بارے میں علم ہوناہی اعزازکی بات ہے۔ اس پرچلنااورنہایت ثابت قدمی سے چلتے رہنامعرفت کی باتیں ہیں اور معرفت کی یہ باتیں اپنے عملی پیرہن میں، اس کتاب میں گلابوں کی طرح مہک رہی ہیں جن کی خوشبوکے حصارمیں زمانے مہکتے ہیں۔

جس طرح ڈاکٹرامجدثاقب کی کتاب ’’مولومصلی‘‘ نے ایک سحرمیں مبتلاکردیاتھا، یہ کتاب انسان کی دوہری تحقیرکااستعارہ ہی نہیں، ہماری اجتماعی منافقت کی گواہی بھی ہے۔ اسی طرح ’’چارآدمی‘‘۔ قاری پرجادوکردیتی ہے۔ زبان، بیان، اسلوب اورعمدہ نثرکے شائقین کویہ کتاب ضرور پڑھناچاہیے۔ ان چارعظیم شخصیات کے بارے میں بہت کچھ سناہوگا۔ لیکن ان کی انسانیت اورانسانی خدمت سے معمورزندگی کااحوال ایک نشہ طاری کردیتا ہے۔ مصنف نے اس کے لیے منفرداسلوب اختیارکیاہے۔ ڈاکٹرامجدثاقب نے عالم رویا میں ان تین افرادسے ملاقات کی۔ جس کاذکر’’چارآدمی‘‘ کے آغازمیں ہے۔

ڈاکٹرصاحب نے سوال کیا۔ ’’زندگی کیاہے، کس چیزکوخوشی کہتے ہیں؟۔ سرگنگارام نے جواب دیا۔ ’تم ہمارے بارے میں بہت دیرسے جانناچاہتے تھے۔ چل پتر، آج ہم تینوںتمھیںاپنی اپنی زندگی کی کہانی سناتے ہیں۔ زندگی کیاہے، خوشی کسے کہتے ہیں۔ کامیابی کیسے ملتی ہے۔ ‘‘اس کے بعد’’قصہ چاردرویش‘‘ کے درویشوں کی طرح ڈاکٹرمحمدرشیدچوہدری، ملک معراج خالداور سرگنگارام اپنااپناقصہ ڈاکٹر امجد ثاقب کو سناتے ہیں، اس دوران آپس میں مختلف امور پربات چیت اور وضاحتیں بھی پیش کرتے ہیں۔ آخر میں بادشاہ جہاں بخت کی مانند ڈاکٹرصاحب بھی اپنی کہانی سناتے ہیں۔ ’’قصہ چہاردرویش ‘‘ کی طرح یہ اندازِ بیان ’’چارآدمی‘‘ کی دلچسپی میں کئی گنااضافہ کردیتاہے۔ لیکن مصنف کے لیے اسے تحریرکرنا آسان نہیں۔ انہیں ڈاکٹر رشیدچوہدری، ملک معراج خالد اورسرگنگارام کی زندگی اوران کے تمام معاملات پرکافی تحقیق کرنا پڑی ہوگئی۔ اس کے بغیراتنی دلچسپ اور معلوماتی کتاب لکھناممکن نہیں۔ اس طرح قاری ان عظیم شخصیات کی جدوجہدسے واقف ہوتے ہیں، اورپڑھنے والے کی دلچسپی بھی برقرار رہتی ہے۔ ابتدا’’فاؤنٹین ہاؤس‘‘کے ذکر سے کی گئی ہے۔

’’گنگارام ایک بہت بڑاانجینئرتھا۔ تخلیقی ذہن کاایک نادرروزگارآدمی اورلاہورکے امرامیں سے ایک، معتبر، معززاورمخیر۔ لاہور میں انھوں نے بہت سی عمارتیں بنائیں، ہسپتال، اسکول، مندر، آشرم۔ اسے جدیدلاہور کابانی کہاجاسکتاہے لیکن اس کی بنائی ہوئی یہ عمارت سب سے منفرد ہے۔ بیوہ ہندوعورتوںکے لیے تعمیرکیاگیااب ذہنی مریضوں کے لیے مختص ہے۔ بہت کم لوگوں کوپتہ ہے کہ حسنِ تعمیرکا یہ نمونہ کیسے عمل میں آیا۔ سوسال پہلے تک ہندومعاشرہ کے رسم ورواج بہت عجیب تھے۔ بیوہ عورتیں اپنے خاوند کی موت کے بعدبے آسرا ہوجاتیں۔ زمانہ قدیم میںانھیں اسی چتامیں زندہ پھینک دیاجاتاجہاں خاوند کی لاش جلنے کے لیے رکھی جاتی۔ اسے ’ستی‘ کرناکہاجاتا۔ یہ رسم رفتہ رفتہ ختم ہو گئی لیکن ان عورتوں کی مشکلات ختم نہ ہوئیں۔ خاوندکی موت کے بعدانہیں حقارت سے دیکھاجاتا، دوسری شادی کاتوسوال ہی نہ تھا۔ یہ عورتیں موت کی دعامانگتیں۔ ایک انسان، ایک عورت، یوں تنہااوربے آسراہوجائے کیایہ انسانیت کی توہین نہیں؟ گنگارام دردمند ہی نہیں، صاحبِ عمل بھی تھا۔ اس نے تحقیق کی توپتہ چلاکہ ہندوستان میں ڈیڑھ کروڑ بیوہ عورتیں موجود ہیں۔ ان میں ایک کروڑہندوہیں۔ ایک بڑی تعداد کم عمربچیوںپہ مشتمل ہے۔ اب اس نے سوچناشروع کیاکہ وہ ان کی مدد کیسے کرے۔ پہلاحل بچپن کی شادی کارواج کم کرنااور دوسراحل دوسری شادی کورواج دیناتھا۔ یہ ایک انقلاب کی بنیادتھی۔ لاکھوںعورتوں کی زندگی میں امیدکے دیئے روشن ہورہے تھے۔ لیکن جوں جوں کام بڑھاکچھ مسائل جنم لینے لگے۔ بہت سی بیوائیں ایسی تھیںجن کی شادی کی عمربیت چکی تھی یاان کے لیے شوہرملنامشکل تھا۔ بعض بچوں کی وجہ سے شادی نہ کرناچاہتی تھیں۔ بعض مذہب کی پابندتھیں اس لیے شادی پرآمادہ نہ تھیں۔ گنگارام نے ان مسائل کاحل بھی ڈھونڈلیا اور حکومت کوپیشکش کی کہ وہ ’’ہندوبیوہ گھر‘‘ کے نام سے ادارہ بناناچاہتے ہیں۔ ہندوبیوہ گھرکاافتتاح چھ اپریل دوہزاراکیس کوہوا۔ ‘‘

برصغیرکی تقسیم تک یہ خوبصورت عمارت بیوہ ہنددعورتوں کے لیے مخصوص رہی۔ پاکستان بنا۔ تقسیم کاعمل شروع ہوا۔ ہندوبھارت چلے گئے اور بیوہ عورتیں بھی چلی گئیں۔ انیس سوسترکی دہائی میں لاہورمیں دوشخصیات کابہت چرچاتھا۔ ان دونوں کی زندگی گنگارام سے ملتی جلتی تھی۔ ایک شخص کانام ملک معراج خالد تھا اور دوسرے کارشیدچوہدری۔ ایک اپنی محنت، دیانت اورشرافت کے باعث پنجاب کاوزیراعلیٰ بن گیا۔ دوسرااپنی دیانت اورلیاقت کی بدولت پاکستان کانامی گرامی نفسیاتی معالج اورفاؤنٹین ہاؤس نامی ادارے کابانی۔ رشیدچوہدری نے 1967ء میں ذہنی امراض کے ایک ادارے کی بنیادرکھی، ہندوبیوہ گھرکی تعمیرکے چھیالیس سال بعد۔ رفتہ رفتہ مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ ڈاکٹرصاحب کومستقل ٹھکانے کی فکر ہوئی لیکن انھیں کوئی ایسی جگہ نظرنہ آئی، جہاں بہت سے بے سہارامریضوں کوچھت میسر ہو۔ بالآخر رشیدچوہدری کوہندوبیوہ گھرنامی خالی عمارت کی بھنک پڑی۔ وہ یہاں پہنچے اوردنگ رہ گئے۔ انھیں لگایہ عمارت توان ہی کے لیے تعمیر ہوئی ہے۔ وسیع وعریض کمرے، کشادہ برآمدے، صحن اوربیرونی باغ۔ پتہ چلاکہ یہ عمارت انھیں وزیراعلی کی منظوری سے مل سکتی ہے۔ ان دنوں معراج خالد وزیراعلیٰ تھے۔ ڈاکٹررشیدچوہدری نے ان کے دروازے پردستک دی۔ درویش منش، سادہ اطواراور عوام دوست وزیر اعلیٰ۔ معراج خالد، رشیدچوہدری سے متعارف تھے۔ فیصلہ کرنے میں انھوںنے تاخیرنہ کی۔ اس طرح یہ عمارت ذہنی امراض کے مریضوں کو مل گئی۔ گنگارام کاخواب تھاکہ اس عمارت میں محرومی کی ماری بیوہ عورتیں بسرکریں۔ سوبرس برس بیتنے کوہیں۔ اب بھی ایسے ہی لوگ یہاں جگہ پاتے ہیں، معاشرہ جنہیں قبول نہیں کرتا۔ گنگارام کی عمارت میں اسی خواتین تھیں آج اس عمارت میں پانچ سوافرادرہتے ہیں۔ نیکی ضائع نہیں جاتی، فقط چہرے بدلتی ہے۔

ڈاکٹررشیدچوہدری نے اپنی کہانی کاآغازاپنی ماں سے کیاہے۔ جن سے انہیں بہت پیارتھا۔ میٹرک پاس کیاتوبرادری نے شادی اورپٹواری بنانے پرزوردیا۔ لیکن والدہ آڑے آگئیں کہ میرابچہ مزیدپڑھے گا۔ والدہ مصرنہ ہوتیںتووالدصاحب کافیصلہ نافذ ہوجاتا۔ ان کاتعلق ایک کاشتکارخاندان سے تھا، غریب اورسفیدپوش۔ ان کے پانچ بیٹے اورایک بیٹی تھی۔ والدین کی خواہش تھی کہ سب علم کی زیورسے آراستہ ہوں۔ ڈاکٹررشیدکے چھوٹے بھائی نے امریکاسے پوسٹ گریجوایشن کی، دوسرے بھائیوں نے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ بہن تعلیم مکمل کرکے استادبنیں۔ ان کی شادی ایک معززگھرانے میں ہوئی۔ ان کے دوبچے ہیں۔ ایک کاشماردنیاکے بہترین ماہرینِ نفسیات میں ہوتاہے۔ ۔ وہ رائل کالج آف لندن میں پروفیسربنا۔

ڈاکٹررشیدچوہدری نے اعلیٰ تعلیم کے لیے نفسیات کاشعبہ چنا۔ انہیں ملک سے باہرجاناپڑا۔ لندن میں قیام کے دوران انہوںنے سگمنڈ فرائیڈ، کارل ژنگ اورنفسیات کے بہت سے ممتازماہرین کوپڑھا۔ فرائیڈکے چنداقوال درج کیے۔ ’’جب آپ کومحبت مل جائے توآپ بہا در ہوجاتے ہیں۔ ‘‘، ’’غلطی کے بعدغلطی، یہی توسچ کی تلاش کاراستہ ہے۔ ‘‘، ’’لوگ آزادی نہیں چاہتے کیونکہ مکمل آزادی ذمہ داری کا تقاضہ کرتی ہے اوراکثرلوگ ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے سے کتراتے ہیں۔ ‘‘اور’’کوئی بھی بات کہتاہوں توپتہ چلتاہے کہ کوئی شاعر وہی بات پہلے ہی کہہ چکاہے۔ ‘‘ ژنگ کاکہناتھاکہ زندگی سرف مادہ نہیں، روحانی پہلوؤںکی حامل بھی ہے۔ زندگی اپنے ادراک اورخداکی تلاش کانام ہے۔ لازوال مسرت، روحانی تجربات کے بغیرحاصل نہیں ہوسکتی۔ ژنگ کایہ قول پڑھ کرڈاکٹررشیدچوہدری حیران رہ گئے۔ ’’آپ کاوژن اپنے دل میں جھانکنے سے اورواضح ہوجائے گا۔ ‘‘کیونکہ یہ بات پنجابی صوفی شاعرحضرت سلطان باہونے کئی سوسال پہلے دل میں جھانکنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاتھا۔ ’’دل دریاسمندروں ڈونگے کون دلاں دیاں جانے ہُو۔ ‘‘

ڈاکٹر رشیدچوہدری نے اپنی کہانی میں بتایاکہ کس طرح انہوں نے ذہنی مریضوں کے علاج پرتوجہ مرکوزکی، فاؤنٹین ہاؤس کا قیام کیسے عمل میں آیااوراس کے لیے ہندوبیوہ گھر کی عمارت کیونکر حاصل کی گئی۔ وہ لکھتے ہیں۔ ’’پاکستان میں سائیکاٹری کا ارتقا میرے سامنے ہوا۔ جب ملک بناتویہاں دماغی امراض کے صرف تین مراکزتھے۔ انھیںہسپتال نہیں’پاگل خانہ‘‘ کہاجاتا۔ ملک بھرمیں ان مریضوں کے لیے صرف دو ہزاربسترتھے۔ تقسیم اورآزای کے واقعات نے جن المیوں کوجنم دیا، ان کاتقاضا تھاکہ اس شعبے پرتوجہ دی جاتی مگرایسانہ ہوا۔ غربت، جہا لت، توہم پرستی، بیروزگاری اورسماجی پسماندگی کی بدولت ہزاروں افرادذہنی بیماریوں کاشکارہوتے ہیں مگرکسی کوپرواہی نہیں۔ صحت پرایک فیصدبجٹ خرچ ہوتاہے۔ ذہمی امراض کااس ایک فیصدمیں بھی معمولی حصہ ہے۔ پاکستان سے تعلیم پاکربیرون ملک جانے والے ڈاکٹرز واپس کیوں نہیں آتے۔ یورپ اورامریکاکی آسودہ زندگی ترک کرنا سہل نہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ گلی کوچوں میں دھکے کھاتے ہوئے ’پاگل‘ اورخود سے گزرجانے والے لوگ بابوں، پیروں، فقیروں اور عطائیوں کے ہاتھ چڑھ جاتے ہیں۔ معمولی ذہنی بیماریوں کوشیطانی روحوں، جنوں اور جادوٹونے کانتیجہ کہاجاتاہے۔ مزاراوردرگاہیں ذہنی مریضوں کی علاج گاہ بن گئی ہیں۔

فاؤنٹین ہاؤس کی داستان امریکاکے شہرنیویارک سے شرو ع ہوتی ہے۔ جہاں دنیاکا پہلا فاؤنٹین ہاؤس بنا۔ جب پانچ افرادنے، جوذہنی امراض کاشکارتھے مل کرایک چھوٹامکان کرایہ پرحاصل کیا۔ یہ پانچ افرادخودکو’وانا‘ کہنے لگے۔ جس کامطلب تھا’’وی آرناٹ الون‘‘ یعنی ہم اکیلے نہیں۔ اس گھر میں ایک چھوٹاسافوارہ یعنی فاؤنٹین بھی تھا۔ اسی لیے انہوں نے گھرکانام ’ فاؤنٹین ہاؤس‘ رکھا۔ رفتہ رفتہ یہاں وہ لو گ رہنے لگے جومینٹل ہسپتال سے تونکل جاتے لیکن سماج انہیں قبول نہ کرتایا یہ خودسماج کا حصہ بننے کوتیار نہ ہوتے۔ کچھ عرصے بعداسی نام سے باقاعدہ تنظیم بن گئی۔ چودہ ممالک میں فاؤنٹین ہاؤس کے نام سے ذہنی مریضوں کی بحالی کے ادارے قائم ہوگئے۔ فاؤنٹین ہاؤس لاہو ر بھی انھیں چودہ بڑے اداروں میں سے ایک ہے۔ فاؤنٹین ہاؤس میں خواتین بلاک کاافتتاح انیس سواکیاسی میں ہوا۔ وہ عمارت جوبیوہ خواتین کے لیے تعمیرہوئی وہاں بے سہارا عورتیں آباد ہونے لگیں۔ فاؤنٹین ہاؤس کابنیادی مقصدصحت یابی کی طرف گامزن مریضوںکا رشتہ دوبارہ اپنے ماحول سے استوارکرنا ہے۔ اس کے قیام کاسہرا لاہور مینٹل ہیلتھ ایسوسی ایشن کے سرجاتاہے۔ ڈاکٹررشیدچوہدری نے چند دوستوں کے ساتھ اس کی بنیادرکھی۔ ڈاکٹررشیدچوہدری کی سوانح میں ڈاکٹرامجدثاقب نے کئی ذہنی مریضوں کی عبرتناک کہانیاں بھی سنائی ہیں۔

اس کے بعد ملک معراج خالداپنا قصہ سناتے ہیں۔ وہ چھ ایکڑزمین کے مالک معمولی کسان کے بیٹے تھے۔ وہ عمربھر اس رقبے میں اضافہ نہ کرسکے۔ انہوں نے وکالت کی ڈگری اعلیٰ اعزازکے ساتھ حاصل کی۔ 1946ء میں مقابلے کاامتحان بھی پاس کیا اورایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر بھی منتخب ہوگئے، یہ ملازمت انھیں پسند نہ آئی۔ اس میںانہیں گھٹن اورپابندی کااحساس ہوتا۔ گھرمیں تنگدستی تھی۔ انہوں نے گاؤں سے دودھ لاکرلاہورکی دکانوںمیں فروخت کرنا شروع کردیا۔ 1970ء سے 2006ء تک اعلیٰ ترین سیاسی عہدوں پرفائزرہے۔ اس سے پہلے بطوروکیل ایک اچھامقام حاصل کیالیکن ذاتی زندگی اوررہن سہن میں کوئی تبدیلی نہ لائے۔ وہ کہتے ہیں۔ ’’ میرے نام کے ساتھ ’’ملک‘‘ لکھاجاتاتومجھے اچھانہ لگتا۔ میں صرف معراج خالدکہلاناپسند کرتا۔ ملک، چوہدری، میاں اور خان: ایسے لاحقوں سے مجھے تکبرکی بو آتی۔ میراایک ہی بیٹاہے، زبیرخالد۔ اس نے اپنی محنت سے وکالت کے پیشے میں ترقی کاسفرطے کیا۔ میرے اقتدار اوراختیارکی وجہ سے فائدہ اٹھانے کی اس نے کبھی کوشش نہ کی۔ ‘‘

معراج خالد پہلی بار ایوب خان دورمیں اسمبلی ممبربنے۔ ان کی داستان پاکستانی سیاست کے عروج وزوال کی کہانی ہے۔ اس میں ایوب دور کاذکر بھی ہے۔ مشکل ترین حالات میں اقتدارسنبھالنے کے بعدذوالفقارعلی بھٹوکے برسراقتدارآنے اورپھانسی پرلٹکائے جانے کی عبرت انگیزکہانی بھی۔ ضیاالحق کے دورِ خرابی کی تفصیلات، بے نظیر، نوازشریف اورپرویزمشرف دورکابیان بھی۔ اس دوران معراج خالدپنجاب کے وزیراعلیٰ، مرکزی وزیر، قومی اسمبلی کے اسپیکر، قائم مقام وزیراعظم اورانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ریکٹررہے۔ لیکن اس تمام مدت میں وہ لکشمی مینشن کے اپنے فلیٹ میں رہائش پذیررہے۔ ان کی اہلیہ رکشہ میں سفرکرتیں۔ ان کی گردن میںبھی سریہ نہیں آیا۔ انہوں نے اقتدارسے کبھی فائدہ نہیں اٹھایا۔ بے نظیربھٹونے اپنے پہلے دورِ اقتدارمیں معراج خالد کو بھٹو دور کی طرح اسپیکربنایا۔ لیکن 1993ء میں انہیں پارٹی ٹکٹ بھی نہیں دیا۔ لیکن معراج خالدنے کبھی اپنی وفاداری تبدیل نہیں کی۔ بے نظیربھٹوکی اپنی غلطی کی تلافی انہیں اسلامک یونیورسٹی کاریکٹربناکرکی۔ انہوں نے چھ سا ل تک یونیورسٹی ریکٹرخدمات شاندار انداز سے انجام دیں پھر وزارتِ اعلیٰ کی مانندخودمستعفی ہو گئے۔ یہ ایک سیلف میڈانسان کی سوانح ہے، جو وزیرِ اعظم بھی بنا، لیکن کسی عہدے کوکرپشن اوردولت کمانے کاذریعہ نہیں بنایا۔

’’چارآدمی‘‘ کاتیسراقصہ سرگنگارام کاہے۔ غربت سے پریشان جن کے والددولت رام نے بیوی کے ہمراہ پنجاب سے رنجیت سنگھ کی حکومت ختم ہونے کے بعد بہترمستقبل کی تلاش میں ستلج پار ہجرت کرلی۔ لاہور میں دولت رام کوپولیس میں نوکری مل گئی۔ تربیت کے بعد اس کاتبادلہ مانگٹانوالاہوگیا۔ اب وہ تھانے کابڑاافسرتھا، لیکن رہائش کی سہولت نہیں تھی۔ قریب ہی ایک گردوارہ میں ایک سادھوکابسیراتھا۔ دولت رام کواس سادھومیں کشش محسوس ہوئی۔ وہ تھانے سے فارغ ہوکرروزانہ سادھوکے پاس جانے لگا۔ ایک دن سادھوکے پوچھنے پرکہا۔ ’’میں یہاں آپ کی قربت میں رہناچاہتاہوں‘‘۔ سادھونے کچھ ہچکچاہٹ کے بعد اجازت دیدی۔ گردوارے کی اس چھوٹے سے کمرے میں گنگارام کاجنم ہوا۔ ان کے والدکچھ عرصے بعد پولیس کی نوکری چھوڑکرامرتسرمنتقل ہوگئے، جہاں ان کاپڑاؤ گولڈن ٹیمپل میں تھا۔

گنگارام شروع ہی سے ریاضی میں بہت تیزاوراساتذہ کے پسندیدہ تھے۔ مختلف حویلیاں اور دیگرتعمیرات میں انہیں بے پناہ کشش محسوس ہو تی اور وہ کاغذ پران کے ڈیزائن بناتے رہتے۔ انھوں نے اسی وقت انجینئربننے کافیصلہ کرلیا۔ ایک دن خاندانی بزرگ سے ملنے ایگزیکٹیو انجینئر لاہور کے دفترگئے۔ کسی نے کرسی پربیٹھنے کونہیں کہاکچھ دیربعد وہ ایگزیکٹیوانجیئرکی خالی کرسی پربیٹھ گئے۔ دفترکے ملازمین اوربزرگ کافی خفاہوئے۔ جس پرگنگارام نے کہاآپ سب اتنے پریشان کیوں ہیں؟ایک دن یہ کرسی میں سنبھالوں گا۔ سب لوگ قہقہے لگانے لگے۔ برسوں بعد یہ بات اس طرح سچ ہوئی کہ گنگارام لاہور کے ایگزیکٹیوانجینئربنے اور بارہ سال اس کرسی پربیٹھ کرلاہور کے درودیوارسجاتے رہے۔

گنگارام 1873ء میں انجیئرنگ کی ڈگری حاصل کی اورگورداس پورمیں بطوراسسٹنٹ انجینئر ملازمت کا آغاز کیا۔ چندسال بعدایگزیکٹیو انجینئرکی حیثیت سے لاہورآگئے اوران کادیرینہ خواب پوراہوگیا۔ گورنمنٹ کالج کے ایام میں، قدیم لاہورمیں رہتے ہوئے لاہورکے کوچہ وبازارکووہ جیسا بناناچاہتے تھے اس کا موقع انہیں میسر آگیا۔ اپنی داستان میں گنگارام کے لاہورکی تعمیروترقی کی دلچسپ کہانی بھی سنائی۔ مال روڈکب اورکیسے بنا، شہر کیا تھا اورکیاہوگیا۔ لارنس ہال، ٹولنٹن مارکیٹ، ضلع کچہری، چرچ، گورنمنٹ ہاؤس، سول سیکریٹر یٹ، چیف کور ٹ تعمیرہوئے۔ میواسکول آف آرٹس کی عمارت بھی اسی دورمیں بنی۔ سرخ اینٹوں سے تعمیرٹاؤن ہال کی عظیم عمارت کچھ عرصے بعدمنصہ شہود پرآئی۔ کیتھیڈرل کی بلندعمارت انیس سوسات میں تعمیرہوئی۔ یہ سب اپنی جگہ سر گنگارام نے لاہور کویکسربدل کررکھ دیا۔ لاہورہائی کورٹ، لاہورکیتھیڈل، ایچی سن کالج، لاہور میوزیم، میواسکول آف آرٹس، جنرل پوسٹ آفس، میوہسپتال کاالبرٹ وکٹروارڈ، گورنمنٹ کالج کی سائنس لیبارٹری، اندرون شہرکی توڑپھوڑ، صاف پانی کانظام ان سب سے الگ تھیں۔ جس کے نتیجے میں گنگارام کانام ایک افسانوی کردار کی طرح مشہورہوگیا۔ ان کے ہاتھوں کودستِ ہنرکہاجانے لگا۔ بہت بعدمیں ذاتی حیثیت میں بھی انھوں نے کچھ عمارتیں تعمیرکیں۔ جن میں ہندوبیوہ گھرجس میں اب فاؤنٹین ہاؤس قائم ہے، لیڈی میکلیگن اسکول، ہیلے کالج اورگنگارام ہسپتال شامل ہیں۔ اندورن شہر بھی کئی چھوٹی بڑی عمارتوں پران کانام لکھاگیا۔

لاہورمیں بارہ سالہ سرکاری قیام اورملازمت کے ستائیس برس بعدگنگارام ریٹائرہوئے۔ مہاراجہ پٹیالہ نے اپنی ریاست میں انجینئرنگ کے محکمہ کاسربراہ بننے کی دعوت دی۔ جوانھوں نے قبول کرلی۔ پٹیالہ شہران کی زیرنگرانی بدلنے لگا۔ مشہورزمانہ موتی باغ محل، دربارِخاص، سیکر یٹریٹ کے دفاتر، وکٹوریاگرلزاسکول، سٹی ہائی اسکول، عدالتیں، تھانے اورہسپتال۔ مہاراجہ پٹیالہ کی مدد سے شہرکودلہن کی طرح سجادیاگیا۔ پٹیالہ میں سات سالہ ملازمت کے دوران گنگارام کے بے شمارکام مکمل کیے۔ شہرمیں نکاسی آب کے منصوبے پرانھیں خودبھی فخرتھا۔

’’چارآدمی‘‘ کی آخری کہانی’’اخوت‘‘ اخوت کے بانی ڈاکٹرامجدثاقب کی ہے۔ ’’ میراتعلق فیصل آبادکے قریب واقع ایک گاؤں سے ہے۔ کبھی یہ خوبصورت شہرلائل پور کہلاتاتھا۔ شہرسے اٹھارہ کلومیٹرکے فاصلے پراس گاؤں میں میرے بزرگ ابدی نیندسورہے ہیں۔ پڑدادا، دادا اور والد۔ یہ تینوں بزرگ ہجرت کرکے پاکستان پہنچے۔ تب پڑداداکی عمرپینسٹھ سال، داداکی پینتالیس سال، والدبیس سال کے تھے۔ مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیارپورکے گاؤں، لادیاں کاایک زمیندارگھرانے کا گھربار، کاروبار، زمین، نام سب پیچھے رہ گیا۔ اب ایک نئی زندگی کا آغاز تھا۔ والدنے پہلے پہل کاروبارکیاپھرتمام زندگی ملازمت میں گزاردی۔ خدمت کاجذبہ ان کااثاثہ تھا۔ یہی اثاثہ مجھے اوربڑے بھائی افضل جاویدکوملاجوایک معروف نفسیاتی معالج ہیں۔ میری والدہ کاخاندان بھی ضلع ہشیارپورسے ہجرت کرکے آیاتھا۔ رشیدچوہدری میرے ماموں ہیں۔ والدہ کوبھائی سے بے حدمحبت تھی۔ والدہ کی نصیحت تھی کچھ بنناہے تورشید جیسا بننا ہے۔ ‘‘

ڈاکٹرامجدثاقب کابچپن کمالیہ میں گزرا۔ ابتدائی تعلیم بھی اسی چھوٹے سے قصبے میں حاصل کی۔ ایک دورافتادہ شہرکاپرائمری اسکول۔ جسے چند دردمند افراد نے چندے سے بنایاتھا۔ اسلامیہ پرائمری اسکول نام رکھاگیا۔ کچھ ہی عرصے میںیہ ضلع کابہترین اسکول بن گیا۔ گورنمنٹ کالج، کنگ ایڈورڈمیڈیکل کالج، سول سروسزاکیڈمی اورامریکن یونی ورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ گورنمنٹ کالج لاہورکی پہچان۔ گوتھک طرزتعمیرکی عالی شان عمارت۔ اس کے بارے میں کہتے ہیں۔ ’’طالب علم یہاں سے پڑھ کرنکل جاتے ہیں لیکن یہ ان کے اندر سے نہیں نکلتا۔ اس لیے کہ یہ محض درسگاہ نہیں ایک روایت کانام ہے۔ سول سروسزاکیڈمی سے تربیت مکمل ہونے کے بعدمیری پہلی پوسٹنگ شیخوپورہ، ، پھرشورکوٹ اورچنیوٹ ہوئی۔ چنیوٹ کمالیہ کی طرح قدیم شہرتھا۔ مجھے لگامیں پھرسے اس شہرمیں لوٹ آیاہوں جہاں جنم لیاتھا۔ دریائے چناب کے کنارے آباد چنیوٹ بہت جلدمیری زندگی کاحصہ بن گیا۔ اس شہریادوں پرمبنی کتاب ’’شہرِلب دریا‘‘لکھی۔ یہی ’’ایک یادگارمشاعرہ‘‘ جس کی تفصیل اسی نام کی میری کتاب میں ہے۔ ‘‘

اپنی داستان میں امجدثاقب نے سول سروس سے استعفے، اس کے نتائج اوراخوت کے قیام کی تفصیلات بتائی ہیں۔ اخوت کے آغازمیں قرضو ں کی تقسیم کاکام گروہوں کی صورت میں ہوتا۔ بہت جلدپندرہ گروپ بن گئے اورہرماہ دس، دس ہزارکے تیس قرضے جاری ہونے لگے۔ ان کے لیے پانچ اصول مرتب ہوئے۔ سودسے پرہیز، مسجدمیں کام، رضاکاریت، یہ پیغام کہ آج لینے والوں کوکل دینے والابنناہے اورمذہبی آزادی اوررواداری۔ اورانہی اصولوں پراب تک کاربندہیں۔ اللہ نے اخوت کے علاوہ بھی کئی کام لیے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ بھی نئے زمانے کاخواب ہے۔ ایک پروگرام میک اے ڈریم ہے۔ اس پروگرام کے تحت بلڈکینسر، تھیلے سیمیا، لمفومامیں مبتلابچوں جن کی عمر چند روز ہوتی ہے، ان بچوں کی کوئی ایسی خواہش پوری کی جاتی ہے جس کے بعد ان کی زندگی کے بقیہ دن قدرے طمانیت میں بیت جائیں۔ اخوت نے میاںعامرمحمود اوردنیافاؤنڈیشن کے تعاون سے ضلع قصورکے دس دیہات کوماڈل گاؤں بنایا۔ اخوت یونی ورسٹی کاخواب حقیقت بنانے کاعمل جاری ہے۔ فیصل آبادمیں بائیوٹیکنالوجی کاادارہ، چکوال میں خواتین گرلزکالج اورکراچی کااین جی وی اسکول۔ اخوت کے ان اداروں میں بھی ملک بھرکے بچے اوربچیاں تعلیم پاتے ہیں۔

ڈاکٹرامجدثاقب میں اپنی تحریرکردہ کتب’’شہرِلبِ دریا‘‘، ’’ایک یادگارمشاعرہ‘‘، ’’گوتم کے دیس میں‘‘، ’’ غربت اورمائیکروکریڈٹ‘‘، ’’ اخوت کاسفر‘‘، ’’کامیاب لوگ‘‘، ’’ مولومصلی‘‘اور’’دشتِ ظلمت میںایک اوردیا‘‘ کے بارے میں بتایاکوئی میرے بارے میں جانناچاہے تو ان کتب کی صورت میں سب کچھ روبروہے۔

’’چارآدمی‘‘ پاکستان کے چارزندہ جاویدانسانوں کی داستانِ حیات ہے۔ جودلچسپ، چشم کشااورانسانی عزم وجدوجہدپرمشتمل ہے۔ اس کتاب کوہرصاحب ِدل قاری کوضرور پڑھنا چاہئے۔ ڈاکٹرامجدثاقب کواپنے لازوال سماجی کاموں اورکتابوں کے ذریعے رشیدچوہدری، معراج خالداورسرگنگارام کی مانندحیاتِ جاوداں حاصل کرلی۔ ان کے کام بھی ہمیشہ زندہ رہیں گے اورنام بھی۔ گگن شاہد اورامرشاہدبھی اس شاندارکتاب کی اس بے مثال اشاعت پر مبارک بادپیش ہے۔

Facebook Comments Box
Amjad Saqibچار آدمیڈاکٹر امجد ثاقب
0 comments 0 FacebookTwitterPinterestEmail
دانش ڈیسک

previous post
پاکستان کے قیام کے مقاصد اور ان کا نگہبان کون؟ —- نعمان علی خان
next post
پاکستانی سیاست تشدد کی جانب بڑھ رہی ہے —– عطا محمد تبسم

Related Posts

مابعد مابعد جدیدیت — اسامہ مشتاق خان

04/09/2026

"دادی آج چھٹی پر ہیں”از خالدہ حسین —...

03/09/2026

جوئے خوں: ترجمہ ہما انور —– تبصرہ: تنزیلہ...

13/08/2026

نگارشاتِ سحر: پروفیسر سحر انصاری کے فکری و...

19/07/2026

پروفیسر جان ایسپوزیٹو کی میراث — پروفیسرجنید ایس...

17/07/2026

ڈاکٹر ناصر عباس نیر کی افسانہ نگاری

11/07/2026

Leave a Comment Cancel Reply

Save my name, email, and website in this browser for the next time I comment.

تلاش کریں

Categories

  • English
  • سیاسی
  • اداریہ
  • دیگر
  • مذہبی
  • کالم
  • آرٹ
  • انٹرویوز
  • کھیل
  • علمی
  • سماجی
  • علم و ادب
  • فکشن
  • دیگر
  • تراجم
  • کتابوں پر تبصرے
  • نایاب کتب
  • سفرنامہ
  • اردو بدیس
  • کلچر، آرٹ
  • جمالیات
  • فلم
  • آرٹ
  • فنون
  • مزید
  • تصویر، کارٹون
  • تصوف
  • میڈیا پہ تبصرے
  • اقلیتیں
  • وڈیوز
  • موسیقی
  • کلچر
  • نوجوان
  • صنف/ جینڈر
  • آپ بیتی، خاکہ، تذکرہ
  • بلاگز
  • سائنس
  • معیشت
  • تازہ ترین
  • نئے لکھاری
  • منتخب کالم
  • فلسفہ
  • لسانیات
  • شاعری
  • مزاح
  • تنقید
  • معیشت
  • drafts
  • صحت
  • Editor's Picks

انٹرویوز

  • ڈاکٹر ولیم سی چیٹک سے انٹرویو : کیتھرین شمل — مترجم: ڈاکٹر اعجازالحق اعجاز

  • دینی مدارس: روایت و تجدید —– مولانا زاہدالراشدی سے ڈاکٹر ممتاز احمد کا ایک تاریخی انٹرویو

  • مولانا خان محمد سجادہ نشین خانقاہ سراجیہ کا ایک تاریخی انٹرویو — ڈاکٹر ممتاز احمد

مزاح

  • کیفے عزمی، طنزومزاح کی ایک نئی توانا آواز — نعیم الرحمٰن

  • بیاہ لوجی ۔۔۔ ہوم ٹیوشن اسٹوڈنٹ ٹیچر کی سنتا ہی نہیں ۔ اظہر عزمی

  •  آتے ہیں "عیب” سے یہ مضامیں خیال میں — اظہر عزمی

موسیقی

  • شکیلہ بانو بھوپالی: قوالی کی روایت میں نسائی اظہار — اقدس ہاشمی

  • موسیقی کی ترویج و اشاعت میں خانقاہوں کا کردار — اقدس ہاشمی

  • برصغیر کے چشتی صوفیاء اور موسیقی — اقدس ہاشمی

  • Facebook
  • Youtube

@2022 - All Right Reserved.

Daanish.pk دانش
  • آغاز
  • کالم
    • سماجی
    • دیگر
    • سائنس
    • سیاسی
    • علمی
    • کھیل
    • مذہبی
    • آرٹ
    • معیشت
  • بلاگز
  • علم و ادب
    • آپ بیتی، خاکہ، تذکرہ
    • تراجم
    • تنقید
    • دیگر
    • سفرنامہ
    • شاعری
    • فکشن
    • فلسفہ
    • کتابوں پر تبصرے
    • لسانیات
    • مزاح
    • نایاب کتب
  • کلچر، آرٹ
    • آرٹ
    • جمالیات
    • فلم
    • فنون
    • کلچر
    • موسیقی
  • صنف/ جینڈر
  • مزید
  • نئے لکھاری
  • وڈیوز
  • فکشن
  • English
Daanish.pk دانش
  • آغاز
  • کالم
    • سماجی
    • دیگر
    • سائنس
    • سیاسی
    • علمی
    • کھیل
    • مذہبی
    • آرٹ
    • معیشت
  • بلاگز
  • علم و ادب
    • آپ بیتی، خاکہ، تذکرہ
    • تراجم
    • تنقید
    • دیگر
    • سفرنامہ
    • شاعری
    • فکشن
    • فلسفہ
    • کتابوں پر تبصرے
    • لسانیات
    • مزاح
    • نایاب کتب
  • کلچر، آرٹ
    • آرٹ
    • جمالیات
    • فلم
    • فنون
    • کلچر
    • موسیقی
  • صنف/ جینڈر
  • مزید
  • نئے لکھاری
  • وڈیوز
  • فکشن
  • English
@2022 - All Right Reserved.