Connect with us

شاعری

جنت کی ایک شام : ذوالکفل بخاری* کے ساتھ —- وحیدالرحمٰن خان

Published

on

( نثری نظم)


یار!

تمہاری تو جنت میں کنفرم سیٹ ہے

مگر اس خطاکار نے

خامہ خراب نے بھی

بوجوہ امید بہشت رکھی ہوئی ہے؛

تو ہم فرض کرتے ہیں

کہ جنت میں تمہارے محل سے متصل

میرا بھی پانچ مرلے کا مکان ہے،

اور ہم دونوں سر شام

تمہاری سیاہ رنگ موٹر سائیکل پر

سیر گل کو نکلتے ہیں؛

جنت میں بھی یقیناً کتابوں کی دکانیں ہوں گی،

ہم وہاں سے مفت میں بہت سی کتابیں خریدیں گے؛

واپسی پر علامہ اسلم انصاری کے دولت خانے پر بھی حاضری دیں گے،

وہاں چائے پیئیں گے

اور شراب علم بھی!

یاد آیا

میں دنیا میں تمہارے سامنے

سگریٹ پینے سے ڈرتا تھا!

یار! سچی بات ہے

میں جنت میں تمہارے سامنے

شراب پینے سے بھی شرماؤں گا!


*ذوالکفل بخاری ڈاکٹر وحیدالرحمن خان صاحب کے قریبی دوست اور رئیس الاحرار سیدعطااللہ شاہ بخاری  کے نواسے تھے۔ بہت عمدہ شاعر اور صاحب اسلوب نثرنگار تھے۔ جامعہ ام القریٰ سعودی عریبیہ میں انگریزی زبان وادب کے استاد تھے۔ وہیں ٹریفک کے حادثے میں شہادت پائی اور جنت المعلیٰ میں ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہ کی قبراقدس کی پائنتی میں پیوند خاک ہوئے۔

Trending