ہمارے قوم پرستوں اور ‘دانشوروں’ کی باتیں مجھے اکثر چکرا دیتی ہیں۔ یہ باتیں ہمیشہ مروجہ سوچ، اقدار، وابستگی کی درجہ بندیوں اور سماجی اور معاشرتی ترجیحات سے بالکل الٹ، بلکہ متصادم ہوتی ہیں۔ میں ان کے موقف کو سمجھنے کی کوششیں کر کے ہلکان ہو جاتا تھا لیکن اس گتھی کو سلجھا نہیں پاتا تھا۔ پھر مجھے خیال آیا کہ اپنے ان روشن خیال دوستوں کا موقف نہ سمجھ پانے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں اس کو اپنے نظریات، وابستگی کی درجہ بندی اور ترجیحات کی رو سے سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں اور یہ لوگ ان عوامل پر نہیں، کچھ اور عوامل پر کاربند ہیں۔ اس لیے ان کو سمجھنے کے لیے ان کے نظریات کو سمجھنا ضروری ہے۔
ان کی باتوں کا سر پیر سمجھنے کے لیے سب سے پہلا اشارہ یہ ہے کہ یہ خود کو چاہے قوم پرست سمجھیں، چاہے لبرل، چاہے پروگریسو، یا روشن خیال، یہ ہوتے بائیں بازو کے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ تاریخی طور پر تو یہ حضرات اپنی رہنمائی سوویت یونین سے لیتے تھے لیکن اس کے ٹوٹنے کے بعد یہ لوگ اپنے خیالات اب مغربی، خاص طور امریکی بائیں بازو والوں سے لے رہے ہیں۔ چنانچہ ان کی سوچ کو سمجھنے کی کھوج میں ہمیں جو پہلا کام کرنا پڑے گا وہ یہ ہے کہ سمجھیں کہ سوویت یونین ٹوٹنے، اور مشرقی یورپ میں اشتراکی حکومتوں کے خاتمے کے بعد مغرب اور خاص طور پر امریکا میں بائیں بازو والے کیا کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں سب سے پہلی بات یہ ہے کہ بائیں بازو والے لوگ سرمایہ دارانہ نظام کو مبنی بر شر سمجھتے ہیں اور اس کو تبدیل کر کے اشتراکی نظام لانا چاہتے ہیں۔
آج کل مغرب اور خاص طور پر امریکا میں بائیں بازو والوں کا انداز کار پہلے سے مختلف ہو گیا ہے۔ کسی بھی نظریاتی شخص کے لیے اگر اس کا آئیڈیل کہیں وجود رکھتا ہو اور وہ خود وہاں نہ رہتا ہو بلکہ ایسی کسی جگہ پر ہو جہاں وہ اس جیسا آئیڈیل نظام نافذ کرنا چاہتا ہو تو وہ اس آئیڈیل جگہ رائج نظام اور طریقہ ہائےکار کی تقلید کرے گا۔ اور یہ اس کے نزدیک مثبت طرز عمل ہوگا۔ اس کے بر عکس جب لوگوں کا آئیڈیل نظام اپنے سابقہ مرکز سے بھی ختم ہو گیا ہو اور وہ خود ایسی جگہ پر ہوں جہاں وہ اس جیسا آئیڈیل نظام نافذ کرنے کی خواہش رکھتے ہوں تو ان کا انداز منفی ہو جاتا ہے، اور ہدف اپنے ہاں نافذ نظام کی تباہی ہو جاتا ہے۔
چناں چہ جب تک سوویت یونین اور مشرقی یورپ میں اشتراکی حکومتیں موجود تھیں ان لوگوں کی منزل اپنے ممالک میں انقلاب روس جیسا اشتراکی انقلاب ہوا کرتی تھی مگر 1990 کی دہائی میں سوویت یونین کی تحلیل اور مشرقی یورپ میں اشتراکی حکومتوں کے خاتمے کے بعد وہ انقلاب لانے کی بات تو نہیں کرتے مگر وہ دنیا میں رائج سرمایہ دارانہ نظام کی بنیادیں کھوکھلی کرنے کے مشن پر کاربند ہیں۔ یہ کام وہ اپنے ممالک میں پچھلی تین دہائیوں سے بڑے زور و شور سے کر رہے ہیں اور اس میں سب سے زیادہ کام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ہو رہا ہے۔ اس مہم کا سب سے اہم ہتھیار Post modernism ہے۔ اسے اردو میں ‘ما بعد جدیدیت’ کہتے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ پوسٹ ماڈرنزم کیا ہوتا ہے۔
یوں تو پوسٹ ماڈرن ازم کی اصطلاح 1930 کے عشرے میں متعارف ہو گئی تھی لیکن اس نے عملی طور پر زور 1980 کی دہائی کے دوران پکڑا۔ ہوا کچھ یوں کہ 1960 کی دہائی کے دوران فرانس میں بائیں بازو کے نظریات والے طالب علموں نے بڑے پیمانے پر ہنگامے کیے تھے جن پر ایک طویل جدوجہد جہد کے بعد پایا گیا۔ ان واقعات کے تین دہائیوں کے بعد جب سوویت یونین (جو دنیا بھر کی بائیں بازو کی تحریکوں کا روحانی مرکز ہوا کرتا تھا) میں نہ صرف اشتراکی حکومت ختم ہوئی بلکہ اس کا شیرازہ ہی بکھر گیا تب تک ان ہنگاموں میں شریک طالب ادھیڑ عمر کے ہو چکے تھے اور ان میں سے بہت سے وہاں کی یونیورسپیوں میں سینیر پروفیسر بن چکے تھے۔ انہوں نے بدلے ہوئے حالات میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اپنی جنگ کی حکمت عملی تبدیل کی۔ اس نئی سوچ کے سرخیل تھے
Jean-Francois Lyotard
Michel Foucault
Jacques Derrida
Gilles Deleuze
Felix Guattari
Jean Baudrillard
ان لوگوں نے ان بنیادوں پر ضربیں لگائیں جن پر موجودہ مغربی تہذیب تعمیر کی گئی ہے۔ مغرب میں آج کل رائج نظام اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تہذیب کے لیے Modernism کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ یہ Age of Enlightenment کی پیداوار ہے اس کی بنیاد دلیل اور منطق پر تھی۔ اس میں چند دوسرے عوامل جن پر زور دیا جاتا ہے یہ ہیں: سائنسی تحقیق اور نظریوں کے لیے ثبوت، سیکولرازم، انسانیت اور انفرادی حقوق وغیرہ۔
پوسٹ ماڈرنسٹ کہتے ہیں کہ ماڈرنزم نے دنیا کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اس لیے ان اقدار کو رد کر دینا چاہیے۔ اور یوں چاہے وہ اپنے ملکوں میں انقلاب لا کر موجود نظام تباہ کرنے کی بات نہ بھی کریں لیکن دلیل، منطق، سائنسی ثبوت اور مسلمہ سچائیوں جیسی چیزوں کی نفی کر کے وہ اپنے ملکوں میں رائج نظام کو تو ڈھانا چاہتے ہی ہیں، اپنی اس کوشش میں وہ اپنے ملکوں کے سماجی ڈھانچے کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔
آئیے پوسٹ ماڈرنزم کے چند بنیادی عناصر دیکھ لیتے ہیں۔
• پوسٹ ماڈرن ازم کا خیال ہے کہ علم اور حقیقت کو ہمیشہ طاقتور گروہوں کی طرف سے کنٹرول کیا جاتا ہے، اور ان گروہوں کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بنایا جاتا ہے۔
• دنیا میں کوئی آفاقی سچائیاں نہیں ہیں۔ ہر شخص کے نزدیک اس کی اپنی سچائی درست ہوتی ہے اور اسے عزیز ہوتی ہے لہٰذا اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ اس لیے اگر کوئی مانتا ہے کہ دنیا گول ہے تو یہ اس اس کے نزدیک تو ٹھیک ہو سکتا ہے لیکن اسے سائنسی حقیقت کہہ کر دوسروں پر تھوپا نہیں جا سکتا۔ اس طرح اگر کوئی کہتا ہے کہ دنیا گول نہیں ہے تو یہ اس کی حقیقت ہے اور کسی کو اسے جھٹلانے کا حق حاصل نہیں ہے۔
• تیسری چیز ہے Relativism
اس کا مطلب ہے کہ ہر عقیدے، نظریے، سوچ اور عمل کو اسےکرنے والے کی نظر سے دیکھو اور اس کو غلط مت کہو چاہے دوسروں کے نزدیک وہ کتنی ہی غلط کیوں نہ ہو۔
• چوتھی چیز ہے Identity politics
ہر انسان کی بیک وقت متعدد شناختیں ہوتی ہیں، لیکن شناخت کی سیاست میں لوگوں کو اکسایا جاتا ہے کہ ان ساری شناختوں میں سے صرف ایک کو چن کر اپنی واحد پہچان قرار دے دو۔ پھر اس مخصوص شناخت کے مفادات کو ہر چیز پر فوقیت دو، چاہے اس عمل سے تمہاری دوسری شناختوں کے مفادات کو ٹھیس ہی کیوں نہ پہنچتی ہو۔ یوں معاشرے میں شناخت کی بنیاد پر تقسیم پیدا کر دو۔ شناخت کی سیاست کا دوسرا عنصر ہے ہر اس تقسیم کو ہوا دینا جس میں ایک اکثریت بنتی ہو اور ایک اقلیت۔ اس کے بعد اقلیت کو اکثریت کے ساتھ محاذ آرائی کے لیے اکساؤ۔ (اس سے معاشرے میں فساد پیدا ہوتا ہے۔)
• برا ماننے کو ہتھیار بنا دینا۔ اگر کوئی ایسی سوچ یا کام کیا جا رہا ہے جو دوسروں کو غلط یا نقصان دہ لگتا ہے تو وہ ریلیٹوازم کے تحت ان کو روک ٹوک نہیں کر سکتے۔ ٹوکے یا روکے جانے پر یہ لوگ بھڑک جاتے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں ان پروفیسروں اور مقرروں کے بولنے پر پابندی لگوا دیتے ہیں جو ان کے نظریات سے اختلاف کرتے ہوں۔ کچھ کے تقریر کرنے یا کسی تقریب میں شرکت کے دعوت ناموں کو جاری ہو جانے کے بعد انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر منسوخ کروا دیتے ہیں۔ اسے انگریزی میں Cancel culture کہتے ہیں۔ اگر ان کا کوئی ناپسندیدہ شخص کسی کلاس روم یا تقریب میں پہنچ ہی جائے تو یہ لوگ ہال میں شور مچا کر اور گالیاں دے کر اسے چپ کروا دیتے ہیں، بعض اوقات اس شخص کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کو پولیس بلوا کر بہ حفاظت کیمپس سے باہر نکلوانا پڑتا ہے۔
• پانچویں چیز ہے • Deconstruction:۔
پوسٹ ماڈرن ازم اس خیال سے اختلاف کرتی ہے کہ زبان درست اور معروضی طور پر حقیقت کی نمائندگی کر سکتی ہے۔ اس کا استدلال ہے کہ زبان فطری طور پر غیر مستحکم، مبہم، اور تشریح کے لیے کھلی ہے، اور یہ معنی متعین نہیں ہے بلکہ اس کی مسلسل تعمیر اور تعمیر نو ہوتی رہتی ہے۔ اس کی ایک تعریف یہ بھی ہے: ڈی کنسٹرکشن سوچنے کا ایک طریقہ ہے جو معنوں پر سوال اٹھاتا ہے، مختلف تشریحات کی کھوج کرتا ہے، پوشیدہ مفروضوں کو بے نقاب کرتا ہے، اور بائنری امتیازات کو چیلنج کرتا ہے۔ یہ ہمیں تنقیدی مفکر بننے اور اپنے آس پاس کی دنیا کو سمجھنے کے دوران متعدد نقطہ نظر پر غور کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ (یعنی کسی بھی بات یا تحریر کے معنی محض وہ نہیں ہرتے جو کہنے یا لکھنے والے کی نیت ہو بلکہ سننے یا پڑھنے والے کی سمجھ یا خواہش کے مطابق ہو سکتے ہیں۔)
• چھٹی چیز ہے Fragmentation
اس سے مراد یہ خیال ہے کہ دنیا کا ہمارا تجربہ اکثر ٹوٹا ہوا ہوتا ہے یا کئی مختلف ٹکڑوں میں بکھر جاتا ہے۔ دنیا کو ایک متحد یا سالم مجموعے کے طور پر دیکھنے کے بجائے، مابعد جدید کے مفکرین یہ تجویز کرتے ہیں کہ ہمیں مختلف قسم کے بکھرے ہوئے اور منقطع حصوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسے ایک jigsaw پہیلی کی طرح سوچیں۔ جب آپ کسی پہیلی کو دیکھتے ہیں، تو آپ کو انفرادی پہیلی کے ٹکڑے بکھرے ہوئے نظر آتے ہیں، اور یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوتا ہے کہ وہ ایک ساتھ کیسے فٹ ہوتے ہیں۔ اسی طرح، ایک بکھری ہوئی دنیا میں، ہم زندگی کے مختلف پہلوؤں کا سامنا کرتے ہیں جو آسانی سے یا منطقی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ فٹ نہیں ہوتے ہیں۔
• اس نظریے میں اصل اہمیت فرد کو خاصل ہے اور اجتماعیت یعنی معاشرے اور ریاست کی اہمیت ثانوی ہے۔ اس میں کہا جاتا ہے کہ ریاست کی صرف اتنی اہمیت ہے کہ وہ شہریوں کے لیے سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ چناں چہ حب الوطنی ایک بے معنی تصور ہے۔ ریاست کے مفادات (یہاں ان کی مراد وہ ریاستیں ہوتی ہیں جہاں اشتراکیت نہیں ہے) کی کوئی اہمیت نہیں ہے یہ لوگ ریاست کے اپنے مفاد میں کیے گئے ہر فیصلے اور اقدام کو ‘جبر’ قرار دیتے ہیں اور ان کے نزدیک غداری کوئی چیز نہیں ہوتی۔ پوسٹ ماڈرنسٹس کے نزدیک اگر کوئی شہری کسی بات پر ریاست سے ناراض ہوتا ہے تو اسے حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ ریاست سے علیحدگی کی کوشش کرے اور ریاست کو اس پر سخت رد عمل نہیں دکھانا چاہیے، اور اگر دکھاتی ہے تو جابر ہے۔
ان سب باتوں سے اندازہ ہو گیا ہوگا کہ آج کل بائیں بازو والوں کی سوچ اور ان کا عمل کیا ہے۔ جب کسی چیز کو مسلمہ سائنسی حقیقت یا سچائی نہ مانا جائے اور لوگوں کو یہ حق ہو کہ وہ تیقن کے ساتھ محفل میں کہیں کہ کشش ثقل کوئی چیز نہیں ہوتی اور اگر ان سے کہا جائے کہ اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کے لیے تیسری منزل سے کودیں اور نیچے گرنے کے بجائے معلق رہ کر دکھائیں تو وہ ناراض ہو جائیں اور آپ کو گالیاں دینے لگیں۔ جب ریلیٹیو ازم کے تحت تمام اچھی بری باتوں کا فرق ختم ہو جائے اور پر چیز کی قبولیت اسے کرنے والے کے نکتۂ نظر پر منحصر ہو چائے؛ جب معاشرے میں لوگوں کے برا مان جانے کے خوف سے سکولوں میں کہا جائے کہ مرد اور عورت کی جنسی تفریق کوئی مستند تفریق نہیں ہے ہر انسان کو اختیار ہے کہ وہ جو جنس چاہے اختیار کر لے، اور اگر کوئی کہتا ہے کہ وہ نہیں مانتا کہ مردوں کو ماہواری آ سکتی ہے اور وہ فطری طریقے سے بچے پیدا کر سکتے ہیں، یا عورتوں کا عضو تناسل ہو سکتا ہے تو اسے Transphobe ہونے کی گالی دی جائے اور اسے بولنے نہ دیا جائے؛ جہاں اس اولاد کی خواہش پر جس کی سوچ پختہ نہ ہوئی ہو ماں باپ اس کی جنس تبدیل کرنے کے لیے ڈاکٹروں سے مخالف صنف کے ہارمون دلوائیں یا سرجری کروا کر ان کے اعضا میں تبدیلیاں کروا دیں، اور جب پورے معاشرے میں ہر ممکن کامبینیشن کی اکثریت اور اقلیت میں جنگ کا ماحول ہو وہاں ان سب باتوں کا اس ملک کے معاشرے پر کیا اثر ہوگا۔
اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہم جیسے Just right of center لوگ ان نظریات اور اس طرح کے عمل کو کیوں خطرناک سمجھتے ہیں؟ اس سوال کا جواب سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہماری سوچ کا علم ہو۔
ہم لوگوں کی سوچ یہ ہے:
• ہم ‘ریاست’ کے دور میں جی رہے ہیں۔ ممکن ہے یہ دنیا کے معاملات چلانے کے لیے بہترین نظام نہ ہو یا اس میں خامیاں ہوں، لیکن فی الوقت رائی نظام یہی ہے۔ دنیا کی ہر ریاست کے شہری اپنی ریاست کی قدر کرتے ہیں اور اس کے مفادات کا خیال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنی سرزمین پر غیر ملکیوں کی آمد، مدت قیام اور قیام کے دوران سرگرمیوں کے لیے کڑی شرائط عائد کرتے ہیں۔ پوری دنیا میں رائج اس سوچ اور عمل کی موجودگی میں ہم کسی ایسی سوچ، نظریے اور عمل کی حمایت نہیں کر سکتے جو رضاکارانہ اور یکطرفہ طور پر ہماری ریاست کے وجود کے لیے خطرہ یا اس کے مفادات کے خلاف ہو، چاہے ان نظریات کے حامل لوگوں کے نزدیک وہ چیزیں خطرہ نہ ہوں یا انہیں فرق نہ پڑتا ہو کہ یہ ریاست کے مفادات کے خلاف ہیں۔
• ہم نہ صرف اپنی ریاست کی جغرافیائی سالمیت یقینی بنانا چاہتے ہیں بلکہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ اتنی طاقتور ہو کہ دوسرے ملکوں سے اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کر سکے اور اندرونی طور پر وہ اپنے تمام فرائص جو شہریوں کی طرف سے ریاست کی طرف نکلتے ہیں پورے کر سکے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پوسٹ ماڈرنسٹ خیالات امریکا یا یورپ وغیرہ میں تو پھر چل سکتے ہیں، لیکن ہمارے ملک میں نہیں جس کے افغانستان، بھارت اور ایران جیسے پڑوسی ہوں اور جس کی آبادی کی اکثریت ‘ماڈرن’ بھی نہیں، ‘پری ماڈرن’ نظریات رکھتی ہو۔
• ہماری خواہش ہے کہ ہمارے ملک کے ہر علاقے میں عوام کی سہولت کے لیے انفراسٹرکچر کھڑا کیا جائے اور جن علاقوں میں پہلے سے موجود ہے وہاں اسے ترقی دی جائے۔ کوئی علاقہ کسی اور علاقے کی خاطر نظر انداز نہ کیا جائے۔
• ملک میں جمہوریت ہو۔ اس میں امن و امان برقرار رہے۔ چوں کہ ہمارا ملک ایک کثیر القومی اور کثیر اللسانی ریاست ہے اس لیے مشترک اقدار، مفادات اور مستقبل کی امنگوں کی بنیاد پر تمام قوموں اور علاقائی اور لسانی پہچان رکھنے والے لوگ اسے اپنا سمجھیں، اور اپنے سے الگ قوم، لسانی اور علاقائی پہچان رکھنے والے شہریوں کو ہم وطن اور برابر کے حصے دار سمجھیں۔ سب شہریوں کو یکساں مواقع ملیں، کسی شہری یا شہریوں کے گروپ کو یہ احساس نہ ہو کہ اس سے کسی بھی بنیاد پر تعصب برتا جا رہا ہے۔ معاشرے میں ماحول ایسا ہو کہ لوگ یکسوئی سے اپنی روزی کما سکیں اور آسودگی کی زندگی گزار سکیں۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ اگر کہیں ریاست یا ریاستی اداروں کی طرف سے اوپر دی گئی چیزوں میں کسر رہ گئی ہے تو اول تو خود ریاست اور ریاستی ادارے اس کا تدارک کریں اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو شہریوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے۔
‘ناراض’ شہریوں کے مقاصد اور مطالبات چاہے جائز ہی کیوں نہ ہوں، ان کے حصول کے لیے صوبائی خودمختاری کے نام پر فیڈریشن کو کمزور کر کے کنفیڈریشن بنانے کی کوششوں اور علاقائی یا لسانی قوم پرستی کے ذریعے مختلف خطوں میں بسنے والے شہریوں کے درمیان اتحاد کم کرنے کوششوں یا علیحدگی پسندی کی تحریکوں کی کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔
• ہم ریاست کے مفاد کے خلاف کاموں کو غداری سمجھتے ہیں اور ان میں ملوث لوگوں کو غدار۔ ہم غداری کے کاموں کو غداری نہ ماننے والے لوگوں کو ٹوکتے ہیں اور غداروں کی طرف سے عذر پیش کرنے اور مسلم غداروں کو غیر غدار پیش کرنے پر ایسا کرنے والوں کا ہر فورم پر توڑ کرتے ہیں۔
• ہم سمجھتے ہیں کہ ریاست اپنے شہریوں کی طرف نکلنے والے فرائض اس وقت پورے کر سکتی ہے، اپنے علاقے میں انفراسٹرکچر اس وقت اچھا رکھ سکتی ہے، لوگوں کو تحفظ اور مواقع، اور بیرونی اور اندرونی دشمنوں سے اپنا دفاع صرف اسی وقت کر سکتی ہے جب وہ مضبوط ہو۔ اس لیے اگر ریاست اپنے مفاد میں کوئی اقدام اٹھاتی ہے اسے ‘تھوپنا’ یا ‘ریاستی جبر’ نہیں سمجھنا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ ملک کی تمام اکائیاں بہت اہم ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ ملک بھی اہم ہے اور ایسا نہ ہو کہ اپنے آبائی علاقے کے مفاد میں ملک کے مفاد کو نقصان پہنچا دیا جائے۔ اسی طرح ملک میں بسنے والی تمام قومیں، ان کی زبانیں اور ثقافتیں بہت اہم اور عظیم ہیں لیکن ایک کثیر القومی اور کثیر اللسانی ریاست کی اپنی کچھ ضروریات ہوتی ہیں۔ انہیں اقوام عالم میں اپنی پہچان کروانے اور برقرار رکھنے کے لیے اپنی سرزمین پر بسنے والے لوگوں کو شہریت کی بنیاد پر اپنی قوم بنانا ہوتا ہے اور یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ مختلف علاقوں اور مادری زبانیں بولنے والے لوگ ایک دوسرے سے بات چیت کر سکیں اور مختلف ہوتے ہوئے بھی اپنا سمجھ سکیں۔ اس لیے پورے ملک کے لیے ایک فومی زبان بھی ہونی چاہیے جو سب بول اور سمجھ سکتے ہوں اور کسی کی ہو بھی نہیں تاکہ دوسروں کو اعتراض نہ ہو کہ کسی ایک خطے کی زبان ان پر تھوپ دی گئی ہے۔ ہم یہ جانتے ہیں کہ کوئی ریاست اپنے شہریوں سے یہ مطالبہ نہیں کر سکتی کہ وہ اپنی آبائی قوم کی نفی کرے یا قومی زبان کی خاطر اپنی زبان چھوڑ دے، لیکن وہ اپنے شہریوں سے یہ مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہے کہ شہری اپنی آبائی قوم کے ساتھ ساتھ خود کو اپنے ملک کے حوالے سے قائم ہونے والی قوم کا فرد بھی سمجھیں اور اپنے گھر میں، رشتے داروں، محلے والوں اور دوستوں وغیرہ کے ساتھ اپنی مادری زبان میں بات کریں، اس میں اخبار، اور رسائل نکالیں، کہانیاں، افسانے اور ناول لکھیں، شاعری کریں، ڈرامے اور فلمیں بنائی مگر ملک کی قومی زبان کی اہمیت کو بھی سمجھیں اور اسے بھی اپنائیں اور اس کا جائز مقام دیں۔ یعنی ریاست اس سے کچھ چھین نہیں رہی ہے بس ساتھ ساتھ کچھ اپنانے کی مانگ کرتی ہے۔
بائیں بازو والوں کے پوسٹ ماڈرنسٹ نظریات اور Just right of center نظریات کے تقابل سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے اور بائیں بازو والوں کے درمیان اس اختلاف کی وجوہات کیا ہیں۔ انہیں مسئلہ خود ریاست سے ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر پورا بر صغیر ایک ملک ہوتا اور اس میں اشتراکی نظام ہوتا تو وہ کتنی بڑی اور مضبوط اشتراکی ریاست ہوتی، لیکن انگریزوں نے امریکیوں کے ایما پر بھارت اور سوویت اثر والے خطے کے درمیان یہ بفر ریاست قائم کر کے اس سنہرے خواب کو چکنا چور کر دیا۔ صرف یہی نہیں، اس ریاست اور اس میں بسنے والے لوگوں نے ان کی تمام کوششوں کے باوجود یہاں اشتراکی نظام قائم نہیں کیا، بلکہ امریکا کے کیمپ میں جا بیٹھے۔ اس ناراضگی کی وجہ سے یہ لوگ ہر ممکن طریقے سے اس ریاست کی جڑیں کاٹنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے یہ لوگوں کو ہر ممکن طریقے اور ہر ممکن فورم پر ریاست سے بد دل کرتے ہیں۔ کبھی مسلسل اس کے قیام کو متنازعہ بنا کر، کبھی اس کے بنانے والوں کو غبی، بدنیت یا انگریزوں کا ایجنٹ ثابت کر کے، کبھی اس میں بسنے والے لوگوں کو ‘پاکستانی قوم’ نہ ماننے، کبھی ملک میں شہریوں کے درمیان یکجہتی کو ‘حقوق’، ‘صوبائی خود مختاری’ یا مادری زبان کے ساتھ ‘نا انصافی’، یا اسے ‘تسلیم نہ کیے جانے’، یا اسے ‘عزت نہ دینے’ کے نام پر، کبھی ‘قومی زبان’ جیسے مدتوں سے طے شدہ جذبات برنگیختہ کرنے والے مسائل کو با بار سامنے لا کر، پارا پارا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے بائیں بازو والے لوگوں نے اس بات کو نظرانداز کرتے ہوئے کہ اسٹیبلشمنٹ کسی بھی ریاست کو چلانے کے لیے ضروری ہوتی ہے (اداروں کے جائز آئینی کردار سے باہر نکلنے کی روش سے قطع نظر) اور اگر ہماری ریاست نے کچھ غلط کیا ہے تو اس کی اصلاح کی جانی چاہیے، ‘اسٹیبلشمنٹ’ کی اصطلاح کو ہی گالی بنا دیا ہے، اور وہ اس میں اتنے کامیاب ہو چکے ہیں کہ اس اس سے نفرت پڑھا لکھا، ‘روشن خیال’، ‘پروگریسو’ ہونے کی ضروریات میں شامل ہو گئی ہے۔ اگر کسی کے سامنے کوئی اس کا دفاع کرے تو سامنے والا اسے اپنی ذاتی توہین سمجھتا ہے اور حمایت کرنے والے سے ایسے لڑتا ہے جیسے اس نے اسے ذاتی طور پر کوئی گندی گالی دی ہو۔ یہ لوگ ویسے تو ریاست سے ویسی وفاداری نہیں رکھتے جس کا تقاضا آئین کا آرٹیکل 5 کرتا ہے لیکن یہ آرٹیکل 6 ہر اس شخص پر لگانا چاہتے ہیں جس نے اس ریاست میں مارشل لا لگایا ہو جس کے یہ وفادار نہیں ہیں۔ یہ لوگ ملک میں ہر قوم پرست اور ریاست مخالف تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، یہاں تک کہ علیحدگی پسندی کی تحریکوں کی بھی۔ ان کے نزدیک ملک سے علیدگی ایک جائز سیاسی آپشن ہے، اس لیے یہ علیحدگی پسندوں کو غدار نہ سمجھتے ہیں نہ ہی کہتے ہیں بلکہ ہر فورم پر ان کے عمل کے لیے توجیہات دیتے ہیں اور ان پر سے غداری کا الزام ہٹانے کی باقاعدہ مہم چلاتے ہیں اور اس کی حمایت میں یہ بودی منطق دیتے ہیں کہ چوں کہ یہاں غداری کا الزام سیاسی بنیادوں پر بد نیتی سے چند محب وطن اور عظیم ہستیوں پر لگایا جا چکا ہے اس لیے غدار کی اصطلاح کسی کے لیے بھی استعمال نہیں کی جا سکتی، چاہے کسی نے واقعی غداری کی ہو۔ اس کے علاوہ، وہ ہر معاملے میں الزام اپنی ریاست اور اپنے ہم وطنوں کو ہی دیتے ہیں اور ان کے نزدیک ہر دشمن ریاست اور ان کی اپنی ریاست کا (اس ریاست کو وہ اپنی مانتے ہی تو نہیں ہیں) دودھ کا دھلا ہے۔ ان سب میں اگر پوسٹ ماڈرن ازم کو بھی ملا لیں تو معاملہ کریلا اور نیم چڑھا والا ہو جاتا ہے۔
الغرض، ہمارے بائیں بازو کے دوست اور دانشور موجودہ ریاست کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور ہم اسے نقصان سے بچانا چاہتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے قوم پرست دوست کہیں گے کہ وہ ملک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچانا چاہتے وہ تو بس اپنا ‘جائز حق’ مانگتے ہیں اور اس کے لیے پر امن اور قانون کے دائرے کے اندر رہ کر جد و جہد کر رہے ہیں جو ان کا حق ہے۔ میں انہیں ایک مثال سے بات سمجھاتا ہوں۔
فرض کریں ایک غریب آدمی کسی پیر کے پاس جاتا ہے اور اسے اپنی مشکلات سے آگاہ کرتا ہے۔ وہ پیر صاحب سے کہتا ہے کہ اس کے لیے دعا کریں اور کوئی عمل بتائیں جس سے اس کی غربت دور ہو جائے۔ وہ پیر اسے بتاتا ہے کہ اس کے عامل نے اسے خبر دی ہے کہ گاؤں کے کنویں کے پاس والے کھیت میں ایک خزانہ دفن ہے لیکن یہ معلوم نہیں کہ وہ اس کھیت میں ہے کہاں، اسے ڈھونڈنے کے لیے پورا کھیت کھودنا پڑے گا۔ وہ آدمی جانتا ہے کہ وہ کھیت ایک زمیندار کی ملکیت ہے اور اس پر گندم کی فصل تیار ہو چکی ہے اور کٹنے کے لیے تیار ہے۔ وہ یہ جانتا ہے لیکن خزانہ حاصل کر کے اپنی غربت سے نجات پانے کی خواہش میں وہ رات کو چپکے سے اس کھیت میں جاتا ہے اور پوری رات بہت محنت سے کھدائی کرتا ہے اور کھیت کی زمین اوپر نیچے کر دیتا ہے لیکن اسے خزانہ نہیں ملتا، بس وہ تیار فصل برباد ہو جاتی ہے۔ وہ شخص پریشانی کے عالم میں پیر صاحب کے پاس جاتا ہے اور ماجرا بیان کرتا ہے۔ پیر صاحب کہتے ہیں کہ لگتا ہے کہ اس آدمی کی قسمت ہی خراب ہے۔ انہیں تو عامل نے یہی بتایا تھا کہ اس کھیت میں خزانہ دفن ہے۔
اصل میں اس کھیت میں کوئی خزانہ تھا ہی نہیں۔ اس پیر کی زمیندار سے دشمنی تھی اور وہ اس کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا، جو اس آدمی سے اس کا کھیت برباد کروا کر پہنچا دیا۔ فصل تباہ کرنے والی کی نیت زمیندار کو نقصان پہنچانے کی نہیں تھی، وہ تو خلوص نیت اور صدق دل سے خزانہ حاصل کر کے اپنی غربت دور کرنا چاہتا تھا۔ فصل کی تباہی تو ایک نیک مقصد کے حصول کی کاوشوں کے دوران سامنے آنے والا غیر ارادی نتیجہ یعنی Unintended consequence تھا۔
اسی طرح چاہے ہمارے قوم پرست دوستوں کی نیت ملک کو نقصان پہنچانے کی نہ ہو، لیکن ان کے ہینڈلرز Handlers اس پیر کی طرح ہیں جن کا اصل مقصد ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔ وہ یہ کام خود بھی کرتے ہیں اور ہمارے خوش نیت اور پرخلوص قوم پرست دوستوں سے ‘حقوق’ یا ‘ماں بولی کو تسلیم کروانے’ کی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر پورا کرواتے ہیں۔ جب وہ انہیں ایسے اہداف حاصل کرنے کی تحریک اور ترغیب دیتے ہیں تو انہیں اچھی طرح پتہ ہوتا ہے کہ وہ انہیں ٹرک کی بتیوں کے پیچھے لگا رہے ہیں اور ان مقاصد کا حصول ممکن نہیں۔ ساتھ ہی ساتھ انہیں اچھی طرح پتہ ہوتا ہے کہ خلوص، نیک نیتی، کچھ کر گزرنے کی لگن اور خود کے لیے چنے ہوئے مقصد کے لیے تن من دھن لگا دینا ایک بہت خطرناک مرکب ہے: اگر اسے کسی عظیم کام کے حصول کی طرف لگا دیا جائے تو وہ سر دھڑ کی بازی لگا کر اسے حاصل کر لیں گے اور اگر نقصان دہ کام کی طرف لگا دیا تب بھی یہ کامبینیشن رکھنے والا شخص نہ دن کی پروا کرے کا نہ رات کی، ہر وقت سوشل میڈیا پر بیٹھ کر اپنا موقف لوگوں تک پہنچائے گا اور مخالفوں کو مدلل/دندان شکن جوابات دے کر قائل/لاجواب کرے گا۔ جو وقت اپنی صحت پر، بیوی بچوں پر یا تفریح پر خرچ کرنا چاہیے تھا اسے اپنے اہداف کے حصول کے لیے چلچلاتی دھوپ اور برستے مینہ میں پلے کارڈ لے کر مظاہرہ کرے گا یا جلسے جلوسوں میں شرکت کرے گا۔ الغرض، وہ ہر وہ کام کرے گا جس کے بارے میں اس کے ہینڈلرز جانتے ہیں کہ خزانہ تو ہاتھ نہیں آئے گا لیکن مخالف کا نقصان ہوگا اور اس معاملے میں ہینڈلرز کی مخالف ریاست ہے۔
اس طرح ہمارے قوم پرست دوست جو خلوص، نیک نیتی، کچھ کر گزرنے کی لگن اور خود کے لیے چنے ہوئے مقصد کے لیے تن من دھن لگا دینے کی خصوصیات رکھتے ہیں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اپنے ہینڈلرز کے ہاتھوں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے جانے کے بعد ملک کو طویل مدتی نقصان پہنچاتے رہتے ہیں اور تمنا کرتے رہتے ہیں کہ کبھی نہ کبھی ان کی کاوشیں رنگ لائیں اور ان کی منزل انہیں حاصل ہو جائے اور وہ منزل اگر انہیں نہیں ملتی تو آنے والی نسلیں ضرور حاصل کر لیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ انہیں احساس نہیں ہوتا کہ وہ ہینڈلرز کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن کر ان کا کام کر رہے ہیں اور اس پیر والی مثال کی طرح کھیت برباد تو ضرور ہو جائے گا لیکن اس میں خزانہ کوئی نہیں ہے، آزادی، یا فیڈریشن سے کنفیڈریشن، خود مختاری، حقوق، یا ماں بولی کو تسلیم کروانے کی منزل کے حصول کا لالچ وہ ٹرک کی بتی ہے جس کے پیچھے انہیں ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے لگایا گیا تھا۔
کاش ہمارے قوم پرست دوست یہ سمجھ سکیں۔
