کئیر کیگارڈ اور نٹشے
فلسفہ وجودیت سب سے جُدا ہے، یہ آدمی کی ’محدودیت‘ کا فلسفہ ہے۔ یہ اس دنیا میں آدمی کواُس کی ٹھوس حالت میں بیان کرتا ہے۔ یوں، کہ جب رومانوی موضوعیت اس کی میراث بھی ہے، یہ آدمی کی تخلیقی صلاحیتوں کی وجودی بندشیں ظاہر کر دیتا ہے۔ مثال کے طورپر فلسفہ وجودیت رومانوی مثالیت پسندی کی ’امید‘ پر ضرب لگاتا ہے۔ یہ ’ماورائی تصور‘ کے پر باندھ دیتا ہے اوراُس کی راہ میں شب وروز کی مشکلات حائل کردیتا ہے، تاکہ وہ اڑان نہ بھرسکے۔ رومانیت پسندوں کے دعوے کے برخلاف، کہ ’تصور‘ ماوراالطبیعات اور آفاقی ہے، وجودیت اس بارے میں بڑی تلخ ہے، بلکہ شدید مایوس ہے۔ یہ ’تصور‘ کوماورا سے زمین پر واپس کھینچ لائی ہے۔ فلسفہ وجودیت کی اصطلاحیں خود بولتی ہیں: صدمہ، خوف، بدنصیبی، حماقت، فنا، عدم، کراہت، گھن، متلی وغیرہ۔
مختصرا، فلسفہ وجودیت ’تخلیقی تصور‘ کے بارے میں زیادہ تر المناک اصطلاحوں سے کام لیتا ہے۔
مثبت تنقید کا کلچر
رومانوی مثالیت پسندی کے لیے عمومی طورپریہ کہا جاتا ہے کہ اٹھارہویں صدی کے اواخر سے انیس ویں صدی کے اوائل تک مغربی ’’تصور‘‘ کے نظریات پراثر انداز رہی یعنی کانٹ کی تنقید عقل محض کی پہلی اشاعت سے شیلے کی Defence of Poetry تک جو 1821 میں شائع ہوئی، اسی طرح یہ کہا جاسکتا ہے کہ انیس ویں صدی کے وسط سے بیس ویں صدی کے وسط تک وجودیت کا فلسفہ مغربی فکر پہ چھایا رہا یعنی کیئر کیگارڈ سے نٹشے اور پھرسارترتک۔ یہ سلسلہ فلسفہ کا ’اثبات‘ سے ’انکار‘ تک کا سفر تھا۔ ’’فکر‘‘ کی تاریخ میں دیگرفلسفوں کی مانند یہ بھی مقفل ذہن کے خالی پن میں ظاہر نہیں ہوا تھا بلکہ سماجی اور تاریخی حالات وحوادث میں ہی اس کی جڑیں تھیں۔
Herbert Marcuse ہربرٹ مارکوز اور دیگر مفکرین نے رومانوی مثالیت پسندی کے عہد اور مغربی متوسط طبقہ کی اٹھان میں گہرا تعلق شناخت کیا ہے۔ یہاں یہ دلیل دی جاتی ہے کہ ایک سماجی گروہ ہے جو تصور کی روحانی دنیا میں سرگرم رہا اور مادی دنیا کے خلاف مزاحمت کرتا رہا، اس نے مثبت تنقید کے کلچرکوپروان چڑھایا تاکہ افادیت پرستی اور صنعتی شور شرابے کی مخالفت کا سامنا کرسکے۔ مارکوز اس کی وضاحت یوں کرتا ہے:
’’ایک ایسی ثقافت جس کی سرزمین ’آرٹ‘ ہے، یہ پورے سماجی نظام سے محاذ آرا ہے۔ اس مثبت ثقافت کی اقدار اورمثالیے سماجی حقیقت سے بلند ہونا چاہتے ہیں۔ یہ کلچرخود کو سماجی نظم سے الگ کر دیتا ہے۔ اس ثقافت کی خصوصیات عالمانہ تعلیم وتحقیق، فکری سرگرمیاں، اور آزادی سے رہنا ہے؛ آزادی سوچنے کی اور اس فکر کے پھیلاؤ کی۔ ایک ایسی فکر جو سماجی نظم کو للکار رہی تھی۔ یہ ’آرٹ‘کی نجات دہندہ کارگزاری تھی۔ یہ سیاست میں ڈھل کر انقلاب برپا کردینا چاہتی تھی۔‘‘
جب کہ رومانوی کلچرجب جمالیات کی ’موجودگی‘ کا اثبات کر رہا تھا، وہ سماجی ’موجودگی‘ کی حالت سے نظریں چرا رہا تھا۔ اس نے جمالیات کی داخلی دنیا بسا رکھی تھی۔ حقیقی دنیا سے یہ مخاصمانہ تعلقات تصوراتی اقلیم کے اندر حالت ’سکون‘ میں تھے۔ تاہم مثبت کلچر ایسا نہ تھا۔ یہ اپنے افکار حقیقت کی دنیا میں پھیلانا چاہتا تھا، فرد کی خوشی کا مطالبہ کر رہا تھا۔ جب کہ جاگیر دارنہ قدیم معاشروں میں ایسے مطالبہ کا سوچنا بھی محال تھا کہ جہاں آدمی نظام کی چکی میں پس رہا تھا، اور سوال اٹھانے کی کسی میں جرات نہ ہوتی تھی۔ اگر رومانوی مثالیت پسندی آدمی کی آزادی کو خود ساختہ دنیا میں مقید کررہی تھی تواس کی ایک اہم وجہ کمزور سیاسی نظام بھی تھا۔ مگر جوں ہی متوسط معاشرہ بطور اسٹیٹس کو مستحکم ہوا، اس کی ثقافت کا اثباتی کردارکمزور پڑتا چلا گیا۔ جب آزادی، خوشی، اور جمالیات جدید متوسط طبقہ کے تثلیثی ہدف کے طور پر باقی رہ گئے، تو اصل ہدف کا احساس زیاں بھی سماج سے رخصت ہوا۔ یہ ایک افسانہ بن کر رہ گیا۔ یہ اب زیادہ سے زیادہ گریز کی طرف مائل ہوگیا۔ آرٹ کی خالص انسان پرستی بس حقیقت سے اخذ شدہ تصویر کی جوابی تصویر بن کررہ گئی۔ بورژوا طبقہ ترقی پر یقین رکھتا تھا، ایک بہتر مستقبل کےلیے وہ پرانی پابندیوں اور جامد نظام سے حالت بغاوت میں تھا، اس لیے دھیرے دھیرے ’نجات‘ کے عقائد سے پھرگیا۔ آزادی نے بھی بورژوا طبقہ کومفادات سے آگے نہ جانے دیا، یوں یہ طبقہ معاشرہ کے بڑے حصہ سے بتدریج الجھ گیا۔ اس کا ’مثالیت پسند‘ وصف اب زیادہ تر ’خام خیال تلافی‘ کی کارگزاری بن کر رہ گیا۔ ایک الگ تھلگ محروم فرد کی ضرورت کا جواب عمومی انسانیت سے دیا جانے لگا۔ اذیت زدہ جسم کو روح کے نغموں سے بہلایا جانے لگا اور اندرکی آزادی سے باہرکی جکڑبندی کا مداوا کیا جانے لگا۔
مثبت کلچر کی فلسفیانہ علامات کانٹ اور جرمن مثالیت پسندوں کے ماورائی عقائد میں نمایاں تھیں۔ یہاں انسانیت کی بطور ایک باطنی حالت تعریف پیش کی گئی، تاریخ کو فرد کا باطنی معاملہ کہا گیا، اور ’فنا‘ کو آدمی کے باطنی قانون کا فیصلہ سمجھا گیا۔ کانٹ نے ہمیں ’ماورائی فلسفہ‘ کا مفصل خاکہ فراہم کر دیا ہے کہ جب وہ لکھتا ہے کہ آدمی ’کی مسرت اور مکمل ہونے کا احساس دراصل باطنی ہے‘۔ ’ماورائی تصور‘ سے آشنائی آدمی کو تمام دنیاوی اور آسمانی واسطوں سے ماورا و بے نیاز کر دیتی ہے، اور وہ خود ’قدر‘ کا براہ راست ذریعہ بن جاتا ہے۔ مگر اسی طرز پر، آدمی ایک خیالی حالت میں ڈھل جاتا ہے:
’’اس کی روحانی باطنیت اور آزادی آدمیوں کی ٹھوس موجودگی کو وجود میں لانے کے بجائے خود ایک ’آدمی‘ بن جاتی ہیں۔ تاہم ’ماورائی ذات‘ کی اس رفعت کے باوجود ہر فرد تاریخی طور پر اپنے روزمرہ وجود سے بندھا ہوا ہے۔ آدمی صرف اُسی صورت خود کو خود کفایت بناکر پیش کرسکتا ہے کہ جب وہ زندہ انسانوں سے قطع تعلق کرلے۔ اگر وہ آدمی کے خیالی وجود کی تلاش میں رہے گا تو حقیقت پسندی کی مخالفت کرے گا۔ اس فلسفیانہ جمود اور آفاقیت میں اس حقیقت کو چھپانے کی خواہش اُسے حالیہ امور زندگی سے بے دخل کردے گی۔ ادراک کے ہر عمل میں فرد کو لازماََ پھر سے دنیاوی تجربہ کی منظم درجہ بندی کرنی ہوگی۔ کیونکہ ماورائیت کے دائرے میں سوچنے کا تخلیقی عمل نئی دنیا کی تشکیل ممکن نہیں رہنے دیتا۔ ’’
اگرچہ وجودیت انسان کی تخلیقی قوت کا اظہار کرتی رہی مگر اس نے خود کو ماورائی مثالیت پسندی کے خیالی اثبات سے دور رکھا۔ وجودیت نے ازسر نو انسانی مسائل کو متعارف کرایا کہ جنہیں مثالیت پسندی نے نظرانداز کر دیا تھا۔ اور اس طرح کرنے میں وجودیت نے ماورائیت کی تنہائی کو نمایاں کیا۔ فرد کو واپس گھسیٹ کر وجود کی مشکلات کے موسموں میں لاکھڑا کیا۔ اس طرح ہم دیکھتے ہیں کیئر کیگارڈ نے مثالیت پسندی کی خوش فہمی کی مذمت کی اور اس بات کا اعلان کیا کہ انسانی زندگی کسمپرسی اور موت تک سفر کے سوا کچھ نہیں ہے۔ نٹشے نے اعلان کیا کہ سچ سب دھوکا ہے اور کسی فرد کا سب سے زیادہ جرات مندانہ عمل زندگی کی من مانی گردش قبول کرلینا ہے۔ آگے چل کر سارتر اور دیگر بیس ویں صدی کے وجودیوں نے تصور کے اثباتی رجحان کو الٹ کے رکھ دیا۔
سارتر جب رومانوی انسان پرستی کے قضیہ کا جائزہ لیتا ہے، اسے اس کے ’بے تکے پن‘ کی انتہا پرلے جاتا ہے۔ آدمی وہی کچھ ہے جو وہ خود کو بناتا ہے، سارتر کہتا ہے کہ انسان کی خلاقیت کا عمل بغیر کسی بنیاد اور مقصد کے جاری ہے۔ سارتر انسان کی مہربان فطرت کا انکار کرتا ہے کہ جس کی تشہیر کانٹ اور جرمن مثالیت پسند کرتے رہے تھے۔ اس کا اصرار ہے کہ ہم ہماری پیدائش بے معنی ہے اور ہمارا وجود بلا جواز ہے۔ وہ جو مسلسل یہ کہتے ہیں کہ وجود ’ناگزیر‘ ہے دھوکے میں ہیں۔ درحقیقت زمین پر انسانی نسل کا ظہور محض ایک حادثہ ہے۔
تاہم رومانوی مثالیت پسندی اور وجودیت کے درمیان اس اختلاف کے باوجود کئی مماثلتیں بھی نظرآتی ہیں۔ دونوں فلسفے اس بات پرمتفق ہیں کہ تصور ایک تخلیقی قوت ہےجو حس اور ادراک سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ دونوں جدید تناظر میں انسان کی موضوعیت کی بالادستی کو اولین قرار دیتے ہیں۔ مگر کیئر کیگارڈ سے نٹشے تک اور 19ویں صدی کے سارتر اور کامیو تک بیسویں صدی تک وجودیت کے فلسفہ تصور کی جو راہ ہے، ہمیں اس پر چلنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ کہاں کہاں راہیں جُدا ہوتی ہیں۔
کیئر کیگارڈ
ڈینش مفکر سورن کیئرکیگارڈ وجودیت کے بانیوں میں سے ہے۔ کیئرکیگارڈ کہتا ہے کہ جمالیاتی رویہ وجود کے پہلے مرحلے کی تشکیل کرتا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں انسان اپنی قوت تصور کو ایک ناختم ہونے والی خواہش کے طور پر دریافت کرتا ہے۔ اس تصور کا ابتدائی اظہار بقول کیئر کیگارڈ نوجوانی کا وہ جوش ہے جو ممکنات کی تلاش میں رہتا ہے۔ یہ اس بات کا بھرپور احساس ہے کہ کہیں کوئی پابندی نہیں اور وجود کی ساری صفات نہ تھکا دینے والے جوش ولولے سے بھری ہیں۔ وہ اس بات کو قبول کرتا ہے کے سچ کی تلاش کے لیے ہماری ناختم ہونے والی آرزو موضوعی ہے۔ کیئرکیگارڈ مؤثر انداز میں جمالیاتی رویے کو رومانیت پسند مثالیت پسندی کے مماثل قراردیتا ہے۔ اور یہ برابری اس حقیقت کے تابع ہے کہ فرد کے منتخب اظہارات اس مرحلے پر رومانوی دور کے حنوط شدہ ہیروز ہیں، جیسے ڈان جون، فاسٹس، اور پرومیتھئیس وغیرہ۔
مگر کیئرکیگارڈ رومانوی اسلوب تحقیق میں ایک واضح نقص دیکھتا ہے۔ وہ اصرار کرتا ہے کہ جمالیات زندگی کے تین مراحل میں سے صرف ایک مرحلہ ہے۔ دیگر دو مراحل اخلاقی اور مذہبی ہیں کہ جنہیں جمالیات کے تحت نہیں لایا جاسکتا جیسا کہ رومانیت پسند مثالیت پسندی نے فرض کرلیا تھا۔ یہ تینوں مرحلے آدمی کو مجبورکرتے ہیں کہ وہ وجود کی سند حاصل کرنے کا اہل ہوسکے۔ بقول کئیر کیگارڈ ہمیشہ جمالیاتی مرحلے میں رہنا تخلیقی تصور کو وجود کی سند سے محروم کردیتا ہے: زندگی کے دیگر دو مراحل ’انکار‘ اور ’اختیار‘ مسلسل روز مرہ کے تجربہ میں ہمارا سامنا کرتے ہیں۔ اخلاقی اور مذہبی مراحل ہمارے تخلیقی تصور کے لیے حدیں مقرر کرتے ہیں۔ اخلاقی مرحلہ ہمیں فوری ذمہ داریوں سے آگاہ کرتا ہے: فرد کی سطح پرذمہ داری اور سماجی ذمہ داری۔
بہترین آدمی
Training in Christianity کے مصنف نے ہمیں تصور کی جو کہانی سنائی ہے الجھی ہوئی ہے۔ سب سے پہلے ہمیں یہ بتایا جاتا ہے کہ ’’تصور‘‘ نوجوان شاعروں اور عاشقوں کا ہتھیار ہے کہ جس سے وہ وجود کی رکاوٹیں سر کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ارادے اور آرزو کا باطنی چہرہ ہے کہ جس کی نگاہوں کے آگے حقیقت کے تضادات اور مشکلات غائب ہوتی محسوس ہوتی ہیں۔ بالکل ایک بے صبرے بچے کی طرح جو ایک چمکتی ہوئی چیز کی طرف لپکتا ہے اور آس پاس کی دیگر چیزوں کو نظر انداز کر دیتا ہے۔ بالکل اسی طرح تصور دیوانگی کی حالت میں اپنے ہدف کی طرف بڑھتا ہے۔
اس طرح جمالیاتی حس کا من مانا مزاج مذہبی رجحان سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ’تصور‘ عیسائیت کا ادب بالائے طاق رکھنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا۔ کیئر کیگارڈ مذہبی آدمی کے لیے عقیدہ ’تجسیم مسیح‘ کو ناقابل بیان معمہ قرار دیتا ہے، اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ وہ خود کو ربانی روح سے نسبت دینے کے عوض ’آدمی کے مصائب‘ پس پشت ڈال دیتا ہے۔ وہ خبردار کرتا ہے کہ ’تصور‘ عیسائیت کی جبریت نظرانداز کردیتا ہے۔ اور ’جبریت‘ کے بغیر خالص عیسائی عقیدہ کا کوئی مطلب نہیں۔
جب سے تصور نے عیسائیت میں انسانیت کے پہلو کو نظرانداز کیا تو اس کے لیے یہ زیادہ آسان ہوگیا کہ اپنے وجود میں بھی انسانیت کی گنجائش باقی نہ رہنے دے، اور خود خدا بن کر بیٹھ جائے۔
کیئرکیگارڈ آگے چل کروضاحت کرتا ہے کہ ایک جمالیات پسند خدا کا کوئی واضح تصور نہیں رکھتا۔ Training in Christianity میں کیئرکیگارڈ تصور اور مذہبی آدمی کے درمیان تعلق کا حوالہ دے کریہ نتیجہ نکالتا ہے کہ دونوں ایک جیسے خواص سے متصف ہیں۔ یہاں پر مصنف تسلیم کرتا ہے کہ تصور کرنا ایسی قوت کے اظہار کی ابتدا ہے جو عقیدے کے معاملہ میں منطقی بحث کی جانب بڑھتی ہے۔ کیونکہ آدمی خدا کے نائب جیسا نہیں بلکہ کمزور مخلوق ہے۔۔۔ اس لیے وہ کبھی کبھی یہ ضروری سمجھتا ہے کہ اپنی مذہبی ذمہ داری بلواسطہ ذرایع سے پوری کرے۔
کیئرکیگارڈ سمجھتا ہے کہ ہر انسان کسی نہ کسی درجے میں سوچے سمجھے تصور کی قوت رکھتا ہے، اسے وہ آدمی کا پہلی بار میں کچھ بن جانے کا ارادہ کہتا ہے۔ یہ آدمی کا اپنے امکان کے لیے پرجوش ہونا ہے۔ اس نقطے کی وضاحت کے لیے وہ ہمارے سامنے ایک نوجوان پیش کرتا ہے جو ایک آئیڈیل پکچر آف پرفیکشن یعنی ’آدمی کا بہترین نمونہ‘ ہوتا ہے۔ یہ نوجوان آرزو کرتا ہے اور اس میں ڈھل جانا چاہتا ہے۔ یہ آرزو ہر وقت اس کے ساتھ رہتی ہے سوتے جاگتے بس وہ اُسے ہی تصور کرتا ہے۔ اور کبھی کبھی یہ آرزو اُسے پوری طاقت سے اُس انتہا پر لے جاتی ہے اور نیند تک اُڑجاتی ہے۔ یہاں تک کہ یہ آسیب بن کر سوار ہو جاتی ہے اور آدمی اس سے جان نہیں چھڑا پاتا۔ یہ نوجوان ایک ایسے تصور کے عشق میں مبتلا ہو جاتا ہے جو تصورایک امکان سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتا۔
یہ تصور آدمی کو وجود کی کھال سے باہر اچھال دیتا ہے اور وہ کہانی کے انجام کی طرف چھلانگیں مارنے لگتا ہے۔ جبکہ کہانی ابھی شروع ہی ہوئی ہوتی ہے۔
نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ یہ جمالیات پسند نوجوان ایک ناگزیر المیہ سے دوچار ہو جاتا ہے، وہ اپنے محدود اور تکلیف دہ وجود کی حقیقت سے اندھا ہو جاتا ہے اس دنیا کی حقیقت بھول جاتا ہے کہ جس میں اُسے بہرصورت زندہ رہنا ہے۔ وہ مایوسی کے ساتھ اپنے وجود کی تلخیوں سے لڑتا ہے۔ نوجوانی کی خام خیالیاں دنیا کی حقیقت محسوس کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتیں کیونکہ وہ اُسے اس مرحلہ پر زیادہ تنگ نہیں کرتیں اور اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ اسے دنیا کا ابھی کوئی تجربہ نہیں ہوا ہوتا۔ یہ نوجوان تنہا اپنی خواہش کو اپنے تصور کی تصویر سے مشابہ دیکھنے کی کوشش کرتا ہے اس کا ایسا کرنا توانائی سے بھرپور ہوتا ہے۔ مگر نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اس نوجوان کی شخصیت داخلی طور پر دھیرے دھیرے ازسرنو تشکیل پاتی ہے۔ یہ پیدائش نو عیب سے پاک نہیں ہوتا۔ یہ ایک کمزور اور ناقص وجود ہوتا ہے۔ اور یہ تصویر جو اس نے اپنے تصور میں بنا رکھی ہوتی ہے چکنا چور ہو جاتی ہے۔
یہ جمالیات پسند فرد جو پرفیکشن کی تلاش میں ہوتا ہے ناکامی سے دو چار ہو جاتا ہے۔ یہ ایسا لگتا ہے کہ آدمی تخیل کی پروازمیں ہے۔ یہ اپنی ذات کی پروجیکشن سے زیادہ کچھ نہ تھا۔ ایک افسانہ جو مثالیت پسند کا اپنا تخلیقی تصور تھا۔ اب حقیقت پھر توجہ کا مرکز بن چکی تھی۔ تصور پاش پاش ہوچکا تھا۔ چیزیں اور حالات اب کچھ اور ہوچکے تھے۔ مثالیت پسند تصویر صرف یہ بتاتی ہے کہ کہانی ادھوری ہے۔
اس تصور کا اظہار جو پرفیکشن چاہتا تھا حقیقت کی تلخیوں کے ساتھ نباہ نہ کرسکا اس طرح نوجوانی کا یہ مثالی تخیل دھندلا جاتا ہے اور اس کی جگہ ہمارا ٹھوس وجود لے لیتا ہے جو حقیقت کے مصائب سے بھرا ہے۔ یہ عتاب ہے حقیقت کا اور حقیقت ہے مصائب کی۔ ییٹس تصور کے بارے میں کہتا ہے کہ ’سچ میں مرجھاجاتا ہے‘۔
کیئر کے گارڈ اپنی کتاب Anti-Climacus میں اور Sickness unto death میں یہ المیہ کہانی سمیٹتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ زندگی کی سنجیدگی اس ارادے میں ہے کہ کیا ہوا جائے اور اپنی پرفیکشن کا اظہار روز مرہ کی تلخ حقیقتوں کا سامنا کرکے کیا جائے۔ یہ لازمی طور پر ایسی حقیقت کا سامنا ہے کہ جس کی اس نوجوان نے ’توقع‘ نہیں کی ہوتی۔
پرومیتیئھن پروجیکٹ
اس گمراہ کن ’توقع‘ کے راستے کیرکیگارڈ ہمیں تصور کے دوسرے اہم محرک کی طرف لے جاتا ہے۔ جسے ہم پرومیتھئین پروجیکٹ کہتے ہیں۔ ایک جگہ کیئرکیگارڈ لکھتا ہے کہ یہ توقع پرومیھتئین خواہش سے تعلق میں ہے، یہ خواہش کہتی ہے کہ ساری دنیا کو بزور طاقت بدل دیا جائے۔ اب ہم کیئر کیگارڈ کی Either/Or اور Sickness unto death سے چند متون منتخب کریں گے۔ جن میں پرومیتھئین ’توقعات‘ اور تخیلاتی آرزو اور مایوسی کو متوازی حالتوں میں بیان کریں گے کہ یہ یکساں ہیں۔ ہم یہاں دوبارہ مشاہدہ کرتے ہیں کہ کیئرکیگارڈ جمالیاتی اور مذہبی رویوں کے درمیان تعلق کی پیچیدگی کس طرح محقق کرتا ہے۔
ہمارا پہلا متن Either/Or سے ہے۔ یہ خبردار کرتا ہے کہ تمام وہ رومانیت پسند جو پرومیتھئین آرزوکا شکار ہوگئے ہیں۔ جن کی توقعات کی کوئی حدنہیں۔ یہ دیکھنا بہت خوش گوار تجربہ ہوتا ہے کہ ایک آدمی کھلی فضا میں خام خیالیوں کے سمندر میں غوطے مارتا ہے، مگر کوئی بھی اپنی توقعات کو اپنی ہی کشتی پرسوار کر کے سمندر پار کرنے کی جرات نہیں کرتا۔ خواہ اُسے کشتی کا کپتان ہی کیوں نہ بنادیا جائے، کیونکہ توقع ایک کپتان ہے۔ یہ توقع پرومیتھئیس کا ایک مشکوک تحفہ ہے۔ بجائے اس کے کہ یہ آدمیوں کو محدودیت اور فنا کی تعلیم دے یہ انہیں توقعات میں لگائے رکھتا ہے۔ جو کوئی بھی اپنے تجربے میں لمبی لمبی توقعات لے کر چھلانگ لگاتا ہے اُسے یاد رکھنا چاہیے کہ مایوسی بالآخر ناقابل برداشت ہوجاتی ہے۔
لہذا اصل فلسفہ یہ ہے کہ کوئی بھی بات تمہارے لیے باعث حیرت نہ ہو، صدمہ نہ بنے، یا اسے یوں کہہ لیں کہ کوئی بھی صورت حال تمہارے لیے نئی یا اجنبی نہ ہو۔ کیئرکیگارڈ کی وجودی تلخی یہاں بالکل واضح ہے وہ مثبت کلچرکو زمیں دوزکرنے پر تلا دکھائی دیتا ہے۔ اور کئیرکیگارڈ کے ہاں یقینا پرومیتھیس کا انتخاب، جو رومانوی تصور کا بھولا بھٹکا ہیرو تھا، ہرگز اتفاقی حادثہ نہ تھا۔
ہمارا دوسرا متن اس کے بعد کے کاموں سے ہے۔ Sickness unto death میں مصنف رومانوی مثالیت پسندی کی اُن کوششوں کو مستردکرتا ہے جو آدمی کے باطنی اور خارجی تضاد میں مصالحت چاہتی ہوں۔ کئیرکیگارڈ خبردار کرتا ہے کہ پرومیتھئین توقعات میں پڑکرصرف مایوسی ملتی ہے۔ جب ذات کا کہ جواپنے آپ میں بٹی ہوئی ہے ’وجودی حقیقت‘ سے واسطہ پڑتا ہے تو ’ہولناک‘ تجربہ سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ مگریہ ہولناکی خود اپنے اندربڑی مبہم ہے۔ یہ بہ یک وقت امید بھی ہے اور مایوسی بھی۔ یہ نکتہ نظراس اعتبار سے بہت اہم ہے کہ ہمارا تصور نہ صرف پرومیتھئین اسلوب میں توقع اور مایوسی دونوں ہی معلوم ہوتا ہے، بلکہ آدم کے قصہ میں بھی ’بہکائے جانے اور زمین پر اتارے جانے‘ جیسا ہے۔ کیئرکیگارڈ ان دونوں بنیادی قصوں کو مثال بنا کرکہتا ہے کہ آدمی کبھی بھی اپنے وجود کی حدود کوپارنہیں کرسکتا اور اپنے وجود کا گڑھا پاٹنا اُس کے بس سے باہر ہے اور نہ ہی وہ اس تقسیم کو قوت تصور سے متحد کرسکتا ہے۔ کوئی بھی آدمی جب یہ تسلیم کرلیتا ہے کہ اُس کا اس دوہرے پن پر کوئی بس نہیں چلتا، وہ مایوسی میں پناہ لے لیتا ہے۔ یہ بے ریاست بادشاہ بن جاتا ہے۔
اس طرح پرومیتھئین نے جوخداؤں کی مقدس آگ چرائی تویہ بالکل ایسا تھا کہ جیسے ’خدائی تدبر‘ پر نقب لگانے کی کوشش کی گئی۔ ایک ایسی سنجیدہ حقیقت جس کی خدا کے ہاں بڑی قدر ہے۔ یہ کہ آدمی اپنی محدودیت اور وجودیت پر قانع ہوجائے۔ انسانی مفادات اور اہمیت پر گزارا کرے۔ آدمی اپنے وجود کی حدوں میں رہے یہی عقل مندی ہے۔ اس طرح یہ ذات اس قدر مایوس ہوجائے کہ خود کو وہ نہ سمجھے کہ جو وہ ہے نہیں۔ یہ سرا سر ذات تک محدود رہے۔ یہاں تک کہ اس کوشش میں ذات کی بھی نفی کردے۔ اس ساری بحث میں ذات ایک ایسا بادشاہ ہے جس کی کہیں کوئی بادشاہت قائم نہیں۔
اس متن میں دو باتیں سمجھ آتی ہیں جواپنی فطرت میں جدید ہیں۔ پہلی بات یہ مشاہدہ کہ پرومیتھئین پروجیکٹ ایک افسانہ تھا کہ آدمی خدا کی جگہ لے لے۔ یہ محض ذات کی دوہری نقل تھی۔ اپنے ہی موضوعی تصورسے خدا خلق کرنے کی کوشش تھی، درحقیقت آدمی اپنے ہی عکس کی مذمت کر رہا تھا۔ کئیرکیگارڈ کے لیے یہ جرمن مثالیت پسندوں اور ہیگل سے سیکھا جانے والا آخری سبق تھا۔ دوسری بات نسبتا زیادہ جدید ہے جواس متن میں ملتی ہے۔ وہ یہ ہے کہ آدمی کی خود شناسی کی کوئی حقیقت نہیں۔ رومانوی مثالیت پسندی کی پرومیتھئین ’توقع‘ کی قسمت میں ناکامی لکھی ہے۔ وجودیت نے’توقع‘ کا یہ شکار گھات لگا کے کیا ہے۔ یہ خوفناک دریافت کہ آدمی کے تصور کی گہرائی محض خالی پن ہے۔ کیئر کیگارڈ نے ماورائیت پسند مثالیت پسندوں کی امید پرستی کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ آدمی کی موضوعیت کا باطنی جوہر کھوکھلے پن میں ہے۔ ایسا وجودی ہیولا جو فضا میں تحلیل ہوجائے، اس کی کسی کاوش کی کوئی وقعت نہیں۔ اس کا اپنے حادثاتی وجود سے فرار ممکن نہیں، اُسے اسی بے معنویت میں گزربسرکرنی ہے۔ یہاں کئیرکیگارڈ پیش بینی کرتا ہے کہ وجودی فلسفہ عدمیت بیسویں صدی کے مفکرین البرٹ کامیو اور سارتر کی مرکزی تھیم بننے جارہا ہے۔
اسی متن میں آگے چل کرکیئر کیگارڈ تسلیم کرتا ہے کہ مسیحیت سے بڑھ کر کسی عقیدے نے خدا اور آدم کو باہم اتنا قریب نہیں کیا۔ صرف خدا خالق حقیقی ہے اور ہر انسانی ایجاد اور جدت بالآخر ایک دھندلا تصور، خواب بن کررہ جائے گی۔ آج تک کسی عقیدے میں اتنی شدت سے کسی توہین مذہب کا دفاع نہیں کیا گیا کہ جتنا عیسائیت نے ’’آدمی میں خدا کے حلول‘‘ کا کیا ہے۔ دونوں کو ایک کردیا گیا اور ایسا جبروتشدد کی مدد سے کیا گیا۔
یہ گناہ کو بھلانے کی کوشش کرنا ہے۔ اور اس کی جڑ آدم کے اس قیاس میں ہے کہ آدمی خدائی کے ساتھ وحدت میں آسکتا ہے۔ مگر ان تصوراتی خام خیالیوں نے آدمی کے وجود کی حقیقت اور محدودیت کا کچھ نہیں بگاڑا، ہمارا گناہ گار ہونا اور فانی ہونا جوں کا توں قائم رہا۔
آدمی کے عارضی وجود سے غافل ہونا رومانیت پسندوں کی کوششوں میں نمایاں تھا۔ اور یہ مثالیت پسندی صرف جمالیاتی رویہ تک محدود نہ تھی، یہ مذہبی رجحان میں بھی دیکھی جاسکتی ہے۔ مگر کیر کیگارڈ کہتا ہے کہ جیسے جیسے ’خدا کے سلطنت‘ کی اصطلاح دنیا کے لیے استعمال ہوتی گئی عیسائیت منسوخ ہوتی چلی گئی۔
کیئرکیگارڈ کو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جدیدیت کی روح کی سب سے بڑی غلطی آدمی کے تصور کو خدائی سے گڈمڈ کرنا ہے۔ یہ بہ یک وقت آدمی کے وجود کی محدودیت اورخدا کی لا محدودیت میں الجھا دیتا ہے۔ کیئر کیگارڈ نوجوان مثالیت پسند کی کہانی کی جانب لوٹتا ہے اور پرومیتھئین کی تصوراتی گمراہیوں اور عیسائیت کی نظریاتی دست درازیوں میں ربط تلاش کرتا ہے، اسے مستحکم کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ یہ سامنے کا مشاہدہ ہے کہ بچے اور نوجوان زندگی کے بارے میں جوشیلی خواہشات رکھتے ہیں اورٹھوس تجربے کے لیے کوئی خانہ خالی نہیں چھوڑتے۔ لہذا مثبت کلچر جمالیاتی اور مذہبی دونوں زاویوں سے مسترد کردیا جاتا ہے۔ یوں وجودی اپنے تمام دکھوں، تنہائیوں، اکیلے پن اور خام خیالیوں کے ساتھ نمایاں ہو کر سامنے آجاتا ہے۔ وجودی آدمی کے لیے نہ دنیا میں کوئی راہ نجات ہے اور نہ اپنی ذات میں ہی کوئی معنی موجود ہیں۔ کیئر کیگارڈ کے لیے صرف خدا پر ایمان بچتا ہے مگر وہ بھی خوف پر مبنی ہے جس سے آدمی کا معروضی یقین شک شبے کی نذر ہو جاتا ہے۔
نٹشے
یہ 19ویں صدی کی وجودیت کا ایک اور بہت بااثر نام ہے۔ نٹشے کا نکتہ نظریہ تھا کہ آدمی کے ’’تصور‘‘ کا اُس کے وجود کی ’’بے معنویت‘‘ سے جب سامنا ہوتا ہے تو وہ ڈھے جاتاہے۔ وہ اس بے معنویت کی شرح میں کئیر کیگارڈ سے مختلف ہے۔ نٹشے تسلیم کرتا ہے کہ جدید آدمی کی روح زخمی ہے، اور ایمان کی ساری حالتیں زوال پذیر ہیں۔ تخلیقی تصور درحقیقت بے بنیاد ہے، عدمیت میں ٹھیرتا خیال محض ایک لاحاصل خواہش اور ارادہ ہے۔ مگر اس حالت میں بھی ایک خفی خوبی پائی جاتی ہے، جدید آدمی کے لیے جینے کا ایسا امکان جو ماورا اقدار سے بے نیاز بے۔ نٹشے کی نظرمیں’’تصور‘‘ زندگی کے لیے ’آ بیل مجھے مار‘ ہے۔
دوستووسکی لکھتا ہے کہ اگر خدا حالت مرگ میں ہےتو پھرآدمی کو ہرچیزکی کھلی چھوٹ ہے اور نٹشے نے اس ’’اگر‘‘ کو مٹادیا اور اس کے نتائج کو گلے لگالیا۔ نٹشے نے جب اپنی کتاب The Gay science میں، جو اٹھارہ سو بیاسی میں شایع ہوئی، ’خدا کی موت‘ کا اعلان کیا، تواسے آدمی کی کامل آزادی کا اعلان باور کیا گیا، اور ہاتھوں ہاتھ یہ خیال عام ہوگیا۔
اس کے بعد آدمی فوق بشر کے پروجیکٹ کے لیے آزاد ہوگیا: ایک ایسا عظیم فرد، جو اپنے من مانے وجود کوآرٹ میں ڈھالنے کی جرات کرسکے۔ اس طرح ’تخلیقی تصور‘ کی بے معنی دنیا میں یہ اپنے ارادے کی قوت کا اظہار کرسکتا ہے۔ یہ فوق بشرسچ اور اخلاق کے روایتی نظریات کومتوازی اقدارسے ڈھا دینا چاہتا ہے۔
نٹشے کا نظام اقدار اس کی کتاب Genealogy of morals میں سامنے آتا ہے۔ وہ اعلان کرتا ہے کہ خیر و شر کے سارے روایتی نظریات آدمی کی ثقافتی ایجادات کے سوا کچھ نہیں۔ اب روایت کی ماورائی اقدار بے نقاب ہوتی ہیں کہ جنہوں نے ارادے کی قوت کا لبادہ اوڑھ رکھا تھا۔ یہ روایتی اقدار تاریخی ادوار کی پیداوار تھیں۔ عیسائیت اور افلاطونیت دونوں میں مغربی آدمی نے ماورائے حس عالم کو بالادستی دے کے وجود کی نفی کی تھی۔ ’کامل قدر‘ کا نظریہ ایک سوچے سمجھے افسانے سے زیادہ کچھ نہ تھا۔ یہ ایسے لوگوں کی ایجاد تھی جن کی ذہنیت ریوڑ جیسی تھی کہ جو تخلیقی ذہنوں کی عظمت سے حسد کرتے تھے۔ کامل قدرزندگی کی ’حقیقت‘ سے گریز کا فقط ایک بہانہ تھا۔
ہائیڈگر نے نٹشے کو آخری ماہر مابعدالطبیعات لکھا ہے: ایک ایسا فلسفی جس نے وجودیاتی الہیات کے خاتمے کا اعلان کیا۔ نٹشے دلیل دیتا ہے کہ خدا کے بارے میں روایتی تصورات جیسے علت اولی، قادر مطلق، اورخیر دراصل انسانی ارادے کی پروجیکشن تھی۔ روایتی ما بعدالطبیعات نے آدمی سے یہ بات پوشیدہ رکھی کہ ’قدروں‘ کا اصل خالق وہ خود ہے۔ نٹشے نے مغربی تہذیب کے قلب میں موجود بے معنویت اورعدمیت کو نمایاں کر دیا تھا۔ اس نے مغرب کو للکارا تھا کہ وہ اب عدم سے نئی دنیا تخلیق کرے۔
نٹشے کی ’نئی قدروں‘ کا پروجیکٹ نہ صرف ’خیر‘ کے اخلاقی سوال پراثر انداز ہوا بلکہ ’سچ‘ کے نظریہ علم پربھی سوالیہ نشان لگ گیا۔ کامل سچ کی زمانوں سے تلاش اب طاقت کے خفی ارادے میں نمایاں ہوگئی۔ نٹشے نے دعوٰی کیا کہ علم کی نام نہاد جستجو کے پیچھے جیت کی ہوس چھپی مل سکتی ہے۔ سچ کی ما بعدالطبیعاتی تلاش کا حتمی محرک ’وجود‘ پر اقتدار اورقبضہ کی خواہش تھی۔ یہ حقیقت آدمی نے خود اپنے آپ سے چھپائی، یہاں تک کہ وجودیت کا دور جدید آگیا کہ جب ہرچیز پرسوال اٹھا دیے گئے۔ کچھ بھی اندھا دھند قبول کرنے سے انکار کردیا گیا۔ نٹشے نے وضاحت کی کہ اب تک سچ کو مسئلہ بننے کی اجازت نہیں دی گئی تھی کیونکہ اب تک یہ ’راہبانہ اصول پرستی‘ فلسفہ پر حاوی تھی، وجود کا سچ طے شدہ تھا۔ یقینا کانٹ اس اعتراف کے قریب پہنچ چکا تھا کہ مابعدالطبیعاتی سچ کے مخمصہ کی فطرت بہت پیچیدہ ہے۔ مگر جیسا کہ ہائیڈگر نے نوٹ کیا، کانٹ ’اتھاہ گہرائی دیکھ کر پیچھے ہٹ گیا تھا‘۔ اور بعد کی جرمن مثالیت پسند اور رومانیت پسند تحریک نے بھی اس ’وجودی‘ پاتال سے خود کو دور ہی رکھا۔ انہوں نے آدمی کے ’’تصور‘‘ کوایک نئی ’آفاقی‘ ماورائیت پر پہنچا دیا تھا اور آدمی کے ’وجود‘ سے آنکھیں پھیرلی تھیں۔
کئیرکیگارڈ نے اپنی حد تک آدمی کے ’وجود‘ کے اس خالی پن کو نمایاں کیا۔ مگر’عقیدہ‘ کی جانب لپکنے کی گنجائش باقی رہنے دی۔ نٹشے نے یہ گنجائش بھی ختم کردی۔ وہ غیبی خدا کی جانب لپکنے کے بجائے پاتال میں جاگرا۔ وجود کی بے معنویت بالآخر اپنی تمام ہولناکی اورشان کے ساتھ اپنی برہنگیت کے سامنے جاکھڑی ہوئی۔ مستند ذات نے اتھاہ اندھیروں میں آنکھیں گاڑ دیں۔
نٹشے کے مطابق ’سچ کا ارادہ‘ پہلے سے ہی انحطاط کی علامت ہے، اور وہ جوسچ بولتا ہے بالاخراس حقیقت کو جان لیتا ہے کہ ہمیشہ جھوٹ بولتا رہا تھا۔ اس طرح نٹشے کئیرکیگارڈ کے تین مراحل کا نمونہ الٹادیتا ہے۔ اس کے ہاں جمالیات کا مرحلہ ’وجود‘ کے اعلٰی اظہارکے طورپرسامنے آتا ہے، اخلاقیات اور مذہب دونوں سے ماورا۔ یہ طرز فکرنٹشے کے فلسفہ تصور کا اختصاص ہے۔جب تک خیال کی قوت سچ کو خواب وخیال کی نذر کرتی ہے، تخلیقی تصورکی کارگزاری ناقابل بھروسہ رہتی ہے۔ اورجہاں تک یہ اپنی خیالی دنیا کوخیالی دنیا کے طورپرہی قبول کرتی ہے اوراس کی تخلیقی صلاحیت کا آزادانہ استعمال کرتی ہے، یہ قابل اعتباررہتی ہے۔ نٹشے کہتا ہے کہ ’سچ کادعوٰی‘ غلطی سے زیادہ مہلک ہے کہ من مانا تصوراسے ’حقیقت‘ قرار دے کربرباد کردیتا ہے، اس سے تو بہت بہتر ہے کہ آدمی مایوسی سے ہی سہی اندھیروں میں سچ کی تلاش کرے۔ وہ کہتا ہے کہ ہمیں اس اندھیرے کو اپنی اٹل تقدیر سمجھ کر سینے سے لگا لینا چاہیے تاکہ کسی سند کے ساتھ زندہ رہ سکیں۔ نٹشے کا مؤقف تھا کہ تصور کے تخلیقی سچ تغیر پذیر ہیں، جتنے سچ اتنی تشریحات۔ اس طرح خدا کی ذات میں محدود لامحدودیت کی جگہ آدمی کی لامحدود تشریحات لے لیتی ہیں۔ اس سیاق میں ہم نٹشے کی یہ الجھی ہوئی تشکیل کہ ’سچ عورت بن جاتا ہے‘ پرایک نظرڈال سکتے ہیں۔ وہ مثال دیتا ہے کہ خود ساختہ مابعدالطبیعاتی ’سچ‘ ایک پدری سلسلہ ہے جسے وجودیت نے ایک ’دھوکے‘ کے طورپر منکشف کردیا ہے، اور اب یہ پردوں کے پیچھے جاری ایک ایسا رقص بن چکا ہے کہ جس میں ایک عورت خود کو صاف چھپاتی بھی نہیں اور سامنے آتی بھی نہیں۔ یہاں دریدا کی ’سچ کا انہدام‘ کی ترکیب برمحل ہوگی۔ WILL TO POWER کی پندرہویں کتاب میں نٹشے روایتی اور درحقیقت ماورائی مثالیت پسندی کے اس مؤقف کے نتائج کا تنقیدی جائزہ لیتا ہے۔ وہ دلیل دیتا ہے کہ مطلق اورمربوط سچ کی جستجو کہ جس میں افلاطونی تسویہ کی علامت Sun Father Good اب بھی محفوظ ہے مگربدلی ہوئی صورت میں، کہ جسے کانٹ فشٹے اورشیلنگ نے مرتب کیا تھا۔ جنہوں نے ’سچ‘ ترک نہیں کیا تھا بلکہ اسے ’انتہائی پراسرار‘ بنا دیا تھا۔ نٹشے کا مشاہدہ ہے کہ ’یہ بنیادی طورپرپرانا سورج ہی تھا مگرشک کی نظر سے دیکھا جارہا تھا، خیال کو ارفع بنایا جارہا تھا۔ جہاں جہاں مثالیت پسندوں نے سچ اور آرٹ یا دلیل اور تصورکی وحدت کی بات کی ہے، نٹشے نے اسے ’غضبناک بے آہنگی‘ قراردیا ہے۔ نٹشے مابعدالطبیعات کے تابوت پر آخری کیلیں ٹھونکتا ہے اور دعوٰی کرتا ہے کہ نہ کم نہ زیادہ ’سچ‘ سوائے ’استعارات کی فوج‘ کچھ نہیں، چرمی کاغذ کے افسانوں کے سوا کچھ نہیں کہ جوانسانی تصور ایجاد کرتا ہے تاکہ ناختم ہونے والے انواع اقسام معنوں کا تجربہ کرسکے۔ موضوعی نکتہ ہائے نظرمیں وجودی تکثیریت کو نٹشے perspectivism پکارتا ہے۔ جہاں اب فرد تجربات کے آزادانہ کھیل میں خوش ہوا جاتا ہے۔ مابعدالطبیعات کو اسطور قرار دے کرتحقیر کرتا ہے کہ جواپنی اصل بھول چکی ہے۔ روایتی ما بعدالطبیعات کو الٹے پاؤں پھیردیے جانے کے مضمرات will to power میں نمایاں ہیں۔
نٹشے کہتا ہے کہ ’سچ‘ کوئی ایسی شے نہیں جو موجود ہو یا جسے دریافت کیا جائے بلکہ اسے تخلیق کرنا پڑتا ہے۔ یہ محض طاقت کے حصول کے لیے استعمال کیا جانے والا لفظ ہے۔
نٹشے نے کئیر کیگارڈ کی طرح کبھی بھی فلسفہ ’’تصور‘‘ منظم انداز میں پیش نہیں کیا۔ یہ اُس کی تحریروں میں ’قیاس‘ کی مخالفت کے سیاق میں جا بہ جا بکھرا ہوا ہے۔ تاہم آرٹ کے بارے میں اپنے تصورات کے بیان میں وہ اس موضوع پر اپنی فکرپیش کرتا ہے۔ نٹشے نے رومانویت کا یہ دعوٰی قبول کیا ہے کہ فلسفہ میں آرٹ کا قابل فخرمقام ہونا چاہیے۔ یہ اُس کے ہاں سچ اور افسانہ کے درمیان انتخاب کا نہیں بلکہ افسانہ کی دو قسموں کے درمیان انتخاب کا معاملہ ہے۔ وہ کہتا ہے کہ آرٹ علم سے زیادہ طاقت ور ہے، کیونکہ آرٹ جینے کی امنگ دیتا ہے جب کہ علم برباد کرکے رہتا ہے۔ لیکن اگر فنکارانہ تصورکی زندگی میں کوئی عظمت ہے تو بس وہ یہی ہے کہ بے معنویت جاری رہے، اور یہ عدمیت نہیں ہے۔ نٹشے کی نظرمیں عدمیت دراصل عیسائیت، اخلاقیات، اورقیاسی فلسفہ کی آڑمیں بے معنویت پرپردہ ڈالنا ہے۔ بےمعنویت کا خفی اظہارایک ایسا ارادہ ہے جوماورائی سچ کے ذریعہ ہماری وجودی دنیا سے حالت انکارمیں ہے۔
مختصراََ عدمیت دراصل اس دنیا کا انکار ہے کسی اور دنیا کی خاطر۔ نٹشے کاخیال ہے کہ یونانی المیہ اورویگنر کی موسیقی سمیت جدید آرٹ کی چند مخصوص صورتیں ’طاقت کی یاسیت ہے‘۔ وہ جرمن مثالیت پسندوں کی ماورائی وحدت کی تحقیرکرتا ہے کہ جو حقیقت کے تضادات نظرانداز کرکے ان میں میں ہم آہنگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ نٹشے اُن فنکارانہ تصورات کی توصیف کرتا ہے جو’حقیقت‘ کے کثیر پہلووؤں کے الجھاؤ کوجرات سے ظاہرکرتے ہیں۔ جرمن مثالیت پسندوں کی انسان پرست رجائیت نٹشے کی وجودی یاسیت سے موافقت میں نہیں ہے۔ جہاں ماورائی تصوروحدت اور مطلقیت دیکھتا ہے وہاں وجودی تصور تنازع اور تقسیم دیکھتا ہے۔ مزید یہ کہ زندگی کی بے معنویت پر وجودیت کا اصرارنمایاں ہے، جوماورائیت پسندوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
نٹشے کے دوہرے اثبات میں موجود بنیادی تضاد، یعنی تصور کی لامحدود آرزوئیں اورہمارے ٹھوس وجود کی ناقابل عبور حدیں، اُس کے فلسفہ وجودیت کا مغز ہیں۔ پیٹرپُز نے اسے ’وجودی آزاد تصور‘ اور ’تقدیر‘ میں تنازع کے طور پر شناخت کیا: ایک طرف آدمی لامحدود جمالیاتی تصور کا اہل ہے اور دوسری جانب بے مقصد بے کار وجود کا تسلسل ہے۔ ہم کیسے نٹشے کے اُس ’نئے آدمی‘ کا سُراغ پاسکتے ہیں کہ جس کی آمد کا وہ اعلان کرتا ہے؟ نٹشے اس معمہ کا کوئی حل پیش نہیں کرتا۔ جس وجودی ’تصور‘ کا وہ مدعی ہے وہ مشکلوں میں الجھا ہوا ہے۔ یہ خود سے اور دنیا دونوں سے تضاد میں ہے۔ یہ اپنے ہی افسانوں میں مگن ہے۔ یہ بہ یک وقت اپنی بے معنویت اورخالی پن میں ظاہر ہو رہا ہے۔ نٹشے کے لیے ’وجودی تصور‘ ’ناں‘ کو ’ہاں‘ کہہ رہا ہے۔ یہ اپنی ہی قبرپر رقصاں ہے Will to power کے تیرہویں باب How the ‘True World’ finally became a Fable: The History of an Error میں نٹشے کہتا ہے کہ مغربی فلسفہ ایک کہانی ہے سچ کے ماورائی حس کی، جسے سب سے پہلے افلاطون نے ’ابدی وجود‘ کے طورپرپیش کیا۔ نہ صرف یہ کہ یہ ’وجود مطلق‘ بتدریج سکڑتا گیا بلکہ آخرکار افسانہ بن کر رہ گیا۔ وہ اس تاریخ کے آخری مرحلے کا اعلان کرتا ہے، ایک جدید(بلکہ شاید مابعد جدید بھی) مرحلہ کہ جہاں فلسفہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔ نٹشے لکھتا ہے کہ ’وہ دنیا جسے ہم نے منسوخ کر دیا، کہ جسے چھوڑدیا گیا، کئی سوال پیچھے چھوڑ گیا۔ کیا نٹشے تخلیقی تصورکے رومانوی دعوے تہس نہس کرنے میں واقعی کامیاب ہوسکا؟ یا وہ محض رومانوی مثالیت پسندی کی رجائیت کورومانویت کے اپنے خاص برانڈ ’یاسیت‘ سے بدل سکا تھا، کہ جو ویگنیرین وجودیت کی قسم تھی۔ ایک سمجھوتہ نہ کرنے والا انکار، ایک باغیانہ بے معنویت کہ جو’تقدیرپرقانع‘ رہنے کا الجھا ہوا بیانیہ بھی ہے۔ ایک ایسا عمل کہ جس میں آدمی کا تخلیقی ارادہ دنیا کی من مانی نفسانفسی میں ضبط و تحمل سے کام لے رہا ہے؟ یہ ہیں وہ سوال جن سے بیس ویں صدی کے وجودیوں کا سامنا رہا۔
اس سلسلہ کا پہلا مضمون اس لنک پہ پڑھیں
اس سلسلہ کا دوسرا مضمون اس لنک پہ پڑھیں
اس سلسلہ کا چوتھا مضمون اس لنک پہ پڑھیں
