مولانا ابوالکلام آزاد اگرچہ مذہبی لحاظ سے توانا اور عبقری شخصیت تھے۔ تحریک خلافت کے دوران مذہبی طبقات کی طرف سے انہیں امام الہند کا لقب بھی دیا گیا۔ برصغیر میں بلوچستان سے لے کر بنگال تک لوگ اپنے اپنے دینی مسائل کے حل کے لیے، خطوط کے ذریعے سے ان سے رہنمائی لیا کرتے تھے۔ مولانا آزاد کا بچپن مکہ اور مدینہ میں گزرا تھا اس لیے عربی زبان میں وہ قادرالکلام تھے۔ جس کا بین ثبوت ان کی تقاریر میں عربی کے طویل فقرات کے استعمال سے بھی ملتا ہے اس کے علاوہ مولانا آزاد کی تفسیری کتب ترجمان القرآن اور غبار ِ خاطر میں لادینی نظریات اور الحاد کی تردید میں ابحاث بھی مولانا آزاد کی علیمت کا پتہ دیتی ہیں۔
لیکن سردست موضوع بحث مولانا آزاد کی مذہبی فکر کی تفصیل نہیں ہے۔ بلکہ ان کی سیاسی فکر کا جائزہ لینا ہے۔ جس نے ہندوستانی مسلمانوں کے بڑے حصے کو تحریک پاکستان اور دینی تشخص کی بنیاد پر جدا گانہ قومیت سے بد ظن اور بد گمان کر دیا تھا۔ اس تناظر میں مولانا کی کتب انڈیا ونز فریڈم، انکے تعلیمی تصورات، کتاب غبار خاطر اور دیگر اہم مضامین کا جائزہ لیا جائے تو مولانا آزاد کے سیاسی نظریات کے ضمن میں دو نمایا ں خصوصیات سامنے آتی ہیں۔
ایک یہ کہ وہ ساری زندگی انگریزوں سے، ہندوستان کی آ زادی کے لیے مصروف عمل رہے۔
اور دوسرا یہ کہ انہوں نے اپنے قول و فعل سے ثقافت اور جغرافیائی وحدت کی بنیاد ہر متحدہ قومیت (جو سیکولر نیشنلزم پر مبنی تھی) کا پرچار کیا اور ساری زندگی سیاسی لحاظ سے متحدہ ہندوستانی قومیت کے داعی رہے۔
جہاں تک ملکی آزادی کا تعلق ہے تو اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہو سکتی کیونکہ کون مسلمان نہ چاہے گا کہ انگریزی استعمار اپنے گھر واپس نہ جائے۔ البتہ دوسری نمایاں خاصیت جو کہ متحدہ قومیت کے نظریے کا پر چار ہے ان پر بات اور بحث ضروری ہے۔ کیونکہ ان مباحث کے نتیجے میں بر صغیر میں پاکستانی، بنگالی، اور ہندوستانی مسلمانوں نے اپنا تہذیبی تناظر بازیافت کرنا ہوتا ہے۔
مولانا آزاد کی مذہبی تھیالوجی اور سیاسی نظریات۔
مولانا آزاد کی تحریروں کا مطالعہ کیا جائے تو صاف لگتا ہے کہ وہ مذہبی متحدہ قومیت کے تصور کو مذہبی و تاریخی واقعات کے ساتھ منسلک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثلاً جسے وہ انبیاکرام علیم کے پیغام کی وحدت سے مذہبی نصب العین کشید کرتے تھے کہ تمام مذاہب اپنی اپنی ایسی مذہبی تعبیرات کو فروغ دیں جو مختلف مذاہب کے انسانوں کے درمیان محبت کی فضا پیدا کریں اور نفرت کو مدھم کریں۔ جیسے اُن کے قریبی رفیق ڈاکٹر ذاکر مولانا آزادکے نزدیک کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’ میرے خیال میں مولانا نے سب سے بڑی خدمت کی ہے وہ یہ کہ ہر مذہب کے آدمی کو انھوں نے یہ بتایا کہ مذہب کی دو حیثیت ایک مذہب کی حیثیت وہ ہے جو تقریق اور نفرت پیدا کرتی ہے اور ایک حیثیت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کو الگ الگ کرتی ہے۔ جو لوگوں میں نفرت پیدا کرتی ہے۔ وہ مذہب جھوٹا مذہب ہے۔ ‘‘
مولانا آزاد کے تعلیمی تصورات
مولانا آزاد نے ترجمان القرآن جلد اول ص 151-152 بھی ملاحظہ فرمائیں:
اگر تم خدا کی سچائی ڈھونڈتے ہو تو اس کو کسی ایک شیشے میں نہ ڈھونڈو کیونکہ وہ ہر جگہ نمودار ہوتی ہے اور ہر عہد میں اپنا ظہور رکھتی ہے۔ تمھیں زمانوں کا، قوموں کا، وطنوں کا، زبانوں کا اور طرح طرح کے گروہ بندیوں کا پرستار نہیں ہونا چاہیے اس کی سچائی جہاں کہیں بھی آئی ہو۔ جس میں بھی آئی ہو تمہاری متاع ہے اور تم اس کے وارث ہو ‘‘
اس کے ساتھ ساتھ انوار الباری(جلد سوم) میں متحدہ قومیت اور مشترکہ قومیت کے نظریے کو فروغ دینے والی تھیالوجی کے حوالے سے گاندھی جی کا بھی ایک قول نقل کیا ہے۔ جو اس تاثر کے اثرات کی خبر دیتا ہے۔
’’ہمارے زمانے میں مولانا ابو الکلام آزاد نے اپنی تفسیر ’’ ترجمان القرآن‘‘ میں آیت ’’اھدنا الصراط المستقیم‘‘ کے تحت اپنے خاص انداز میں پوری قوت کے ساتھ پیش کیا جس کو پڑھ کر گاندھی جی نے لکھا تھا کہ ’’مجھے مولانا کی تفسیر پڑھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ صداقت تمام ادیان میں مشترک ہے ــ‘‘ یہی نظریہ میرے نزدیک بھی صحیح ہے۔ ‘‘ انوار الباری جلد ۳
مولانا آزاد کی طرف سے اس قسم کی تعبیر اصول و نظریات اسلام کے خلاف تھی اس کی مفصل تردید رسالہ معارف اعظم گڑھ میں بھی شائع ہوئی تھی۔ حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری شیخ الحدیث و ناظم جامعہ عربیہ نیو ٹاؤن کراچی نے مقدمہ مشکلات القرآن میں مولانا آزاد کے تفسیری فہم پر محققا نہ تنقید کی۔ اس تنقید کو بڑھ کر حضرت حکیم الامت مولانا تھانویؒ نے مولانا بنوری کی تائید اور تحسین کے طور پر ایک مکتوب بھی لکھا تھا۔ مولانا آزاد کے تفسیری فہم پر تنقید کا اردو ترجمہ چند سال میں ایک عالم دین نے رسالہ دارالعلوم دیوبند میں شروع کیا تھا۔ جس کی اشاعت مولانا آزاد نے رکوا دی تھی۔ (حوالہ انوار الباری جلد ۳)
مولانا آزاد، سیکولر نیشنلزم پر مبنی متحدہ ہندوستانی قومیت کے تصور کو مذہبی بیساکھیاں فراہم کر نے کے لیے میثاق ِ مدینہ کی مثال کا بھی استعمال کر لیتے تھے۔ حالانکہ یہ وہی بیساکھی ہے جو پاکستان کے سیکولر و لبرل حلقے، سیاسی سیکولرازم کی ضرورت اور سیکولرائز نیشنل ازم کے پروردہ استعمال کرتے آرہے تھے۔
مثلاً خلافت کانفرنس (آگرہ) میں خطبہ صدارت (آگرہ) کے دوران مولانا آزاد نے اپنا موقف یوں پیش کیا:
’’ہندوستان کی مسلمان ہندوؤں کے ساتھ مل کر ایسے ہو جائیں کہ دونوں مل کر ہندوستان کی ایک قوم اور ایک نیشن بن جائیں۔ اب مسلمان بھائیوں کو سنانا چاہتا ہوں کہ خدائی آواز کے بعد سب سے بڑی آواز جو ہو سکتی ہے وہ محمدﷺ کی ہے۔ اس مقدس وجود نے ایک عہد نامہ لکھا۔ جس کے الفاظ ہیں۔ ’’ان حۃ واحدۃ ‘‘
ہم ان قبیلوں (غیر مسلم) سے جو مدینہ کے اطراف میں بستے ہیں اتفاق کرتے ہیں۔ او ر مل جل کر ایک نیشن بنانا چاہتے ہیں اس لیے اگر میں نے اپنی اپیل میں کہہ دیا کہ ہندوستان کے مسلمان اپنا بہترین فرض اس وقت سرانجام دیں گے۔ جب وہ ہندوؤں کے ساتھ ایک ہو جائیں گے تو یہ لفظ (بعینہٖ وہی مفہوم رکھتا ہے) جو اس وقت لکھوایا تھا۔ کہ جب ہم نے مل کر قریش کے مقابلہ میں ایک نیشن بن جانا چاہتے تھے۔ ‘‘
بلا شبہ اسلام تمام انبیا کرام علیھم السلام کی طر ف سے بھیجے گئے پیغام میں الوہی وحدت کو تسلیم کرتا ہے اور دیکھتا بھی ہے۔ لیکن اسلام انسانی نجات کے لیے حضرت محمدﷺ کی نبوت کی تصدیق و شریعت محمد ی ؐ کی پیروی کو بھی ناگزیر قرار دیتا ہے۔ یہ وہ عامل اور خاصیت ہے جو مسلمانوں کے لیے ترجیح اول، اس کا وجودی، دینی تشخص کو بنا دیتے ہیں۔ اور کسی بھی صورت میں وہ اس وجودی تشخص کی بنیاد پر بننے والی والی ملت کو، اس سیکولرازم یا سیکولر نیشلزم میں گم نہیں ہونے دیتے، جس کا پر چار مولانا آزاد ساری زندگی کرتے رہے۔ اس لیے اسلام رسالت ِ محمدی ؐ کے ذریعے سے جس الوہی وحدت کی بات کرتا ہے۔ وہ وحدت نہ تو انسانیت پرستی پر مبنی مولانا آزاد کا سیکولر نیشنل ازم ہے اور نہ ہی۔ ٹیگور والا سیکو لرہیومن ازم ہے۔
مولا نا آزاد کا ہندوستانی قومیت کا نظریہ :
مولانا آزاد سمجھتے تھے اور نہایت گہرائی سے سمجھتے تھے کہ ہندوستان میں ہندو اور مسلمان مل کر ایک مشترکہ ہندی کلچر اور ہندوستانی قومیت کو تشکیل دیا جائے جو کہ فطری بھی ہے اور تقدیری بھی اور اس پروسس کو undo بھی نہیں کیا جا سکتا۔ جیسا کہ ڈاکٹر ذاکر مولانا آزاد کے وقت کو مولانا آزاد کے تعلیمی تصورات میں یوں بیان کرتے ہیں۔
’’صدیوں کی مشترک تاریخ نے ہماری ہندوستانی زندگی کے تمام گوشوں کے اپنے تعمیری سامانوں سے بھر دیا ہے۔ ہماری زبانیں، ہماری شاعری، ہمارا ادب، ہماری معاشرت، ہمارا ذوق، ہمارے رسوم و راج ہماری زندگی کی بے شمار حقیقتوں میں سے کوئی گوشہ بھی ایسا نہیں ہے جس پر مشترکہ زندگی کی چھاپ نہ لگ سکتی ہو۔ ہماری بولیاں الگ الگ ہیں لیکن ہم ایک ہی زبان بولنے لگے ہیں۔ ہمارے رسم و رواج ایک دوسرے سے بیگانہ تھے مگر انھوں نے مل جل کر ایک نیا سانچہ پیدا کر لیا۔ ہمارا پرانا لباس تاریخ کی پرانی تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے مگر وہ ا ب ہمارے جسموں پر نہیں مل سکتا۔ یہ مشترکہ سرما یہ، ہماری متحدہ قومیت کی ایک دولت ہے۔ اور ہم اسے چھوڑ کر اس زمانے کی طرف لوٹنا نہیں چاہتے۔ جب ہماری ملی جلی زندگی شروع نہیں ہو ئی تھی۔ ہماری اس ہزار سال کی مشترک زندگی سے ایک متحدہ قومیت کے سانچے میں ڈھال دیا ہے۔ ایسے سانچے بنائے نہیں جاسکتے۔ وہ قدرت کے مخفی ہاتھوں سے صدیوں میں خود بخود بنا کرتے ہیں۔ اب یہ سانچہ ڈھل چکا ہے۔ اور قسمت (تقدیر) کی مہر اس پر لگ گئی ہے۔ "
درج بالا پیراگراف پر غور کیا جائے تو صاف لگتا ہے کہ مولانا آزاد ہندو اور مسلمانوں کی مشترکہ قومت کو سیکولر نیشنلزم کے مفہوم بیان کر رہے ہیں۔
یہ بعینہٖ نرم قسم کا سیکولرازم تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے متحدہ قومیت کے مقصد کے حصول کے لیے سیکولرازم کو برائی نہیں سمجھتے تھے بلکہ ایک ٹول (آلہ) سمجھتے تھے۔
جیسا کہ ذاکر حسین ایک جگہ واضح کرتے ہیں۔ :
سیکولرازم اور مذہب کا جو الجھاؤ آپ کو دکھائی دیتا ہے وہ میں جانتا ہوں کہ مولانا آزاد کو نہیں دکھائی دیتا تھا۔ شاید ان کو محسوس ہوتا تھا کہ ایک مذہب کے ماننے والے دوسرے مذہب والوں کا احترام کر سکیں، تو مذہب سیکولرازم سے متناقض نہیں ہو گا۔ اور سیکولرازم، لا مذہب بھی نہیں ہوگا۔ کیونکہ مولانا کی نظر میں اسلام، تاریخی افسانوں کی کسی ٹولی سے عبارت نہیں ہے۔ بلکہ ساری انسانیت کے لیے ایک صحیح نقطہ ٔ نظر کا نام تھا.”
اس سارے سیاق و سباق میں دیکھا جائے تو یہ امر حقیقتاً ایک معمہ ہے کہ مذہب، مفہوم ِ دین کا اتنا گہرا فہم رکھنے کے باوجود متحدہ ہندوستانی قومیت کے سیکولر نیشنلزم پر مبنی تصور کو لے کر مولانا آزاد، اپنے تصور دین کو سیکولررائز کیسے کر دیتے ہیں؟ یہاں تک کہ ان کی سیاسی فلاسفی اور فعالیت، جو اس سیکولرائز سیاسی نظریات سے پھوٹتی ہیں وہ سنگ دلانہ حد تک مجتمع مسلم سیاسی طاقت کے شعور، قوت کے تصور سے خالی یا بے نیازی پر مبنی کیونکر تھا؟
بالفرض وہ میثاق مدینہ میں متحدہ ہندوستانی قومیت قائم کر سکنے کے امکانات دیکھتے تھے۔ تو یہ تناظر تو میثاق مدینہ کی بنیادی سپیرٹ کے ہی خلاف ہے کیونکہ میثاق مدینہ کی بنیادی شقوں میں ’’تصور ملت‘‘ کے معاملے میں مسلمانوں کے لیے ترجیحی ملی تصور کو بھی ہمیشہ کے لیے طے کر دیا تھا۔
جیسے اس میثاق (معاہدہ) کی ایک شق یہ بھی تھی کہ
’’مسلمان چاہے وہ قریش سے تعلق رکھتے ہوں یا یثرب سے وہ مقامی ہوں یا باہر سے آکر یہاں مسلمانوں میں مل گئے ہو ں وہ سب بلا امتیاز ایک امت شمار ہوں گے اور باقی سب دوسری امت ‘‘
یہ قریب قریب جداگانہ ملی شعور پر مبنی قومیت کا وہی دینی تصور تھا جو کہ مولانا مودودی ؒ اور مسلم لیگ کی قیادت کی طرف سے مختلف طریقوں سے اظہاراتی زبان میں اس وقت سامنے آ رہا تھا۔
اس کے بر عکس مولانا آزاد کا متحدہ قومیت کا سیکولر تصور جو انسانیت پروری و پرستی کی تھیالوجیکل (قرانی) مگر سیکولرائز دعوے کے ساتھ تھا۔ وہ بھی ہمیں میثاق مدینہ کی اس بنیادی سپرٹ سے کوسوں دور نظر آتا ہے۔ بلکہ اینٹی لگتا ہے۔
میثاق مدینہ میں مشرکین مکہ اور یہودیوں کے ساتھ معاہدے کا پورا نقشہ موجود ہے۔ لیکن ان کے لیے شرائط الگ ہیں۔ حتیٰ کہ اہل کتاب (یہود) اور دیگر مشرکین کے ساتھ میثاق مدینہ کی شرائط کی باڈی لینگوئج مختلف ہے اور پھر میثاق مدنیہ میں سب فریقین میں اختلاف و نزاع کی صورت میں حضرت محمد ﷺ کی اتھارٹی کو فیصلہ کن تسلیم کیا تھا۔ یہ ایک طرح سے دینی تناظر میں مسلم سیاسی طاقت و قوت کا اظہاریہ تھا۔ یہ اس طرح سے تھا کہ مسلمان الگ قوم کی حیثیت سے اپنے ملت کے تصور و تشخص کو بھی بر قرار رکھیں اور جغرافیائی وحدت کی بنیاد پر اکٹھا رہنے والے مسلمانوں کی طرف سے غیر مسلموں کے ساتھ مل کر وطنی قومیت کے سانچے میں اپنی شرائط اس طرح ڈھالیں کہ ملی و دینی تناظر تر جیحی اور اولین رہے اور معاہدہ کے ذریعے سے وہ، غیر مسلم جو اس جغرافیائی حدود مین معاہد کی حیثیت سے رہیں وہ تعاون و تحفظ حاصل کر لیں۔ اور قومی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر سکیں یہ بالکل وہی فیضان ہے جو قیام پاکستان کے بعد سیاسی اور آئینی قانون سازی کے ذریعے سے مختلف اقلیتوں کے تناظر میں حاصل کیا جارہا ہے۔ اس لیے مولانا آزاد کا میثاق مدینہ کی مثال کو سیکولر ہندوستانی نیشنلزم کی تخلیق اور ہیت گری کے لیے استعمال کرنا، خلط مبحث، رونگ لیولنگ اور سیاسی اصولوں او تصورات کی سیکولررایزیش تھی جو ان کی ابتدائی ملی اپروچ ( جو الہلال جریدے میں 1912 سے 1914 تک ہمارے سامنے آتی ہے) کے بھی بر خلاف اور متضاد تھی۔ نتیجتاً یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ دین اسلام کی سیاسی جہات کو سیکولرائز کر چکے تھے۔ اور ان کی عبقری شخصیت کی ہمہ گیری اور مخصوص سماجی و سیاسی ماحول میں ان کا یہ موقف ان کے لیے اس قدر فطری ہو چکا تھا کہ انہیں سیکولر ہندوستانی نیشنلزم کی تر ویج اپنی بنیادی مذہبی تھیالوجی سے متناقص و متضاد سیاسی اپروچ ہی نہیں لگتی تھی۔ اور ان کے نزدیک ہندوستانی مسلمان کا وجودی تشخص کا سوال اور مسلمانوں کے سیاسی طور پر وجودی تناظر میں با اختیاد بنانے اور رہنے کا سوال، محض ایک سیاسی معاملہ لگتا تھا۔ جیسا کہ وہ اپنی کتاب حیات سر مد میں بھی بیان کرتے ہیں۔ ۔
’’ایشیا میں ہمیشہ پالٹکس(سیاست) مذہب کی آڑ میں ہو رہی ہے اور ہزاروں خون ریزیاں جو پولیٹکل اسباب سے ہو رہی ہیں انہیں مذہب کی چادر میں چھپا دیا جا تا ہے۔ یوں لگتا تھا کہ 1920 کے بعد سے مولانا آزاد کی متحدہ سیکولر نیشنلزم پر مبنی قومت کا تصور مسلمانوں کے لیے دینی تناظر میں علیحدہ سیاسی طاقت کے تصور سے یکسر عاری اور خالی تھا۔ اور مولانا کے ذہن میں دینِ اسلام کے کلی مفہوم کے تحت، دین کسی جہات کے حوالے سے کسی خاکے، لائحہ عمل اور سٹرکچر کی گنجائش نہیں تھی۔ یہ بعینہٖ وہی نتیجہ ہے جو مذہب اور سیاست کی علیحدگی کے تصور سے پھوٹتا ہے اور سیکولرائز سیاسی نظریے کافطری اظہاریہ ہے۔ اور تہذیبی تناظر میں ان کی طرف سے یہ نہایت فطری مطالبہ بھی تھا۔ جو اس مذہبی و دینی تناظر و تھیالوجی کے تکمیلی اجزاء کا حصہ تھا اور جو مسلمانوں کے فکر و عمل کو تصور دین کی جامعیت کے ساتھ اور بامعنی مقالیت کا حصہ بنا کر مکمل کرنے والا تھا۔ ملی بنیادوں پر مسلمانوں کے لیے جداگانہ قومیت اور تشخص رکھنے کا مطالبہ نہ صرف مسلمانوں کو ایک حقیقی شناخت کے ساتھ منسلک کرتا تھا، متحد کرتا تھا بلکہ زیادہ سے زیادہ جامعیت کے ساتھ، ان کے تصور دین کے ساتھ منسلک کرنے والا بھی تھا۔ اس کے بر عکس متحدہ ہندوستانی قومیت کا موقف مسلمانوں کو ان کے دینی تناظر اور مذہبی تھیالوجی کے بالمقابل ایک کشمکش اور متناقض صورتحال سے دو چار کرنے والا تھا۔ اور ان کی قوت اور سیاسی طاقت کے ممکنہ پوٹینشل اور قوت کو غیروں کا دستگیر بنانے والا تھا۔ اور ان کی مثبت توانائیاں منتشر کر کے اغیار کے مقاصد کی تکمیل کے لیے ایندھن بنانے والا تھا۔ اس لیے مسلمانوں کے وہ سیاسی حلقے جنہوں نے کسی بھی وجہ سے سیکولر نیشنلزم پر مبنی آزاد کے نظریے کو اپنایا تھا۔ انہوں نے عام ہندوستانیوں کو کنفیوز، منتشر خیالی سے دوچار اور گمراہ کر دیا۔ جس کا ہندوستانی مسلمانوں کو بے پناہ نقصان اٹھا نا پڑا۔
Pelay hardy امریکہ کے معروف پرفیسر اور تاریخ دان ہیں انہوں نے اپنی کتاب Muslim in British India میں اس لیے پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا:
’’ مولانا آزاد کے متحدہ قومیت کے نظریے نے تقسیم کے بعد بھی ہندوستانی مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچایا کیونکہ آزادی کے بعد مسلمان وہاں علیحدہ سیاسی سپیس کے لیے (ہندو اکثریت) سے بار گیننگ نہ کر سکے اور نہ ہی مذہب کی بنیاد پر مسلم شناخت و تشخص کی بنیاد پر اپنے لیے حقوق کا مطالبہ کر سکے۔
سیکولر ہندوستانی نیشنلزم پر مبنی متحدہ قومیت کے کانگریسی موقف کی حمایت کرنے والے ہندوستانی مسلمان اس فرق کو سمجھنے سے قاصر رہے کہ بر صغیر میں انگریزوں کی آمد اور قبضے تک برصغیر میں سیاسی طاقت مسلمانوں کے ہاتھ میں مجموعی طور پر رہی۔
مسلم حکمران چاہے سیکولر ہوں یا پھر مذہب پسند وہ اس ریفارمڈ تھیالوجیکل مجبوریوں سے آزاد تھے جس سے ایک غیر سیکولر ہندو سیاسی حاکم بندھا ہوا ہوتا ہے۔ جمہوریت، بھید بھاؤ، طبقاتی کلاس کا نظام جو ہندو مت کی تحریف شدہ مذہبی تھیالوجی سے پھوٹتا ہے۔ وہ اس وقت معاشی برتری کے باوجود مرکزی سیاسی طاقت و قوت سے محروم تھا۔ اگر راجوں، نوابوں کو محدود سیاسی اقتدار نصیب ہوتا بھی تھا تو بھی وہ اپنے اور دیگر کے مخصوص سیاسی و مذہبی مسائل کی وجہ سے لڑائیوں میں مصروف رہتا تھا۔ مسلم حکمرانوں کو انگریزوں کی آمد سے قبل ان داخلی لڑائیوں میں ہبت زیادہ قوت اور وقت صرف کرنا پڑتی ہے۔ اس ہے مولانا آزاد کی مفروضاتی خوش گمانی گمراہ کن تھی۔ کہ سیاسی قوت و اقتدار کے بعد بھی ایک ہندوستانی ہندو بھی کسی برطانوی انگریز کی طرح حکومت کرے گا اور غیر متعصب اور سیکولررائز ہو گا۔
متحدہ ہندوستانی قومیت کے حاملین نے اس غلط سیاسی مفروضے کو فروغ دیا اور انگریزوں کی آمد سے قبل جس طرح صدیوں مسلمانوں نے ہندوستان پر حکومت کی تھی۔ انگریزوں کے جانے کے بعد بھی ہندوؤں کے ساتھ اسی احساس کے ساتھ سیکولر نیشلزم کی بنیاد پر سیاسی اشتراک ِ عمل کر سکتے ہیں۔ لیکن اتنا بڑا مفروضہ حقیقت کے نمونے کے طور پر پیش کرتے ہوئے کانگریس نواز مسلم رہنما و سیاستدان بھول جاتے تھے۔ انگریزوں نے بر صغیر میں سیاسی طاقت و قوت مسلمانوں سے چھینی تھی۔ مسلمان حکمران چاہے سیکولر رائز ہوں یا دین پسند انہوں نے اپنی سیاسی جہات میں انتظامی بندوبست سنبھالتے ہوئے، وسیع المشربی و رواداری کی ایسی جہات پیدا کر رکھی تھیں جس کی وجہ سے برصغیر میں امن و امان ممکن ہو سکا تھا۔ مسلم حکمران انتظام کا ر سنبھالتے ہوئے شعوری و لاشعوری طور پر اسلامی تہذیبی عناصر کو بنیادی مقام دیتے تھے۔ حالانکہ ان سب کے باوجود دوسری طرف سے فطری تنگ نظری اور دیگر مسائل کی وجہ سے مسلمان حکمرانوں (چاہے مذہبی ہو یا سیکولر) کا بیشتر وقت، انرجی، سیاسی وسائل ان ریشہ دوانیوں کو نیوٹرو لائز کرنے میں گزارتا تھا۔ مرہٹوں سکھوں اور دیگر غیر مسلم اقلیتوں اور گمراہ کن رجحانات کا سامنا کرنے میں صرف ہوتا تھا۔ شرکیہ اعمال، طبقاتی نظام، چھوت چھات، کلاس سٹرکچر میں تقسیم یہ کمیونٹی کو جب بھی تاریخ انسانی میں اقتدار نصیب ہوتا تھا۔
ان کی ریفارمڈ مذہبی تھیالوجی پر مبنی تعلیمات کی وجہ سے، مختلف قسم کے تعصبات پیدا کر دیتا تھا۔ جس سے انحراف کرنا سیکو لر سے سیکولر ترین ہندو کے لیے بھی ناممکن ہو جاتا تھا۔ اور یہ احساس ایک فطری قدر بن کر ابھرتا تھا کیونکہ ان کی تحریف شدہ تھیالوجی میں اس کے امکانات موجود رہتے تھے۔
اس طرح دوسری طرف تمام ایسے ہندوستانی مسلمانوں کے لیے جو صدیوں تک سیاسی طاقت کے نگران رہے اور شعوری طور پر اپنے تصور دین کو سیاسیات تک اور سیاسی قوت و طاقت کی ضرورت کے احساس تک پھیلا رکھا تھا۔ ان کے لیے بھی اس تنگ نظری پر احتجاج کرنا ممکن نہ تھا کہ وہ سیکولر نیشنلزم پر مبنی آزاد کے متحدہ قومیت کے واہمے کو ہضم کر لیتے، کانگریس نواز مسلم علما اور سیاسی رہنماوں کا پروپیگنڈا کہ ملی تشخص سے منسلک جدا گانہ قومیت کے تصور، تحریک پاکستان اور تقسیم ِ ہند نے مسلمانوں کو انتہا پسند بنا دیا ہے۔ یہ اپنی اصل میں بے اصل اور بے حقیقت دعویٰ تھا۔ کیونکہ انیسویں و بیسویں صدی میں بھی اس انتہا پسند ی کے آثا ر موجود تھے۔ جو کی تقسیم ہند سے بہت پہلے سے یکطرفہ نوعیت کی ہندوؤں میں موجود تھی۔ جیسے 1903 میں بنگال کی تقسیم پر ہندو مڈل کلا س کے مسلمانوں کے خلاف تعصبات کا ظاہر ہونا۔ تحریک خلافت کے دوران مالابار (کیرالہ) میں غریب مسلمان کسانوں پر جاگیر دار ہندوؤں کے مظالم اور اس قسم کے سینکڑوں واقعات اور بھی تھے۔ اس تناظر مں سنجیدہ مغربی ماہرین متفق رہے کہ ہندو مسلم اتحاد اور اس بنیاد پر مشترکہ قومیت کی تشکیل ایک غیرفطری اتحاد اور تصور ہے جس کی گواہی ہندوستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ بلکہ ہندو اور مسلمان کا اکٹھے رہتے ہوئے باہمی کشمکش کی صورتحا ل میں رہنا عین فطری ہے۔ اور یہ صورتحال اس وقت اور زیادہ ابتر ہو جاتی تھی جب مسلم اقلیت پر ہندو سیاسی اقتدار مسلط ہو جاتا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ انیسویں صدی کے اواخر اور بیسویں صدی کے آغاز میں جب برصغیر کے تعلیم یافتہ ہندو داخلی سطح پر ہندوستان کی آزادی کے لیے انتہا پسندانہ مذہبی تعبیرات کے تحت اکٹھے ہو رہے تھے۔
ان کی مذہبی داخلی سطح پر نسلیت پسندانہ نیشنلزم اس کا بین ثبوت ہے کہ ہندوستان کی تقسیم کے وقت گاندھی تمام ہندوؤں کی نمائندگی نہیں کر رہے تھے اور ہندوستان میں مذہبی بنیاد پر ہندوؤں میں انتہا پسندانہ رویوں کے شکار ہونے کے قوی امکانات و واقعات موجود رہے ہیں۔ کیونکہ مختلف سماجی اور سیاسی تحریکوں کے ذریعے سے وہ مسلمانوں سے بھی اپنے مذہبی دینی تھیالوجی کو عربی، ترکی یا ایرانی اثرات سے الگ کرنے کی بات کرتے تھے۔ سودیشی مسلمانوں کی تحریکوں کا مقصد یہی تھا کہ مسلمانوں کو ان کی مذہبی تھیالوجی کے اطلاقی جہات سے الگ تھلگ کر کے، سیکولر ائز بمفہوم ’’Hindic‘‘ کر دیا جائے۔ کیونکہ ان کے نزدیک مسلمان، عیسائی، بدھ اور سکھ ایسے ضدی بچوں کی طرح تھے جو ہندو مت کو چھوڑ کر اپنے گھر (ہندو مت) کا راستہ بھول گئے ہیں۔ اس لیے ہندوؤں کا قومی، مذہبی فریضہ ہے کہ ان گمراہ لوگوں کو اصلاح کرتے ہوئے ان کو گھر کا راستہ دکھائیں
مولانا آزاد اور ان کے ہمنواؤں کی طرف سے سیکولر نیشنلزم پر مبنی متحدہ قومیت کا تصور اس مفروضے کے تحت کام کررہا تھا کہ اگر ہندوستان کا نظام کار، ہندو اکثریت اور مسلمانوں کے سیاسی اشتراک ِ عمل کے ساتھ ملک کر چلایا جائے تو اس سے ہندوستانی مسلمانوں کے مجموعی دینی تناظر، اور خود مسلمانوں کی دینی وسیاسی آدرشوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا گویا مسمانوں کے سیاسی و معاشی حقوق اور دین میں ’’فتنہ‘‘ باقی نہ رہنے کا سیاسی نصب العین، اس مشترکہ ہندوستانی قومیت کے ذریعے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
حالانکہ یہ بہت بڑا مفروضہ اور واہمہ تھا جو کانگریسی مسلمانوں نے سوچے سمجھے بغیر اختیار کر لیا۔ بہر حال تاریخی گوا ہی یہی ہے کسی بھی سیکولر ریاست کے تحت مسلمانوں کے لیے مشترکہ سیاسی اشتراک ِ عمل، مسلمانوں کی تھیالوجی کی سیاست جہات اور سیاسی اصولوں پر سمجھوتہ کئے بغیر ممکن نہیں ہے۔
اس کے مقابلے میں مسلم لیگ کی سیاسی قیادت بظاہر روشن خیال (ماڈرن) اور مذہب پسند مسلمانوں پر مشتمل تھی لیکن اس ظاہر ی فرق کے باوجود یہ دونوں طبقات مسلمانوں کے لیے جدا گانہ قومیت اور مسلم شناخت کے تحت سیاسی طاقت کی ضرورت کا احساس، مشترکہ قدر کے طور پر موجود تھا۔ جو تحریک پاکستان کے اوائل سے آخر تک بر قرار رہی۔ یہی مشترکہ قدر پر مبنی احساس، جدا گانہ قومیت پر مبنی ملی تشخص اور دو قومی نظریہ کی بنیاد ہے۔ اور قیامت تک رہے گی۔ یہی دو قومی نظریے کی قد ر ہے، جو بر صغیر کے مسلمانوں کو، ایک حد سے زیادہ سیکولرائز نہیں ہونے دیتی اور مجتمع سیاسی طاقت کو مسلمان کرنے کی آدرش پیدا کئے رکھتی ہے۔
مولانا آزاد اور انکے ہمنوا جس متحدہ ہندوستانی قومیت کے واہمے کی ترویج کر رہے تھے۔ وہ اجتماعی سطح پر اس سیاسی قدر اور تصور کو فنا کردینے والا تھا۔ چاہے مولانا آزاد عظمت ِ رفتہ کے قصص سناتے رہیں۔ چاہے مولانا آزاد مسلمانوں کو بہادر بننے اور تہذیبی قوت کی موجودگی اور زندگی کے آثار پیدا کر کے جھوٹی امیدیں اور سرور پیدا کرتے رہیں۔ لیکن سیاسی قوت میں کسی ایک ہندو سر براہ کی تنگ نظری کے سامنے یہ ریت کے گھروندے کی طرح ڈھے جاتے ہیں۔ جیسا کہ 1948 میں سردار پٹیل نے کلکتہ میں تقریر میں کہہ دیاتھا کہ ’’ جو ہندوستانی مسلمان، ہندوستان میں رہ گئے ہیں وہ کیسے ایک دن کے بعد اٹھ کر ہمیں کہہ رہے ہیں کہ اب ہم ہندوستان اور ہندوستانی حکومت کے وفادار ہیں، جبکہ ان میں سے اکثریت مسلم لیگ کا ساتھ دیتے رہے ہیں۔ اس موقع پر سردار پٹیل نے ہندوستانی مسلمانوں کے لیے جو لفظ استعمال کیا تھا وہ طنز و حقارت سے بھر پور تھا
انہوں نے کہا ’’ یہ جو تین چار کروڑ (مسلمان) یہاں پڑے ہیں ‘‘
یہ لفظ انہوں نے دو دفعہ استعمال کیا، یوں لگتا ہے جیسے مولانا آزاد کی مشترکہ ہندوستانی قومیت کا واہمے پر یقین رکھنے والے ہندوستانی مسلمانوں کا ذکر نہ ہو رہا ہو بلکہ کسی ناپسندیدہ، لاغر و کمزور بیمار بھیڑ بکریوں کا ذکر ہو رہا ہو۔
کانگریس نواز سیکولرائز مسلمان جو ابھی بھی مولانا آزاد کے سیکولر نیشنلزم پر مبنی متحدہ قومیت کے واہمے پر اعتبار کئے بیٹھے ہیں وہ ان واضح آثار کے با وجود بھی ایک دھند آلود تہہ ان واضح تاریخی آثار پر گرانے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ وہ شاہد ہیں اور ایسے سینکڑوں ہزاروں امتیازی واقعا ت کے گواہ ہیں۔ جن میں ہندوستانی مسلمانوں کے سماجی و سیاسی طور پر با اختیار بننے کے امکان کی زبر دست مخالفت اور مزاحمت کی جاتی ہے اور عصر حاضر میں ان کے روحانی وارثوں نے، ہندووتا بیسڈ ہندوستانی نیشنلزم کے ذریعے سے، اس امتیازات کو ہی نارمل بنا دیا گیا ہے۔
لیکن ہندوستانی مسلمان, مولانا آزاد کی طرح self denial سٹیٹ پر کھڑا ہے اس کی حوادث زمانہ پر کیا گرفت ہو کہ ان کا تو اپنی ذات پر بھی کنٹرول باقی نہیں رہ سکا ہے۔ ہندوستانی مسلمان مسلسل چالیس سالوں سے بر ہمنی اناؤں کی تشفی کے لیے اپنے تہذیبی اصولوں اور آدرشوں پر سمجھوتا کرتا آ رہا ہے۔ لیکن دوسری طرف اسں کےلئے ہندو اکثریت کی طرف سے، ہندوستانی قومیت میں ادغام کی بجائے ’’Do more ‘‘ کا مطالبہ سامنے آ جاتا ہے۔
یہ بر صغیر کے ہندوستانی مسلمان کا المیہ ہے۔ متحدہ ہندوستانی قومیت اور سیکو لر نیشلزم پر مبنی متحدہ ہندوستانی قومیت کے نظریے کے منفی اثرات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
مولانا آزاد کے سیکولر نیشنل ازم نے ہندوستانی مسلمانوں کو تقسیم کیا۔
بلاشبہ مولانا آزاد کے سیکو لر نیشنلزم پر مبنی متحدہ قومیت کے سیاسی نظریے نے ہندوستانی مسلمانوں کو سیاسی و فکریاتی سطح پر کنفیوز کر کے کمزور کیا۔ انھیں گروہوں میں بانٹ دیا۔ انھیں دین کی کلی تعبیر سے بد گمان، متنفر اور بے نیاز کیا ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کی قابل ذکر تعداد کو تحریک پاکستان کے دوران مسلم لیگ کی سیاسی، سماجی اور دینی مخالفت پر آمادہ کیا۔ جس کی وجہ سے کانگریس کے ساتھ مسلم لیگ کی سیاسی بارگیننگ (جوڑ توڑ) مسلمانوں میں باہمی طور پر ایسی نفرت و تعصب کو فروغ دیا جس کی لپٹیں آج بھی مسلمانوں کو اجتماعیت اور سیاسی ہیت کو جھلسا رہی ہیں۔ اور سرحد کی دوسری طرف بھی لبرل و سیکولر مسلمانوں کو گمرا ہ کرنے اور مسلم سیاسی طاقت کے تصور، ہیت اور حیثیت سے بد گمان اور بد ظن کرنے میں مصروف ہیں۔
مولانا آزاد کے مشترکہ سیکولر نیشنلزم پر مبنی ہندوستانی قومیت کے نظریے نے ہندوستانی مسلمانوں کو جن نفرت و تعصبات کی بنیاد پر تقسیم کیا۔ اس نے پاکستان میں مسلم سیاسی طاقت اور دفاعی قوت کے مثبت اظہاریے کو ایک استعماریت کے تسلسل میں تبدیل کیا ہے جو کہ سراسر غیر حقیقی دعویٰ ہے اور جو کہ ہر لحاظ سے واہمہ تھا۔ مثلاً مشرقی پاکستان میں بنگالیوں کی تمام محرومیوں کی علت نوزائیدہ پاکستان کو ٹھہرایا گیا۔ اور انگریزی استعماری دور میں غیر منقسم بنگال کے دورانیہ میں، وسائل یافتہ ہندو بنگالیوں کے استحصال کے قبیح اثرات کو چھپا دیا گیا۔ مغربی پاکستان کسی طرح بھی دور استعمار میں مشرقی پاکستان میں ہونے والی محرومیوں کا ذمہ دار نہیں تھا۔ لیکن بنگالی سیکولر نیشنل ازم کے ذریعے سے نفرتوں کا مصنوعی خلیج اور کوہ ہمالیہ کھڑا کر دیا گیا۔
مولانا آزاد کے مشترکہ ہندوستانی قومیت کے نظریے نے سیکولر بنیادوں پر مسلم قوم پرستی کے شدید اثرات اور تعصبات کا شکار ہونے سے کسی قدر محفوظ رہے، وہ کمیونسٹ اور سوشلسٹ تحریکوں اور ریڈیکل ازم کی کانوں کا نمک بن گئے۔
نفرت بد گمانیوں اور اندروبی خلفشار کی فالٹ لائنز کے یہ پھیلے سلسلے آج بھی مزید پھیل رہے ہیں۔ جبکہ مولانا آزاد کی اس منفی آئیڈیالوجی نے دینی تشخص پر مبنی جدا گانہ قومیت اور مسلم سیاسی طاقت کے ایمان آفرین تصور کو مسلمانوں کی سر زمین پر اپنے اذہان میں سے ایک اجنبی بت بنا کر رکھ دیا، مولانا آزاد کے سیکولر نیشنلزم کے نظریے کی بھاری قیمت، حیدر آباد، دکن، جونا گڑھ اور کشمیر کو ادا کرنا پڑی حتیٰ کہ جودھ پور کے راجستھانی حکمرانوں کو بھی جو 1948 میں ہندو ہونے کے باوجود جنھیں پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے میں عد ل و انصاف کے تقاضے زیادہ پورا ہوتے دیکھ رہے تھے۔
ان ریاستوں (خطوں) میں تحریک پاکستان کا ساتھ دینے والے مسلمان موجود تھے لیکن متحدہ قومیت کے حامل کانگریسی مسلمانوں کی کنفیوز آبادی نے ان کے دینی آدرشوں کو پامال کیا۔ بہار کے مظلوم پاکستانیوں کے قتل عام اور پنجاب کے فسادات کو سہل بنا دیا۔
سیکولر نیشنل ازم پر مبنی قومیت کے نظریے نے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو مستحکم بنانے میں مدد دی کیونکہ اس وقت کے حالات میں بھارت یہی دعویٰ کرتا تھا کہ مسلم لیگ، ہندوستانی مسلمانوں بشمول کشمیری مسلمانوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت نہیں ہے۔ کشمیری مسلمان بھی بھارت کے جغرافیے کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ دین (مذہب) پر مبنی می شناخت کے بجائے جغرافیائی شناخت کی بنیاد پر قومیت کے تصور کو فروغ دے رہے تھے۔ جسے کانگریسی رہنما سردار پٹیل نے قوت اور طاقت اور جبر کے ذریعے سے بھارت کے ساتھ الحاق کرنے پر مجبور کردیا۔ بنگال اور پنجاب کی تقسیم میں جب فسادات پھوٹ پڑے تو مولانا آزاد کی منقسم کرنے والے سیکولر نیشنل ازم پر مبنی نظریے نے ہندوستانی مسلمانوں کو مزید تقسیم کر دیا۔ جو ہندوستان مولانا آزاد سے متفق تھے انہوں نے سر دار پٹیل جیسے کٹر ہندو قوم پرست کانگریسی رہنما ؤں کی ہندوستان سے وفاداری والی شرط اور کسوٹی اور کڑے معیارات پر پورا اترنے کے لیے۔ بہار، پنجاب کے دیگر ہندوستانی مسلمانوں سے فاصلہ کر لیا جو پاکستان کے حامی تھے۔ اور وہ ان کی اس قیامت خیز گھڑیوں میں بھر پور طریقے سے مدد بھی نہ کرسکے۔
نتیجتاً متحدہ قومیت کے سیکولر نیشنل ازم پر مبنی نظریے نے ایسی حقارت آمیز نفرت و بیگانگی کو جنم دیا جس کی وجہ سے ہندوستانی مسلمانوں کی اکثریت ہمیشہ کے لیے پاکستانی مسلمانوں کے حوالے سے بد گمانی و بد ظنی کا شکار ہو کر رہ گئی۔ اور ہندوستانی مسلمانوں کو پاکستانی مسلمانوں کے حوالے سے مصنوعی یا نفرت کا ایسا خول خود پر چڑھانا پڑا جو ان کے دینی تناظر، مذہبی تھیالوجی اور ورلڈ ویو کے بالکل مخالف سمت میں انہیں لا کھڑا کرتا ہے۔ اور ہندوستانی مسلمانوں کے بالخصوص اور بر صغیرپاک و ہند کے مشترکہ ملی مستقبل کے راستوں کو مسلسل دھند آلود رکھتاہے۔
