شریعت اہم ہے یا مقاصدِ شریعہ؟ کرونا وائرس : چند گذارشات —— باسط حلیم

0

[مقاصدِ شریعہ کی روشنی میں انسانی جان اور صحت کے تحفظ کے لیے خطبہ جمعہ اور نمازباجماعت کو موقوف کیا جاسکتا ہے۔]

مقدمہ نمبر۔۱
شریعت کا مقصد مصالح العباد ہے۔ شریعت کے اکثر احکام کے اخروی فوائد کے علاوہ دنیاوی فوائد بھی ہیں۔شریعت کا ایک مقصد حفظِ جان بھی ہے۔ حفظِ جان کے ضمن میں انسان کی زندگی اور صحت دونوں کا تحفظ شامل ہے۔ یعنی شرعی احکام کا مقصد انسان کی جان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اس کی صحت کی حفاظت بھی ہے۔
مقدمہ نمبر۲۔
شریعت جان کی حفاظت اور صحت مند زندگی کے لیے شرعی احکام کی اتباع حکم دیتی ہے وہیں شرعی احکام و تعلیمات سے یہ بھی مترشح ہوتا ہے کہ بیماری کے علاج سے احتیاط بہتر ہے۔ شرعی تعلیمات اور انسانی عقل علاج سے پہلے حفظان صحت کی تلقین کرتے ہیں۔اُن تمام عوامل کے سدِباب کا سبق اور درس ملتا ہے جن کے پھیلاؤ سے بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور پھیلتی ہیں۔
مقدمہ نمبر ۳۔
اہلِ علم کے نزدیک شریعت اور مقاصدِ شریعت دو الگ چیزیں ہیں۔شرعی احکام کا مقصد مقاصدِ شریعہ کا حصول ہے لیکن بعض مخصوص حالتوں اور صورتوں میں شریعت پر بعینیہ چلنے سے مقاصدِ شریعہ حاصل نہیں ہوپاتے۔ ان صورتوں میں شریعت اور مقاصد شریعت عبوری طور پر معارض ہوجاتے ہیں۔ ایسی صورتوں میں شریعت (یعنی شریعت کے احکام) کی بجائے مقاصدِ شریعہ کو اہمیت دی جاتی ہے۔بعض دفعہ تو مقاصدِ شریعہ کی بنیاد پر خود شریعت ہی میں متبادل حکم دیا ہوتا ہے لیکن عام طور مقاصد شریعہ کی بنیاد پر شرعی احکام کو موقوف کرنے یا عبوری طور پر متبادل حکم پیش کرنے کا کام مجتہدین پر (یعنی امت پر) چھوڑ دیا گیا ہے۔
مثال کے طور پر معروف ومنکرات میں اسلامی ریاست کی طرف سے کیے جانے والے تمام اضافے اور قیاس مقاصدِ شریعہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ اسی طرح دیگر فقہی معاملات میں بھی۔ مثلا نکاح کے لیے لڑکی کے والد کو ولی بنایا گیا ہے تاکہ اُس کے حقوق کا تحفظ ہوسکے لیکن جب ولی خود اپنی بیٹی کے حقوق کا مالی یا سماجی منفعت کی بنیاد پر استحصال کرتا ہے تو ایسی صورت میں مقاصدِ شریعہ کو حاصل کرنے کے لیے لڑکی کی ولایت اسلامی ریاست کے پاس چلی جاتی ہے۔قانون اس کو تحفظ دیتا ہے۔اسی طرح بیسیوں مثالیں دی جاسکتی ہیں۔

ان مقدمات کی روشنی میں اصل بات کوسمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔مفتی تقی عثمانی حفظہ اللہ و دیگرعلما نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے درج ذیل ہدایات دی ہیں:۔
۔جمعہ کے خطبہ کو مختصر کیا جائے۔
۔ایک صف سے دوسری صف کا فاصلہ رکھا جائے۔ وغیرہ

علاوہ ازیں کچھ علما کا واضح طور پر یہ بیان بھی تھا کہ باجماعت نماز اور خطبہ جمعہ موقوف نہیں کیے جاسکتے، ایسا کرنا حرام ہے۔

مقاصدِ شریعہ کی روشنی میں حفظ جان کے لیے نماز باجماعت اور جمعہ کو موقوف کیا جاسکتا ہے جب تک اس وبا سے نجات حاصل نہ کی جاسکے۔جس طرح طوفان اور شدید بارش میں نماز گھر پر ادا کرنے کی رخصت ہے اسی طرح کسی وبائی مرض سے معاشرے کو بچانے کے لیے بھی اپنی سرگرمیوں کو محدود کیا جاسکتا ہے۔ قرآن مجید میں بعض مفسدین مجرموں کے لیے نفی فی الارض کا حکم ہے۔ امام ابوحنیفہ و فقہا کے نزدیک نفی فی الارض کا معنی محدودیت ہے یعنی مجرم کو جیل وغیرہ میں محدود کردیا جائے تاکہ معاشرہ اس کے فساد اور شر سے بچ سکے۔وبائی امراض میں بھی شریعت کے حفظ جان و صحت کے مقصدکے تحت لوگوں کو محدود کیا جاسکتا ہے۔ اس میں کوئی حرج نہیں بلکہ ایسا کرنا مقاصدِ شریعہ کی تکمیل اور تعمیل ہے۔

جہاں تک اس بات کاتعلق ہے کہ جمعہ مختصر کردیں اور نمازی صرف فرض کے لیے مسجد میں آئیں۔ یہ ہدایت اور پابندی اس لیے ہے کہ لوگوں کا میل جول نہ ہو۔ خطبہ جمعہ حسبِ سابق ہو یا مختصر، مسجد میں فرض نماز کے لیے لوگ اکٹھے ہوں یا نوافل بھی پڑھیں مسئلہ اور علت تو اختلاط ہے اور اختلاط دونوں صورتوں میں ہے۔لہذا پابندی لگانی ہے تو فرض نماز اور خطبہ جمع کی بھی لگائیں تاکہ مطلق اختلاط ہوہی نا۔
مذہبی طبقہ کی طرف سے نماز باجماعت اور خطبہ جمع عارضی طور پر موقوف نہ کرنے کے پیچھے ایک جواز یہ بھی ہے کہ لوگ دیگر معاشرتی سرگرمیوں کاروبار وغیرہ میں حصہ لے رہے ہیں نمازباجماعت اور خطبہ جمع موقوف کیوں؟یہ بات اپنی جگہ اہم ہے اور اس کی تلقین بھی ہونی چاہیے کہ موجودہ حالات میں اپنی سرگرمیوں کو محدودترکردینا چاہیے خواہ وہ معاشی سرگرمیاں ہوں، دینی یا معاشرتی۔ لیکن ایسے حالات میں سرگرمیوں کو دوحصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ناگزیر سرگرمیاں اور غیر ناگزیر سرگرمیاں۔ ناگزیر سرگرمیاں وہ ہیں جو معاشرتی بقا کے لیے ضروری ہیں مثلا ضروریات زندگی کی فراہمی اور ضروری روزگار۔ ان سرگرمیوں کا محدود پیمانے پر جواز ملتا ہے اور وہ بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کے بعد۔ دیگر سماجی اور مذہبی سرگرمیاں ناگزیر نہیں۔ نمازباجماعت اور خطبہ جمعہ کے موقوف ہونے سے معاشرتی بقا کو خطرہ نہیں۔ حفظ دین کے لیے موجودہ زمانہ میں جدید ذرائع بھی استعمال ہورہے ہیں۔مذہبی طبقہ معاملہ کی شدت کو سمجھے،خدانخواستہ اٹلی کی طرح پاکستان پر بھی ایک دن ایسا نہ آجائے کہ ناگزیر سرگرمیاں بھی ختم ہوجائیں۔

(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Leave A Reply


Parse error: syntax error, unexpected '<', expecting identifier (T_STRING) or variable (T_VARIABLE) or '{' or '$' in /home/daanishp/public_html/wp-content/themes/daanishv2/footer.php on line 20