’حلقہ احباب‘ میں شامل میرے پرانے کالم میرا سیاسی ایجنڈا ہیں — عمران خان

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو میڈیا کے مسائل کا ادراک ہے اور یہ مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔ ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ،معیشت کی مضبوطی اور ملکی ترقی میرا ایجنڈا ہے، اپنے ایجنڈے کی ہر صورت تکمیل کرینگے۔ اصلاحاتی عمل جاری ہے، جلد کاروباری طبقے کے مسائل حل ہونگے، نوکریاں اور سستے گھر فراہم کرکے دم لینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف ایڈیٹر پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز و سینئر اینکر پرسن اور سی پی این ای کے نائب صدر ایس کے نیازی سے ملاقات کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایس کے نیازی نے طویل ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور میڈیا کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا کو درپیش مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی میڈیا کی سمت کے تعین میں سی پی این ای کا اہم کردار ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے روز نیوز کے ضابطہ اخلاق کی تعریف کی۔

اس دوران ایس کے نیازی کی شایع ہونے والی نئی کتاب ’حلقہ احباب‘ کی بھی رونمائی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ طور پہ کتاب کی رونمائی کی اور کتاب کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے اپنے خاندان اور نیازی ہونے پر فخرہے، میرے والد کا تاریخی انٹرویو بھی اس کتاب کا حصہ ہے، والد کا انٹرویو کتاب میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ کتاب ’حلقہ احباب‘ میں شامل میرے پرانے تحریر کردہ کالم میرا سیاسی ایجنڈا ہیں، ایس کے نیازی کا میڈیا ہاؤس میرے ہی ایجنڈے کو پروموٹ کررہا ہے۔ ان کالمز کے مطالعہ سے آج کی نسل میری فکر سے بخوبی آگاہ ہوسکتی ہے۔ ان کالمز کی بازیافت، اس کتاب کی اضافی خوبی ہے۔ میرا ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ، معیشت کی بہتری اور ملکی ترقی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ اصلاحاتی عمل جاری،کاروباری طبقے کے مسائل میں کمی ہو گی، ریاست مدینہ بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا، وزیراعظم نے ملاقات میں ہر ایشو پر کھل کر گفتگو کی۔ اس موقع پر چیف ایڈیٹر پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز و سینئر اینکر پرسن ایس کے نیازی نے کہا کہ وزیراعظم نیک دل اور مخلص رہنما ہیں، وزیراعظم عمران خان کو عوامی مسائل کا ادراک ہے، وزیراعظم معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے محنت کر رہے ہیں۔ ایمل مطبوعات کی جانب سے شایع ہونے والی اس کتاب نے ہر طبقہ فکر میں رسائی حاصل کی ہے اور نئے مباحث کو جنم دیا ہے۔ کتاب کی طباعت اور دیدہ زیب پیشکش کو بھی وزیر اعظم نے خاص طور پہ سراہا۔

(Visited 1 times, 1 visits today)

Leave a Reply

Leave A Reply


Parse error: syntax error, unexpected '<', expecting identifier (T_STRING) or variable (T_VARIABLE) or '{' or '$' in /home/daanishp/public_html/wp-content/themes/daanishv2/footer.php on line 20