ڈاکٹر بصیرہ عنبرین اور اقبال اکادمی —- اعجازالحق اعجاز

0

پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین کو اقبال اکادمی پاکستان کا سربراہ بنے ایک سال بیت چکا ہے۔ ایک سال قبل جب ان کی تقرری ہوئی تو علمی و ادبی حلقوں کی طرف سے اسے سراہا گیا۔  ڈاکٹر صاحبہ تحقیق، تشویق اور تحریک کا مرقع ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں پروفیسر ہیں اور کچھ عرصہ یونیورسٹی کی اقبال چئیر پہ بھی فائز رہی ہیں۔ وہاں بھی انھوں نے بہت متحرک کردار ادا کرتے ہوئے یونیورسٹی کے بہت سے شعبہ جات میں متعدد کامیاب پروگرام منعقد کرائے اور طلبہ میں اقبالیات کا ذوق پروان چڑھانے کے لیے کام کیا۔ انھوں نے بہت سے ماہرین اقبال کے خصوصی لیکچرز کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ان کے آنے سے قبل یہ لیکچرز کبھی کبھار ہوتے تھے مگر اب آئے روز ہورہے ہیں جنہیں انٹر نیٹ پہ بھی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کلام اقبال کی گائیکی، مضامین نویسی اور بیت بازی کے بھی کئی مقابلے کروائے ہیں۔ مختلف اداروں میں اقبال اکادمی کی تصانیف کی نمائشیں بھی لگائی جارہی ہیں۔ اگلے ماہ وہ عالمی اقبال کانفرنس کرانے جارہی ہیں۔ ایک اور بہت اچھا کام ان کے دور میں یہ ہوا ہے کہ اقبال اکادمی کی تمام تصانیف اب ایوان اقبال ہی سے خریدی جا سکیں گی کیوں کہ اکادمی کے بک سٹور کو میکلوڈ روڈ سے وہاں منتقل کیا جا چکا ہے۔ اکادمی کے مجلہ جات “اقبالیات”، “اقبال ریویو” اور “اقبال نامہ” اب باقاعدگی سے شائع ہونے لگے ہیں۔ ان کے دور میں اقبال اکادمی کی رکنیت سازی میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے۔

کرونا وبا کے باوجود انھوں نے بے مثل کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ کا محورِ نظر نوجوان نسل ہے اور وہ مسلسل نوجوان اقبال سکالرز کی حوصلہ افزائی اور راہنمائی کر رہی ہیں۔ وہ جونئیر سکالرز کے لیے راہیں ہموار کرتی ہیں اور انھیں نئے نئے پراجیکٹس کی ترغیب دلاتی رہتی ہیں۔ انھوں نے اکادمی کے معاملات کو تدبر اور فہم و فراست سے سنوارنے کی سعی کی ہے۔ ادارے سنگ و خشت کے پہاڑ کھڑے کر دینے اور بڑے بڑے فنڈز سے نہیں بلکہ مدارالمہام اور کرتا دھرتا لوگوں کے خلوص نیت، قابلیت اور سعی و عمل سے چلتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحبہ بنیادی طور پر ایک محققہ ہیں اور اقبالیات اور دیگر موضوعات پہ بہت سا بلند پایہ کام ان کے کریڈٹ پہ ہے۔ امید ہے کہ وہ اس ادارے کو ترقی کی نئی منازل سے آشنا کریں گی۔

(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Leave A Reply


Parse error: syntax error, unexpected '<', expecting identifier (T_STRING) or variable (T_VARIABLE) or '{' or '$' in /home/daanishp/public_html/wp-content/themes/daanishv2/footer.php on line 20