گزشتہ چند روز ملکی سیاست کے بحر کو بیکراں کر رہے ہیں۔ سیاسی فضا پر نظر آتا غبار کسی سیاسی طوفان کا پیش خیمہ محسوس ہوتا ہے۔ اگر الیکٹرانک میڈیا کو دیکھیں تو کوئی فلمی سین کا کلائمیکس لگتا ہے۔ مگر اس سارے جمہوری عمل میں جمہور کی خاموشی اور لاتعلقی کا احساس ملتا ہے۔ جوڑ توڑ کی سیاست جو نظریات سے عاری ہو کبھی عوامی دلچسپی کا باعث نہیں بن سکتی۔ عوامی مسائل کے حل کا کوئی لائحہ عمل کسی سیاسی خیمے سے سامنے نہیں آرہا۔ ایک صدا سنائی دے رہی ہے، حکومت کی تبدیلی۔ ملکی معیشت اور بدانتظامی کئی دہائیوں سے اشرافیائی جمہوریت کی نااہلی کی تصویر پیش کرتی ہے۔ انتخابات اور سیاست میں عوامی عدم دلچسپی واضح رہی ہے۔ بدعنوانی یقینا ایک بڑا مسئلہ ہے مگر بنگلہ دیش اور ہندوستان جیسے ممالک نے یہ ثابت کردیا ہے کہ انتظامی ڈھانچے میں قابلیت ہوتو بدعنوانی کے باوجود ایسی معاشی ترقی ممکن ہے جس کے اثرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ بنگلہ دیش ہماری طرح کے مسائل سے دوچارر ہونے کے باوجود ہم سے تقریبا چار گنا زیادہ برآمدات کررہا ہے۔ بنیادی فرق یہ ہے کہ ان دو ممالک میں بدعنوانی اور لاقانونیت کے باوجود متوسط طبقے تک معیشیت کے ثمرات پہنچے ہیں۔ ہمارے ہاں اشرافیائی جمہوریت اور معیشیت نے ہی ترقی کی منازل طے کیں اور متوسط طبقہ خوشحالی کے اس عمل میں شراکت دار نہیں بن سکا۔اس سبب کی بنیادی وجہ تاریخ میں کھوجنی چاہیے تا کہ موجودہ حالات کی وجوہات کا تجزیہ کیا جا سکے۔ ابن خلدون تاریخی واقعات کو اسباب اور اثرات کے پلڑوں میں پرکھنے پر زور دیتا ہے۔ تقریبا گزشتہ چھے دہائیوں سےسیاسی اشرافیہ اور سول ملٹری بیوروکریسی ہمارے ہاں اقتدار کے اصل شراکت دار ہیں۔ بیسویں صدی کی اہم ترین ایجاد کمپیوٹر کہی جاتی ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت کے اظہار کا اہم ترین ذریعہ شمار کیا جاتا ہے۔ اسکے پرزہ جات میں موجود سوفٹ وئیر اسکے کام کرنے کے طریقہ کار کو وضع کرتا ہے، جسے عام طور پر ونڈوز کہا جاتا ہے۔ ہمارے ملک کا سیاسی نظام بھی ایک کمپیوٹر کی مانند ہے جو مسائل کے حل کرنے میں مددگار ثابت نہیں ہوتا کیونکہ اسکے کام کرنے کے طریقہ کار سے خاطرحواہ نتائج برآمد نہیں ہو رہے۔
تقسیم اور آزادی کے بعد ملک کے اقتدار میں افسر شاہی کا براہ راست کردار اس وقت بڑھا جب ملک غلام محمد، سابقہ بیوروکریٹ کو 1951ء ملک کا گورنر جنرل بنادیا گیا۔ ملک کے منتخب وزیراعظم کوانکے ہاتھوں بے آبرو ہو کر رخصت ہونا پڑا۔ پہلی دستورساز اسمبلی بھی انکے غیض وغضب کے زیر اثر خالق حقیقی سے جا ملی اور نظریہ ضرورت نے اسکے بطن سے جنم لیا۔ پہلے مقامی کمانڈر انچیف جنرل ایوب خان کو توسیع دے کر کابینہ میں شامل کیا گیا تو ملٹری بیوروکریسی بھی اقتدار کا حصہ بنی۔ 1955ء میں سابقہ میجر و سیکرٹری دفاع، اسکندر مرزا گورنر جنرل اور بعد ازاں صدر بن بیٹھے۔ بڑی سیاسی مزاحمت مشرقی پاکستان سی یوئی جہاں اپوزیشن اتحاد، جگتو فرنٹ، مشرقی پاکستان کے 1954ء کے صوبائی انتخابات میں 300 میں سے 290 نشستیں حاصل کرکے حکومت کی مقبولیت پر سوال کھڑا کرگیا۔مگر اس منتخب حکومت کو سو دن بعد برخاست کرکے گورنر راج نافذ کردیا گیا۔ وزرائے اعظم کی تبدیلیوں کا سلسہ 1958ء کے مارشل لاء پر جاکر تھما۔ اب اقتدار براہ راست عسکری قیادت کے ہاتھ میں تھا۔ افسر شاہی اب مددگار کے کے کردار میں سمو گئی۔ 1954ء میں ہی ہم امریکہ کے مغربی بلاک میں شامل ہوئے تو امریکی امداد اور بین الاقوامی قرضہ جات کا در بھی کھل گیا۔ 1958ء کی مارشل لاء حکومت نے نئی معیشیت کے ساتھ نئی اور بنیادی جمہوریت کی بنیاد بھی رکھی۔ ایبڈو قانون کے ذریعے سات ہزار سیاستدانوں کو دیوار کے ساتھ لگایا گیا۔ حسین شہید سہروردی اس حکومت کے سب سے بڑے حریف تصور کیے جاتے تھے کیونکہ وہ مشرقی پاکستان سے تعلق رکھتے تھے مگر مغربی پاکستان میں بھی مقبول تھے۔ تاہم صدارتی نظام نے مارشل لاء کو جمہوری شکل عطا کی۔ نئی سیاسی اشرافیہ کھڑی کی گئی جو اسی نظام کے زیر سایہ پروان چڑھی۔ مغربی امداد اور قرضہ جات کے بطن سے برآمد ہوتی ہوئی ترقی سے یہی ابھرتی ہوا سیاسی طبقہ فیض یاب ہوا۔ بڑی صنعتوں نے بڑے صنعتکار پیدا کیے جو سیاست سے وابستہ تھے۔ نوزائیدہ سیاسی طبقے نے سیاست کو ملکی کے بجائے ذاتی معیشیت سے جوڑ لیا۔ معروف ماہر معاشیات، ڈاکٹر محبوب الحق، یہ شہرہ آفاق جملہ کہ کر کابینہ چھوڑ گئے کہ ملک کے اسی فیصد وسائل محض بائیس خاندانوں میں مرتکز ہیں۔ اس معاشی ترقی کا محور مغربی پاکستان تھا اور مشرقی پاکستان محرومیوں کے احساس میں مزید لپٹ گیا۔
مشرقی پاکستان کی علیحدگی نے سیاسی اشرافیہ کو مزید تقویت بخشی کیونکہ یہاں محدود مزاحمت جو بنیادی طور پر بائیں بازو تک محدود تھی، بآسانی کچل دی گئی۔ 1977ء کے مارشل لاء نے سیاسی اشرافیہ کو پھر مواقعے فراہم کیے اور افغان جہاد نے مزید بیرونی امداد کے۔ سیاسی اشرافیہ میں وسعت اور انکی معاشی حالت میں مزید ترقی ہوئی۔ سرمایہ دارانہ جمہوریت کے کا ملغوبہ، جسے اب ہائیبرڈ سیاسی نظام کہا جاتا ہے، دراصل اسی سیاسی معیشیت کے گود میں بالغ ہوا۔ متوسط اور نچلے طبقے کی کم ہوتی ہوئی مزاحمت جو 60 کی دہائی کے اختتام میں پروان چڑھی، کو جبرا دبا دیا گیا۔ اسکی مثال 2فروری 1978ء کے کالونی ٹیکسٹائل مل کے سانحے سے لی جا سکتی ہے جب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے احتجاج کرنے والے نہتے مزدوروں کو گولیوں سے بھون ڈالا۔ 1988ء سے 1999ء کے دوران جمہوری کہلائی جانے والی حکومتیں بھی ووٹ عوام سے لے کر آئیں، مگر اقتدار اسٹیبلشمنٹ سے سمجھوتے کر کے حاصل کیا۔ 1999ء کے مارشل لاء کے بعد مختصر مدتی معاشی ترقی کے ثمرات پھر سیاسی اشرافیہ نے سمیٹے۔ اگر 1958ء سے اب تک تمام ادوار کا جائزہ لیں تو چاہے مارشل لائی جمہوریت ہو یا جمہوری مارشل لاء ایک ہی طبقے کو اقتدار میں شمولیت کا موقع ملا ہے۔ موجودہ حالات میں بھی حکومتی تبدیلی جیسی بھی ہو، آسکا محور سیاسی اشرافیہ کا اسٹیبلشمنٹ سے ہونے والا شراکتی اقتدار کا سمجھوتہ ہوگا۔ اس اشرافیائی جمہوریت کی تربیت کے دوران یہ بات انکی سرشت میں شامل ہوگئی کہ سیاست اور کاروبار باہم چل سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں کاروبار سیاست، سیاسی کاروبار بن کر رہ گیا۔ باشعور عوامی متوسط طبقہ سیاسی عمل سے ہی غیر متعلق ہو گیا ہے کیونکہ انھیں اس عمل میں شمولیت بے سود نظر آتی ہے۔ اس اشرافیائی یا سرمایہ دارنہ جمہوریت کے تسلسل نے نا اہل حکمران طبقہ پیدا کیا۔ اس نا اہلی کی سزا ہمارا بوسیدہ انتظامی ڈھانچہ ہے۔ ریاست ایک جسم ہے اور ادارے اسکے عضو۔ اس نااہلی کی بدولت ریاستی ادارے لاغر ہوتے جارہے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی قیمت عام آدمی کو بڑھتے ہوئے سماجی و معاشی مسائل کی صورت میں چکانی پڑ رہی ہے۔ ہمارے سیاسی نظام کے کمپیوٹر میں 1958ء میں جو ونڈو ڈاؤن لوڈ کی گئی تھی اب اس میں بہتری کی گنجائش بھی موجود نہیں رہی۔ اسے تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ اس میں متعلقہ امور کو سرانجام دینے کی صلاحیت نہیں رہی اور اشرافیہ و اسٹیبلشمنٹ کے ہائیبرڈ نظام میں سماج کے دیگر طبقوں کو اقتدار میں حصہ داری کیلئے موقع دینا ہوناگا۔ ایک بار ایک محفل میں کچھ دانشور اس بات پر بحث کررہے تھے کہ مستقبل میں پاکستان کے حالات بہتر ہونگے یا بدتر۔ اس محفل میں سگریٹ کے کش لگاتے ہوئے، فیض احمد فیض خاموشی کے بعد گویا ہوئے کہ ہمیں یہ تو نہیں معلوم حالات کب بہتر ہونگے۔ ہاں یہ خوف ضرور لاحق ہے کہ ملک جیسے چل رہا ہے کہیں ایسے ہی نا چلتا رہے۔
