عرفان شہود نوجوان قلم کار ہیں۔ جنہوں نے صرف اکتالیس برس کی عمر میں اپنے قلم کو لوہا منوالیا، انہوں نے ادب کی پامال راہوں کے بجائے اظہار کی ایک نئی راہ اپنائی۔ عرفان شہود کو جب موقع ملتا ہے، وہ پاکستان کے مختلف علاقوں کی سیر کو نکل جاتے ہیں اور صرف پاکستان کے نئے نئے خطوں کی سیر ہی نہیں کرتے۔ وہ اپنے ان سفری تجربات میں قارئین کو بھی شامل کرلیتے ہیں اوراس مقصد کے لیے بھی انہوں نے روایتی سفرنامے لکھنے کے بجائے مختصر سفرناموں کو ایک نیا نام سفرانچے دے دیا۔ مختصر سفرنامے بھی کوئی نئی صنف ادب نہیں۔ امجد اسلام امجد نے کئی سفرنامہ تخلیق کیے۔ انہوں نے اپنے مختصر سفرناموں کو ’’سفرپارے‘‘ کا نام دیا۔ کئی کالم نگاروں نے اپنے کالموں میں ملک اور بیرون ملک کے اسفار کو موضوع بنایا اور ان کالمز کا انتخاب بھی شائع ہوا۔ منفرد اور مشہور مزاحیہ شاعر اور کالم نگار خالد مسعود بے شمارملکوں میں گھوم چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کالمز میں سفرنامے، خاکے، تاریخ، یاد نگاری اورعوامی مسائل وغیرہ پر طبع آزمائی کی۔ خالد مسعود کے سفری کالموں کے دومجموعے ’’سفر دریچے‘‘ اور ’’سفرکے زائچے‘‘ کے عنوان سے شائع ہوئے۔ لیکن انہوں نے انہیں کوئی الگ نام نہیں دیا۔ عرفان شہود کی جودت طبع نے ان مختصر اسفار کو سفرانچے کا نام دیا اور انہوں نے باون سفرانچوں پرمبنی پہلا مجموعہ بھی منفرد عنوان ’’باونی‘‘ کے نام سے شائع کیا۔
عرفان شہود کے یہ سفرانچے ممتاز شیخ مرحوم کے بے مثال ادبی جریدے ’’لوح‘‘ اور کئی اورادبی جرائد میں شائع ہو کر قارئین سے شرف قبولیت حاصل کرچکے ہیں۔ عرفان شہود کی پہلی کتاب ’’باونی‘‘ کی مقبولیت کا ثبوت یہ ہے کہ ’’باونی‘‘ کا دوسرا ایڈیشن صرف تین ماہ میں شائع کرنا پڑا، جبکہ کتاب کی کئی اور ایڈیشن بھی شائع ہوئے۔ عرفان شہود کابے پناہ مشاہدہ جب پراثر اوردلکش نثر میں ڈھلتا ہے، توعمدہ اسلوب دل میں اتر جاتا ہے۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ وہ ایک بہت اچھے شاعر بھی ہیں۔ شاعری میں انہوں نے غزل کی مقبول صنف کے بجائے نظم کا انتخاب کیا ہے۔ ان کی نظموں کامجموعہ ’’بے سمتی کے دن‘‘ بھی شائع ہو کر ناقدین اورقارئین کی داد سمیٹ چکا ہے۔ شاعری اظہار کے لیے بہت بھرپور صنف ہے اور عرفان شہود کو جزئیات بیان کرنے کا ملکہ حاصل ہے۔ ان کا اپنی ثقافت اور تہذیب سے گہرارشتہ ہے اور ان کی لفظیات دامن دل کو کھینچتی ہیں۔ یہی وجہ سے ’’باونی‘‘ میں ان کی نثر پر بھی شاعری کا گمان ہوتا ہے۔
عرفان شہود کو ’’باونی‘‘ پر2021ء میں پاکستان بک ٓف ریکارڈ کی جانب سے نیشنل ایوارڈسے نوازا گیا۔ ان کے تتبع میں کئی اور سفرنامہ نگار سفرانچے لکھ رہے ہیں۔ انہیں نظموں کے پہلے مجموعے’’بے سمتی کے دن‘‘ پر یو بی ایل لٹریری ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی نظموں کو پی ایچ ڈی کے مقالہ نگار اپنے تھیسز کا موضوع بنا رہے ہیں۔ وہ ایک اچھے گیت نگار بھی ہیں حال ہی میں ان کے بہت سے گیت ہندوستان اور پاکستان کے مختلف چینلز سے ریلیز ہوئے ہیں۔
نوجوان فکشن نگار رفاقت حیات جن کا دوسرا ناول ’’رولاک‘‘ بیک وقت امریکا، بھارت اور پاکستان سے شائع ہو رہا ہے۔ رفاقت حیات لکھتے ہیں۔
’’عرفان شہود کے سفرانچوں کی تازہ کتاب ’’پنجیری‘‘ مختلف طرح کے اسفارکی وجہ سے پڑھنے والوں کے لیے توشہ خاص سے کم نہیں۔ یہ کتاب اپنے قارئین کو بیٹھے بٹھائے کئی طرح کے سفر کروا سکتی ہے۔ اس کتاب میں شاعری، مصوری، موسیقی اور دیگر فنون یک جا ہو کر فطرت کے جادوئی پن کا گیت کچھ اس طرح گاتے ہیں کہ دل اور روح کے تار کافی دیر تک ساکت نہیں ہوپاتے۔ ‘‘
’’پنجیری‘‘ میں اپنے اور کتاب کے بارے میں عرفان شہود لکھتے ہیں۔
’’اس خوب صورت سیارے پر مجھے طلوع ہوئے اکتالیس برس بیت چکے ہیں۔ میں ہر پل فطرت سے ہم آغوش ہونے کا جذبہ سینے میں سموئے نیند اور بیداری کی حالت میں محو سفر رہا ہوں۔ پاکستان کے حسین نظاروں سے اپنی آنکھوں کو منور کرنا میری خوش بختی ہے۔ میں نے دلآویز جگہوں پربسنے والے لوگوں کو تسخیر کرنے کے بجائے ان کے دلوں کو تسخیر کیا اور ان کی زندگی کو اپنے سفرانچوں میں ڈھالا۔ ان کی ٹمٹماتی خواہشوں کو بجھنے سے بچانے کی کوشش کی۔ کج اداؤں نے پھیکی مسکان سے کمتری کا احساس دلایا، لیکن کبھی پلٹ کر وار نہیں کیا، کبھی شکست ِ ذات کو ردِعمل کی زناٹے دار ہوا کے سپرد نہیں کیا۔ بس ہر منظرکی توصیف و ثنا کرتا رہا، ہر ایک چیز میں جمالیات ڈھونڈتا رہا۔ دنیا گھومنے والوں کی طرح میں بھی اپنا دیس پنجاب پیدل گھومنا چاہتا ہوں۔ یوں تو عشق کے مصنوعی سیاروں کے گرد پانچ مرتبہ گھوما ہوں مگر پنجاب کے مدار سے باہر نہیں نکل سکا۔ میں اب کھلے میدانوں اور بلند پہاڑوں کی اوٹ میں غروب ہونا چاہتا ہوں۔ سیر دنیا میں ہزاروں انسانوں سے واسطہ پڑا۔ ان میں زیادہ تر بے بس اور لاچار تھے۔ لوگوں کے دکھ کا احساس اپنی ذات کے دکھ سے زیادہ تیزی سے آگ پکڑتا ہے۔ شاید تخلیق کاروں کی سرشت میں دوسروں سے زیادہ حساس ہونا اہم ہوتاہے۔ کوئی حادثہ دیکھ کر تماشائی نہیں بنتا، بدن میں سنسنی پھیل جاتی ہے۔ اپنا بوجھ اٹھائے ازخود آگے بڑھنا ہم جیسے لوگوں کی کرامت ہے ورنہ وہ دکھ ہیں کہ کسی جنگل کی طرف منہ کر جانے کو جی چاہتاہے۔ جنگلوں، پہاڑوں دریاؤں اور کھیتوں کھلیانوں میں زندگی کے رنگ تلاش کرکے انہیں زبان دینا میرا فن ہے۔ اس کتاب میں زندگی کے مختلف ذائقوں سے لبریز بیس فن پارے ہیں۔ جس طرح دھرتی ماں کے مختلف علاقوں کی سوغات (بادام، کاجو، پستہ، اخروٹ، سوجی، کلانجی، مصری، سفید تل، دیسی گھی اور زعفران وغیرہ) سے پنجیری تیار کی جاتی ہے، اسی طرح یہ کتاب بھی دھرتی ماں کی خوب روئی کی سوغات سے بنی پنجیری ہے۔ اس سوغات کے ذائقے آپ بھی چکھئے اور دیرتک اپنی زبان پراس کا ذائقہ محسوس کیجئے۔ ‘‘
یہ دلچسپ پنجیری صرف ایک سو اڑتالیس صفحات پر مشتمل ہے۔ جس میں پاکستان کے مختلف خطوں کے بارے میں کچھ یکسر الگ ذائقے کی تحریریں ہیں۔ ان اسفار کو مصنف نے پاکستان کے چھ مختلف علاقوں کا ذکر پر مبنی چھ ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ اور وہ جن خطوں سے گزرے انہیں اپنی قلم کی تابانی سے امر کر دیا۔ بلوچستان پر تین سفرانچے ’’صحرائے گورستان نوشکی‘‘، ’’گپت سپت بحیرہ عرب‘‘ اور ’’ماہی بلوچ‘‘ ہیں۔ کشمیرکے بارے میں ’’گنگا چوٹی‘‘ اور ’’لیپہ وادی‘‘ سندھ پر ’’مکلی کے بے نوا مقبرے‘‘، ’’نگرہار‘‘ اور گلگت بلتستان کے سفرانچے ’’شندور پر نور‘‘ اور ’’نلتر جھیلوں کی قوس قزح‘‘ کے عنوان سے ہیں۔ خیبر پختونخواہ کے اسفار پر’’ہم خانہ بدوش‘‘، ’’ارندو کی پراسرار گلیاں‘‘، ’’سرخ محل‘‘ اور ’’پاکستان کے خوبصورت تہوار‘‘ اور پنجاب کے بارے میں سات سفرانچے ’’میرا عشق پنجاب‘‘، ’’نیلی روشنی‘‘، ’’کن پاٹے جوگیوں کا استھان‘‘، ’’نغمہ کی بانجھ صدائیں‘‘، ’’مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گر کو میں‘‘، ’’امرتا شیرگل‘‘ اور ’’پیراں باہنجھ نہ جگ تے ناں‘‘ کتاب میں شامل ہیں اور ان عنوانات سے کتاب کا مجموعی تاثر مرتب ہوجاتا ہے۔
عرفان شہودکی سیدھی سادی نثر دردمندی سے لبریز ہے۔ وہ مختصر اور پراثر اسلوب میں جو واقعہ بیان کرتے ہیں، وہ براہ راست قاری کے دل میں اترجاتا ہے۔ جس طرح سردیوں کی خاص سوغات پنجیری کی لذت دیرتک کھانے والے منہ میں گھلی رہتی ہے۔ اسی طرح عرفان شہودکے بیانیہ کا خوش گوار اوردل دوز تاثر دیر تک قائم رہتا ہے۔. sextape RealDC
بلوچستان کے باب کو مصنف نے’’ یہاں زندگی پیاسی ہے‘‘ کا ذیلی عنوان دیا ہے۔ ’’صحرائے گورستان نوشکی‘‘ میں وہ اپنے اسفار کا مقصد ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں۔
’’میری ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ دعوت ناموں کے بغیر سفر کروں۔ اجنبی بن کر شہروں، مضافات اور گوٹھوں میں قیام کروں، انجان لوگوں کے ساتھ وقت گزاروں۔ اپنی مٹی سے محبت کے صلے میں ان کے ہاتھ چوموں۔ پاکستان کے طول و عرض میں گھومتے ہوئے کبھی اس جذبے کی شدت میں کمی نہیں آئی۔ یہ لوگ، ان کے مذاہب، عقائد اور ان کے کلچر میرے اپنے ہیں۔ میرا کوئی رنگ نہیں مگر میں ان انجان لوگوں کے رنگوں میں رنگ جانا چاہتا ہوں۔ میں بے رنگ نہیں ست رنگا ہونا چاہتا ہوں۔ میں ان لوگوں سے بات کرنا چاہتا ہوں جن سے زندگی کبھی مکالمہ نہیں کرتی۔ ان کے ماضی کی راکھ کرید کر بھولے بسرے دکھوں پر رونا چاہتا ہوں۔ اکثر لوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان کا سفر کسی پنجابی سیاح کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ وہ لوگ سیاحوں کو بھی کسی بھی وقت مشکوک قرار دے کر گولی مار سکتے ہیں مگر میرے لیے ایسا کچھ نہیں تھا۔ یہ پرامن لوگوں کی مقدس سرزمین ہے۔ میں اس پروپیگنڈے کو پانی پت میں دفن کیا اور محبت کی سلطنت کی بنیاد رکھی۔ ‘‘
یوں اس سفر کا آغاز محبت اور خلوص کے ساتھ ہوا، تو اس کا نتیجہ نفرت پر مبنی کیسے ہوسکتا تھا۔ عرفان شہود کو محبتیں ہی ملیں اور انہوں نے اس صوبے کے باسیوں کے جو درد وغم دیکھے، ان پر خود بھی خون کے آنسو رو دیے اور قارئین کو بھی رلا دیا۔ انہوں نے بڑی دلسوزی سے بیان کیا ہے۔
’’ہمارا سفر جاری تھا مختلف ریلوے اسٹیشنز پر گاڑی کچھ دیر کے لیے رکتی اور پھر آگے بڑھ جاتی تھی۔ راستے میں یہ دل سوز خبر ملی کہ کوئلے کی مچھ کان میں کچھ مزدور شہید ہوگئے ہیں۔ مچھ سے کان کنوں پر ظلم کی خبریں ملتی رہتی ہیں مگر اس طرح کا المیہ انسانوں کو دکھ میں مبتلا کرنے کے لیے کافی ہے۔ ہماری گاڑی جیسے ہی مچھ ریلوے اسٹیشن پر کی۔ میں گاڑی سے اتر کر ویرانے میں کیکر تلے کپڑا بچھایا اور اس پر بیٹھ کر مچھ میں شہید ہونے والوں کے غم زدگان سے غائبانہ تعزیت کی۔ میں نے مچھ کی دھرتی سے گفتگو کی اور کہا کہ اے سرزمین مچھ! میرا پرسہ قبول کر کہ مجھ میں تیرے سنہرے جسموں والے لوگوں کی چیخ و پکار سننے کی تاب نہیں۔ دنیا کے لیے گیارہ کا ہندسہ ایک عالمی سانحے کی علامت ہے لیکن میرے لیے یہ گیارہ لاشے عالمگیر سانحے سے بڑھ کر ہیں۔ تیرے محنت کش شکم کے دوزخ کو بھرنے کے لیے اپنے جسم کا ایندھن کان کنی کی بھٹی میں جھونکتے ہیں۔ وہ اپنی پیشانیوں پرآس کی مدھم روشنی سے اپنی بیٹیوں کا مقدر روشن کرنا چاہتے ہیں۔ کھردرے ہاتھوں کے تیشوں سے اپنے بچوں کا رزق کھودتے ہیں اور ان کوکھلی فضاؤں میں دیکھنے کے لیے خود آکسیجن کا دباؤ برداشت کرتے ہیں۔ زمانے کے بے حس رویوں کی کالک اپنے منہ پر مل کر اپنے گھروں کے چراغ جلاتے ہیں۔ اے سرزمین مچھ ! میرا پرسہ قبول کر یہ زمانہ تیرے مزدوروں کی حرمت سے ناآشنا ہے۔ ‘‘
ایک ایک حرف درد میں ڈوبی حقیقت سے لبریز ہے۔ کان کنوں کی بے بسی اور ان کی تکالیف کو شاید ہی کسی نے اس موثر اور مختصر انداز میں بیان کیا ہو۔ یہ تحریر کان کنی پر بنی کئی فلموں سے زیادہ پراثر ہے۔ عرفان شہود نے اپنے الفاظ سے جو تصویر کشی کی ہے، اس تمام صورت حال کو قاری کے سامنے پردہ اسکرین کی طرح پیش کر دیتا ہے۔
اسی طرح ’’پنجیری‘‘ کا مصنف لکھتا ہے۔
’’بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے۔ اس میں گیس، کوئلہ اور سنگ مرمر کے علاوہ تانبے، سونے اور چاندی کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ بلوچستان میں گڈانی دنیا کا تیسرا بڑا شپ بریکنگ یارڈ ہے۔ گڈانی کے ماہی گیروں اور مزدوروں کے گھربانسوں کی دیواروں سے بنے ہوئے تھے۔ یہ لوگ زردریت کے فرش پر چادریں بچھا کر بکرے کی کھال سے بنے مشکیزوں سے ٹھنڈا پانی پی پرخدا کا شکر بجا لاتے ہیں۔ آسائشوں کے نام پر آزوؤں کے سوا کچھ بھی نہیں۔ ان مزدوروں کے لیے دیوہیکل جہازوں کے پرزے اڑانا معمول کی بات ہے۔ جہازوں کے مختلف حصے توڑنے کے دوران ضرر رساں مادوں کا اخراج ان کی صحت کو متاثر کرتاہے۔ مزدوروں کے لیے یہ ساحل حادثات کا مرکز بھی ہے۔ اپنے بچوں کے پیٹ پالنے کے لیے لوہے کے ان پہاڑوں کو توڑنا جوئے شیر لانے کے برابر ہے۔ ‘‘
ایک پیراگراف میں بلوچستان کے قدرتی وسائل، گڈانی کی شپ بریکنگ اور یہاں کے باسیوں کی پوری زندگی کا نقشہ دکھا دیا۔ بلوچستان کا تیسرے سفرانچہ ’’ماہی بلوچ‘‘ میں ایک سچے واقعے کو افسانوی انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ ماہی بلوچ جو اپنوں ہی کے ہاتھوں بار بار قتل ہوئی۔ خون دل سے چٹھی ماہی بلوچ نے اپنے مرحوم والد کے نام لکھی۔
’’میرے بابا! آپ کہاں چلے گئے ہو! میں اتنی ٹوٹ گئی ہوں کہ مجھ سے رویا بھی نہیں جاتا۔ بس ایک بے انت درد ہے جسے مقدر سمجھ کر سہے جارہی ہوں۔ پورا محلہ تماش بین ہے۔ میں کسی مجرم کی طرح اپنے باپ کے گھر رسوا ہو رہی ہوں۔ میرے ساتھ رونے والا بھی کوئی نہیں سوائے مجھ پر طنز کے تیر چلانے اور طعنے دے کر ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے والوں کے۔ جس عمر میں محبت کے گیت گانے تھے اس عمر میں مجھ پر تشدد ہو رہا ہے اور کوئی نہیں جو مجھے بچالے۔ ‘‘
بلوچستان کے تینوں سفرانچے وہاں کے باسیوں کے مسائل اور دکھوں پر مبنی المناک صورت حال کو پیش کرتے ہیں۔ کشمیرکے باب کی ذیلی سرخی ’’گر فردوس بر روئے زمیں است ‘‘ ہے۔ اس کا پہلا پڑاؤ ’’گنگاچوٹی‘‘ ہے، جس میں عرفان شہود کی طلسماتی نثر کچھ اس طرح جلوہ گر ہوتی ہے۔
’’کبھی کبھی حسین جگہوں پر فطرت انسانوں کی ناموجودگی کا پرساد بانٹتی ہے۔ غیر دریافت علاقوں کی جھلک انسانی لمس سے محروم ہونے کے باوجود فسوں خیز ہوتی، کچھ دیار بھی اپنی آب وتاب میں امتیازی حیثیت رکھتے ہیں۔ جہانِ ہزار شیوہ و رنگ کی داستان غضب ناک ہے۔ انسانی بستیوں میں پری خانہ ڈھونڈنے والے شاہراہوں کے جنگل میں گم ہوجاتے ہیں اور پربتوں کی سطح پر اجنبی سیاحوں کو اپسراؤں کے جھنڈ نظرآتے ہیں۔ پرتھوی کے سمتی رخ سے مشرق کے جنوبی ایشیا میں پاکستان جیسا ایک حسین ملک بھی ہے۔ جس کے دامن کو کردگار نے برف پوش کہساروں، پھوٹتے چشموں، جھرنوں کی قطاروں، جنگلوں، ریگزاروں اور پربتوں سے بوس و کنار کرنے والے بادلوں کی آماجگاہوں سے بھر دیا ہے۔ جب تک تجسس بھرے انسان موجود رہیں گے ان علاقوں کی لطافت و رعنائی بھی قائم و دائم رہے گی۔ ‘‘
عرفان شہود نت نئے مقامات کی سیر کا خوگر ہے اور اپنے سفرانچوں میں قارئین سے اپنے تاثرات شیئر بھی کرتا ہے۔ پڑھنے والابعض جگہوں کے حسن کا بیان یا لوگوں کے دکھوں کا ذکر پڑھ کرششدر رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے باونی اور پنجیری میں پاکستان کے بہت سے ان دیکھے ایریاز کو کسی مصور کے انداز میں پینٹ کردیا۔ جہاں وہ اب تک نہ جاسکے۔ اس کا انتظار ان کی طرح قارئین کو بھی رہے گا۔
عرفان شہود کا مشاہدہ غضب کا ہے۔ جس کا اندازہ اس اقتباس سے بخوبی کیا جاسکتا ہے۔
’’سینما کی کھڑکی میں ٹکٹ بیچنے والا صرف ہاتھوں سے بات کرتا ہے۔ وہ انتہائی رش میں بھی آواز سے طلب گار ہاتھوں کا اندازہ لگا کر ٹکٹ تھما دیتا ہے۔ اسے علم ہے کتنی ٹکٹیں کس ہاتھ کو دینی ہیں۔ وہ آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کے تکلف سے آزاد ہے۔ فطرت بھی انسانوں کی بھیڑ میں اسی کی طلب پوری کرتی ہے جو قطار میں کھڑا ہو کر تمنا کے ہاتھ پھیلاتا ہے۔ پروردگار کوئے فردوس کی ٹکٹ تھما کر ایسی اقامت گاہوں کی چھب دکھاتے ہیں جو خلد سے متصل ہیں۔ فطرت رنگ و نسل، ذات پات اور مذاہب سے بالاتر ہو کر عشاق سے ہم کلام ہونا چاہتی ہے۔ پامال راستوں کے راز اور ناپید پھولوں کے اسرار کھولنا چاہتی ہے۔ سفر زندگی کا استعارہ ہے۔ سفر ایک جنگلی پھول جو زمانے کی چال میں الجھے انسانوں کے گملوں میں مرجھا جاتا ہے۔ یہ پھول سیلانی روحوں کے لیے کھلتے ہیں۔ دیدباز جو زیست کے کروفر سے بے پروا ہو کر نیند میں بھی فطرت کی تپسیا کرتے ہیں ان کے لیے ایسے جنگلی پھول کسی نعمت کبریٰ سے کم نہیں۔ ‘‘
کس خوبی سے مصنف نے سینما میں ٹکٹ کی کھڑکی کا موازنہ فطرت کی نوازشات سے کیا اور سفر کے حسن کو بیان کیا ہے۔ پن چکیوں کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے بتاتے ہیں۔
’’ لوگ گندم پیسنے کے لیے پن چکیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ لکڑی سے بنی ان پن چکیوں کوپانی کا بہاؤ چلاتا ہے۔ پانی کا بہاؤپن چکی کو طاقت دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور وہ لوگ پانی کی رفتارکوتیکنیکی طور پر استعمال کرکے قدیم زمانوں کی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ان چکیوں کو گھرے اور ان کا چلانے والے گھراتی کہلاتے ہیں۔ پانی کے دھاروں سے پہیے کو موڑ کر توانائی حاصل کی جاتی ہے۔ ایک بڑے پتھر کو تراش کر درمیان میں بڑا سوراخ بنایا جاتا ہے پھر اس میں گندم پیسی جاتی ہے۔ اناج روایتی بھڑولوں میں رکھ کر محفوظ کیا جاتا ہے۔‘‘
سندھ کے باب کا ذیلی عنوان ’’محبت کے پیروکاروں کا نگر‘‘ ہے۔ جس کا پہلا سفرانچہ ’’مکلی کے بے نوامقبرے‘‘ ہے۔ عرفان شہودبے نواؤں کی نوابننا پسند کرتے ہیں۔ اسی لیے ایسے ہی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ جہاں انہیں زندگی کا دوسرا رخ نظرآتاہے۔
’’اگر بے ثباتی اوررائیگا نی کی بے صورتی دیکھنی ہو تو مکلی کے اس دس کلومیٹر پر پھیلے قبرستان کو دیکھ لیجیے۔ مکلی کے اس قبرستان کی مٹی کی ڈھیریوں میں سے عبرتناک ماضی جھانکتاہے۔ متعدد قبروں پر وزراء اور جنگجوؤں کے نام کی تختیاں نظرآتی ہیں۔ یہ ایک طرح سے اجڑے ہوئے پھولوں باغ معلوم ہوتا ہے جس میں سرخ اور سیاہ پھول اگتے ہیں۔ سرخ پھول ان ولیوں اور صوفیوں کی قبروں پراگتے ہیں جنہوں نے تاعمرانسانیت کو مقدم رکھا اور اپنے معبود کو راضی کیا۔ جن حکمرانوں اور سرداروں نے رعایاسے ناروا سلوک کیا ان کی قبروں پر سیاہ پھول اگتے ہیں۔ طاقت کے نشے میں بدمست منہ زور کردار آج اوندھے منہ گمنام پڑے ہیں۔ ان سب کے طمطراق دفن ہوچکے ہیں۔ ان کا جاہ و جلال زمیں بوس ہوچکا ہے۔ ‘‘
اور پھران قبروں کے ساکنوں کے ذکرکے ساتھ اس دیار کے جیتے جاگتے زندہ درگوروں کا بیان بھی اسی دردمندی سے کرتے ہوئے لکھتے ہیں۔
’’مکلی گورستان سے باہر کچھ ہی فاصلے پر چٹیل میدان ہے جہاں پکھی واسوں نے اپنی جھگیوں میں آگ جلائی ہوئی تھی۔ جلتے ہوئے تندور جیسے دن کو مزید بھڑکانے کے لیے میں نے ان جھگیوں کا رخ کیا اور جھجک کی چک ہٹا کر ایک بوڑھی اماں سے آگ تاپنے کی گزارش کی۔ وہ مجھے پاگل سمجھ رہی تھی۔ میں اپنے زخم چھپا کر آگ کے گرد بیٹھ گیا اور جھگی والی مائی سے پوچھا، اماں زندگی کیہ بلا اے؟ وہ بولی کہ ہم مسافروں پرازل سے بھوک ٹونا منتر کرتی ہے۔ افلاس کا ککرہم پکھی واسیوں کی چھتوں پر برستا رہتا ہے۔ ہماری زندگی کے ماتھے پر موت کا کتبہ لگا ہوا ہے۔ سماج فاتحہ پڑھنے آتا ہے۔ زندگی ہماری چمڑی کو درد کے سندان پر فکس کرتی ہے اوردکھ کے ہتھوڑے برساتی ہے پھر ہمیں ریزہ ریزہ کرتی ہے۔ ہم بکھری حیاتی کو اکٹھا کر کے پھر سفرکے بیل بن کر سمے کے کولھوں کے گرد چکرلگاتے ہیں۔ ہمارے مالکانہ حقوق کبھی نہیں ہوتے ہماری خوشیاں بھی کیلوں بھرے بکس میں دھری ہوتی ہے جن کوڈھونڈنا چاہیں تو ہاتھ زخمی ہوجاتے ہیں۔ ہم بے مروت موسموں کے عذر قبول کرتے ہیں اور اپنی زندگی کے تابوت سروں پر اٹھائے موت کے فرشتے سے بھاگتے ہیں اور بھاگتے بھاگتے کیڑوں مکوڑوں کی طرح مسل دیے جاتے ہیں۔ پھر اماں نے سفرکا منتر میرے ماتھے پر پھونکا اور میں مکلی کی گمنام قبروں کی طرح لاپتہ ہوگیا۔ ‘‘
اس تحریر کے ایک ایک لفظ سے لوک دانش جھلکتی ہے، جو اعلیٰ تعلیم سے نہیں زندگی کے تجربے سے آتی ہے۔ لوگوں کے دکھ اس انداز سے شاید ہی کسی نے بیان کیے ہوں۔ گلگت بلتستان کوعرفان نے باب جمالیات کا نام دیا ہے۔ شندور جھیل کا حسن اور دشوار گذارراستوں کا شاعرانہ اظہار ملاحظہ کریں۔
’’جمالیات کے حیرت بے پایاں کا نظارہ اس جھیل کے چوگرد نظر آتا ہے مگر اس عارفانہ کیفیت تک پہنچنا آسان نہیں۔ ترکھنی موڑ سے نشیب و فراز کا سلسلہ سینکڑوں کلومیٹر دور چترال تک پھیلا ہوا ہے۔ زلیخا مسافت کی اٹی میں حسن یوسف (شندور) تک پہنچنا چاہتی ہے۔ یہ جسم کی ریاضت ہے اگر ہچکولے سہنے کی ہمت تغیرات کو برداشت کرنے کا حوصلہ ہے تو ریاضت اپنا ثمر چکھا دے گی بصورت دیگر کئی سیاح بے یقینی کی بھول بھلیوں میں گم ہوجاتے ہیں اور تھکاوٹ سے چور وجود کو سہلاتے سہلاتے منزل سے پہلے ہی دم توڑ دیتے ہیں۔ سفر میں وہی مسافر معتبر ہے جو منزل کا تعین کرتے وقت اپنے جنون کی پرواز کو جانچ سکے۔ ‘‘
ایسا انداز ِ بیان شاید ہی کسی اور سفرنامے میں مل سکے۔ عرفان شہود کی سفرانچے پڑھتے ہوئے، زبان وبیان کی دلچسپی بھی قاری کو جکڑے رہتی ہے اور ہر سفر یکایک ختم ہوجاتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ گزرا وقت تادیر لطف اندوز کرتا رہتا ہے۔ کتاب میں شامل حوالہ جات نے اسے مزید معتبر بنایا ہے۔ ’’پنجیری‘‘ میں شامل دیگر سفرانچے بھی اسی طرح دلچسپ اسلوب کی خوب صورتی سے بھرپور ہیں۔ ایک سو اڑتالیس صفحات کی کتاب مطالعے کاعادی قاری عموماً ایک نشست میں پڑھ لیتا ہے۔ لیکن جس طرح پنجیری کو کھانے کا مزہ تھوڑا تھوڑا کرکے ہی آتا ہے۔ اسی طرح عرفان شہود کی یہ کتاب بھی ختم ہونے کے ڈرسے دھیرے دھیرے ایک ایک سفرانچہ کر کے پڑھنے کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔ پھر بھی کتاب ختم ہوگئی۔ عرفان شہود کو ایسی پرلطف کتاب لکھنے پر بہت مبارکباد۔
ایمل مطبوعات کے شاہداعوان ہمیشہ منتخب کتب ہی شائع کرتے ہیں۔ ان کے ادارے سے بہت زیادہ کتب شائع نہیں ہوئیں۔ لیکن جو کتابیں بھی اشاعت کے لیے منتخب کی گئیں۔ وہ موضوع اور معیار کے اعتبارسے اعلی ترین ہیں۔ پنجیری کو ایمل مطبوعات نے صوری ومعنوی حسن سے آراستہ کیا ہے۔ بہترین سفید کاغذ، کتاب کے اعتبار سے چھوٹا سائز، عمدہ طباعت و کتابت اورعمدہ جلد بندی پر ایمل مطبوعات کودلی مبارک باد۔
کتاب حاصل کرنے کے لئے 03425548690 پر بذریعہ وٹس ایپ رابطہ کریں یا emel.com.pk وزٹ کریں
