قدیم ہندو ازم میں موسیقی اور رقص کا اہم مقام ہے اور یہ مذہبی، ثقافتی اور روحانی زندگی کا ایک لازمی حصہ سمجھے جاتے تھے۔ قدیم ہندوستانی روایات میں موسیقی اور رقص کو صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ دیوی دیوتاؤں کی پرستش، مذہبی رسومات اور روحانی ترقی کا اہم وسیلہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ فنون، ویدوں اور دیگر مذہبی متون میں مذکور ہیں، جہاں انہیں مذہبی عبادات اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
قدیم ہندوستانی مذہب کی جڑیں ویدوں میں ملتی ہیں، جو دنیا کے سب سے پرانے مذہبی متون میں شمار ہوتے ہیں۔ رگ وید، سام وید اور یاجر وید میں موسیقی اور رقص کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کیا گیا ہے۔ سام وید کو خاص طور پر موسیقی سے وابستہ سمجھا جاتا ہے، جس میں مناجات اور گیتوں کے ذریعے دیوتاؤں کی پرستش کی جاتی تھی۔ سام وید میں دیوی دیوتاؤں کے گیتوں کو گانے کے لیے مخصوص راگ اور تال استعمال کیے جاتے تھے جو عبادات کا لازمی حصہ تھے۔ ویدک رسومات میں "سرو” اور "اپسراؤں” کا ذکر بھی ملتا ہے، جو دیوی دیوتاؤں کی خوشنودی کے لیے رقص کرتی تھیں۔ اپسرائیں، جنہیں آسمانی رقصائیں سمجھا جاتا تھا، مختلف مواقع پر دیوتاؤں کی خوشی کے لیے رقص پیش کرتی تھیں۔ یہ رقص اور موسیقی دیوتاؤں کے اعزاز میں منعقد کی جاتی تھیں اور اسے ایک مقدس عمل سمجھا جاتا تھا۔
نٹیہ شاستر ہندوستان کے قدیم ادب میں ایک اہم مقام رکھتی ہے جو فنون لطیفہ، خصوصاً رقص، موسیقی، اور تھیٹر کے اصول و ضوابط پر مبنی ہے۔ بھارت منی نے تقریباً دوسری صدی قبل مسیح میں اس تصنیف کو ترتیب دیا، جسے "پانچواں وید” کہا جاتا ہے۔ یہ کتاب سنسکرت زبان میں لکھی گئی اور تقریباً چھ ہزار اشعار پر مشتمل ہے۔ اسے چھتیس ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ہر باب ایک خاص فن پر روشنی ڈالتا ہے۔ یہ کتاب بھارتی کلاسیکی فنون کا بنیادی متن سمجھی جاتی ہے اور آج بھی فنون لطیفہ کے ماہرین کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے۔یہ ہندو دھرم کے مذہبی، فلسفیانہ، اور سماجی زندگی سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ نٹیہ شاستر نہ صرف ایک فنکارانہ رہنما ہے بلکہ اس میں دیوی دیوتاؤں کی پرستش، مذہبی رسومات، اور دیو و دیوداسیوں کی زندگی کے پہلوؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
قدیم ہندو ازم میں موسیقی کو ایک مقدس اور طاقتور وسیلہ سمجھا جاتا تھا، جس کے ذریعے کائناتی توانائیوں کو قابو کیا جا سکتا تھا۔ ویدک متون میں ذکر ملتا ہے کہ خاص راگ اور تال کے ذریعے دیوی دیوتاؤں کو خوش کیا جا سکتا ہے اور ان سے برکت حاصل کی جا سکتی ہے۔ سام وید میں، گانوں اور سازوں کو مخصوص ترتیب میں بجانے کا مقصد دیوتاؤں کی رضا اور روحانی تجربات کا حصول تھا۔ اس میں مخصوص راگ اور سازوں کو جادوئی اثرات کا حامل سمجھا جاتا تھا، جو نہ صرف روحانی بیداری بلکہ عملی مقاصد جیسے بارش لانے، فصلوں کی بڑھوتری، اور بیماریوں سے شفا دینے میں مددگار ثابت ہوتے تھے۔دنیا کی مختلف ثقافتوں میں بھی موسیقی کو جادوئی اثرات کا حامل سمجھا گیا ہے۔ قدیم یونانی فلسفیوں جیسے پائتھاگورس کا نظریہ تھا کہ موسیقی کائنات کے عددی اصولوں کو ظاہر کرتی ہے، اور اسے مافوق الفطرت طاقتوں کے ساتھ تعلق جوڑنے کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔ یونانی دیومالا میں اورفیس، ایک مشہور موسیقار، اپنی موسیقی کے ذریعے نہ صرف انسانوں بلکہ قدرتی عناصر، جانوروں اور یہاں تک کہ زیرِ زمین دنیا کے دیوتاؤں کو بھی متاثر کرنے کی طاقت رکھتا تھا۔
مختلف روایات میں موسیقی کا استعمال جادوئی علاج کے طور پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔ قدیم ہندوستان میں، مخصوص منتر اور راگ بیماریوں کے علاج اور منفی اثرات کو دور کرنے کے لیے گائے جاتے تھے۔ یہ مانا جاتا تھا کہ خاص سروں اور تال کے ذریعے انسانی جسم اور ذہن پر مثبت اثرات مرتب کیے جا سکتے ہیں، جو روحانی اور جسمانی شفا کا باعث بنتے ہیں۔ اسی طرح، افریقی اور امریکی قبائلی ثقافتوں میں بھی ڈھول اور دیگر سازوں کا استعمال جادوئی رسومات میں کیا جاتا تھا تاکہ برے اثرات کو دور کیا جا سکے یا قدرتی قوتوں کو قابو میں کیا جا سکے۔موسیقی کو جادوئی اثرات کے حامل روحانی تجربات کا وسیلہ بھی سمجھا جاتا ہے۔ صوفی ازم میں بھی قوالی اور ذکر کے ذریعے موسیقی کو روحانی جادو کا ایک ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جس کے ذریعے سالک اپنی ذات سے بالاتر ہو کر خدا سے قربت حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ موسیقی کے ذریعے ایک روحانی حالت میں داخل ہونا اور مراقبے یا وجد کی کیفیت میں پہنچنا جادوئی تجربات کے مشابہ ہوتا ہے۔قوالی کو محض ایک موسیقی صنف نہیں سمجھا جاتا، بلکہ یہ ایک روحانی عمل ہے جس کے ذریعے سننے والے اور گانے والے دونوں وجدانی کیفیت کا تجربہ کرتے ہیں۔ صوفی قوالیوں میں، موسیقی اور کلام کا ملاپ سامعین کو ایک ایسی روحانی دنیا میں لے جاتا ہے جہاں وہ اپنی ذات سے بالاتر ہو کر خدا کی محبت اور حق کی تلاش میں مشغول ہو جاتے ہیں۔
ہندو مذہب میں فنون لطیفہ کا تعلق براہ راست مذہبی رسومات اور عبادات سے ہے۔ نٹیہ شاستر میں درج رقص، ڈرامہ، اور موسیقی کو محض تفریحی سرگرمیاں نہیں بلکہ دیوی دیوتاؤں کی خوشنودی اور ان کی عظمت کا اظہار سمجھا جاتا تھا۔ قدیم ہندوستانی منادر میں دیوداسیوں کا رقص اور موسیقی کے ذریعے دیوتاؤں کی خدمت ایک معمول تھا۔ یہ منادر نہ صرف عبادت کے مقامات تھے بلکہ ثقافتی اور فنکارانہ سرگرمیوں کے مراکز بھی تھے جہاں مذہبی رسومات کے دوران رقص و موسیقی کی محفلیں سجتی تھیں۔
نٹیہ شاستر کے مطابق، دیوی دیوتاؤں کی پرستش میں رقص اور موسیقی کا خاص مقام ہے۔ خاص طور پر شنکر بھگوان، جنہیں رقص کا دیوتا مانا جاتا ہے، ان کا تانڈو رقص تخلیق اور تباہی کا توازن برقرار رکھنے کی علامت ہے۔ شنکر کا یہ رقص دنیا کی تخلیق، حفاظت، اور تباہی کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسی طرح دیوی پاروتی کا لاستیا رقص نرمی، محبت، اور خوبصورتی کی علامت سمجھا جاتا ہے، اور ان دونوں رقصوں کا مقصد دیوتاؤں کی خوشنودی اور روحانی ترقی تھا۔
قدیم ہندوستانی معاشرے میں دیوداسیوں کا کردار نہایت اہم تھا۔ دیوداسی وہ خواتین تھیں جو اپنی زندگی دیوی دیوتاؤں کی خدمت کے لیے وقف کر دیتی تھیں۔ ان کا کام مندروں میں رقص اور موسیقی کے ذریعے مذہبی رسومات ادا کرنا اور عقیدت مندوں کو دیوتاؤں کی عظمت کا احساس دلانا تھا۔ دیوداسیوں کو مقدس مانا جاتا تھا اور ان کا رقص محض ایک فنکارانہ عمل نہیں تھا بلکہ مذہبی عبادت کا حصہ تھا۔ وہ رقص اور موسیقی کی ماہر ہوتیں اور نٹیہ شاستر کے اصولوں کے مطابق ان کی تربیت ہوتی تھی۔دیوداسیوں کے علاوہ مرد رقصا بھی مندروں میں اپنی خدمات پیش کرتے تھے۔ انہیں "نرتک” یا "نٹ” کہا جاتا تھا، اور ان کا کام بھی دیوی دیوتاؤں کے اعزاز میں رقص کرنا تھا۔ یہ رقص اور موسیقی مندروں کی روحانی فضا کو برقرار رکھنے اور دیوتاؤں کی خوشنودی کے لیے ادا کیے جاتے تھے۔ مندروں میں ہونے والے یہ فنون لطیفہ نہ صرف مذہبی رسومات کا حصہ تھے بلکہ عوام کو مذہبی تعلیمات سے روشناس کرانے کا ذریعہ بھی تھے۔
نٹیہ شاستر میں مذہبی رسومات میں فنون لطیفہ کی اہمیت کو نہایت تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ مندروں میں ادا کیے جانے والے رقص، ڈرامے، اور موسیقی کے ذریعے دیوی دیوتاؤں کی کہانیاں اور اساطیری واقعات کو پیش کیا جاتا تھا۔ ان رسومات کا مقصد نہ صرف عوام کو مذہبی تعلیمات سے آگاہ کرنا تھا بلکہ ان کی روحانی تربیت بھی تھی۔ رقص، ڈرامہ، اور موسیقی کے ذریعے مذہبی عقائد کو عوام تک پہنچانے کا یہ طریقہ قدیم ہندوستانی معاشرت کا اہم حصہ تھا۔
نٹیہ شاستر کا ایک اہم نظریہ "رس” ہے، جس کا مقصد ناظرین کے دل و دماغ میں مختلف جذبات اور احساسات کو ابھارنا ہے۔ "رس” کا مطلب ہے ذائقہ یا جذباتی تجربہ، اور بھارت منی نے اسے نو اقسام میں تقسیم کیا ہے، جن میں
شرنگار رس (محبت)
ویرا رس (بہادری)
ہاسیا رس (مزاح)
کرنیا رس (ہمدردی)
روڈر رس (غصہ)
بھایانک رس (خوف)
بھیبھتس رس (نفرت)
ادبھت رس (حیرت)
اور شانت رس (سکون)
شامل ہیں۔ ان رسوں کے ذریعے فنکار اپنے فن کی مدد سے ناظرین کو جذباتی اور روحانی تجربات فراہم کرتے ہیں۔
دیوی سرسوتی، جو علم اور فنون کی دیوی سمجھی جاتی ہیں، بھی نٹیہ شاستر میں اہم کردار رکھتی ہیں۔ سرسوتی کی پرستش کے دوران رقص اور موسیقی کی رسومات ادا کی جاتی تھیں، تاکہ دیوی کی خوشنودی حاصل کی جا سکے۔ فنون لطیفہ کے یہ مقدس مواقع منادر میں باقاعدگی سے منعقد ہوتے تھے اور دیوداسیوں اور دیوؤں کی خدمات کا اہم حصہ تھے۔ سرسوتی کو علم، موسیقی، اور رقص کی دیوی مانا جاتا ہے، اور ان کے عقیدت مند انہیں اپنی فنی تخلیقات کے ذریعے خوش کرتے تھے۔دیوی سرسوتی کا وینا (ایک قدیم ساز) موسیقی کی علامت سمجھا جاتا ہے اور وہ فنون لطیفہ کی سرپرست سمجھی جاتی ہیں۔ ان کی پرستش میں موسیقی کا ایک لازمی حصہ ہوتا تھا، اور انہیں گانے بجانے اور رقص کی دیوی مانا جاتا تھا۔وینا کو قدیم ہندوستانی موسیقی میں اہم مقام حاصل ہے اور دیوی سرسوتی کے ساتھ جڑی ہے، جو علم اور موسیقی کی دیوی سمجھی جاتی ہیں۔ بانسری کا ذکر کرشن کے ساتھ ملتا ہے، جن کی موسیقی روحانی تجربے کا ذریعہ مانی جاتی ہے۔ ڈھولک یا مرڈنگم تال ساز تھا، جو مذہبی تقریبات میں استعمال ہوتا تھا، جبکہ شنکھ ایک مقدس ساز ہے جس کی آواز دیوتاؤں کو مدعو کرنے اور منفی توانائیوں کو دور کرنے کے لیے بجائی جاتی تھی۔
نٹیہ شاستر کی اہمیت صرف ہندوستانی فنون لطیفہ تک محدود نہیں رہی بلکہ دنیا بھر میں اسے ایک عظیم تصنیف کے طور پر مانا جاتا ہے۔ آج بھی بھارت کے کلاسیکی فنون، بالی وڈ، اور مختلف تھیٹر کی روایات میں نٹیہ شاستر کے اصولوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ نٹیہ شاستر کا فلسفہ، جس میں فنون لطیفہ کو مذہبی، روحانی، اور جمالیاتی تجربات کے ذریعے انسانی زندگی کا حصہ بنایا گیا ہے، آج بھی ثقافتی اور فنکارانہ دنیا میں مستند حوالہ ہے۔
نٹیہ شاستر نہ صرف فنون لطیفہ کے اصول و ضوابط کی جامع تصنیف ہے بلکہ یہ دیوی دیوتاؤں کی پرستش اور مذہبی رسومات کے ساتھ فنون لطیفہ کے گہرے تعلق کو بھی واضح کرتی ہے۔ بھارت منی نے اس تصنیف میں نہایت تفصیل سے فنون لطیفہ کو مذہبی اور روحانی زندگی کا حصہ بنایا ہے۔ دیو اور دیوداسیوں کی خدمات، رقص، موسیقی، اور ڈرامے کے ذریعے نہ صرف دیوی دیوتاؤں کی خوشنودی حاصل کی جاتی تھی بلکہ عوام کو مذہبی تعلیمات سے بھی روشناس کرایا جاتا تھا۔ اس طرح نٹیہ شاستر ہندوستانی ثقافت اور مذہب کی گہری تفہیم پیش کرتی ہے اور فنون لطیفہ کی روحانی اور مذہبی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
ویدک دور سے لے کر نٹیہ شاستر اور رزمیہ داستانوں تک، موسیقی اور رقص دیوی دیوتاؤں کی پرستش اور عبادات کا لازمی جزو تھے۔ ہندو ازم کی قدیم روایات میں یہ فنون آج بھی زندہ ہیں اور ان کا اثر جدید ہندوستانی ثقافت اور فنون لطیفہ پر نمایاں ہے۔
حوالہ جات:
1. Bharat Muni, Natya Shastra, Translated by Manomohan Ghosh, Calcutta: The Royal Asiatic Society of Bengal, 1950.
2. Vatsyayan, Kapila, Classical Indian Dance in Literature and the Arts, Sangeet Natak Akademi, 1977.
3. Coomaraswamy, Ananda K., The Dance of Shiva, New Delhi: Munshiram Manoharlal Publishers, 1999.
4. Marglin, Frederique Apffel, Wives of the God-King: The Rituals of the Devadasis of Puri, Oxford University Press, 1985.
5. Kersenboom, Saskia, Nityasumangali: Devadasi Tradition in South India, Motilal Banarsidass, 1987.
6. Raghavan, V., The Natya Shastra, New Delhi: Sahitya Akademi, 1966.
7. Schechner, Richard, Performative Circumstances from the Avant Garde to Ramlila, Calcutta: Seagull Books, 1983.
8. Massey, Reginald, India’s Dances: Their History, Technique, and Repertoire, Abhinav Publications, 2004.
9. Apte, Vaman Shivram, The Practical Sanskrit-English Dictionary, Motilal Banarsidass Publishers, 1998.
