استنبول ٹریولنگ ٹپس: ظہیر تاج (قسط نمبر1)

0
  • 205
    Shares

استنبول دو براعظموں کو جوڑنے والا شہر، مسجدوں کا شہر،تاریخ، محبت اور خوابوں کا گہوارہ ہے۔ اگر آپ سیاحت سے دلچسپی رکھتے ہیں تو استنبول بلاشبہ دنیا کے چند بڑے سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ اگر آپ استبول جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس مضمون میں ہم آپ کے سامنے تمام ضروی معلومات رکھیں گے جو سفر کرنے کے لئے اہم ہوسکتی ہیں۔

1- ویزہ
ترکی کا سنگل انٹری وزٹ ویزہ تقریباََ ساڑھے سات ہزار پاکستانی روپوں میں لگتا ہے۔ ترکی کا سفارتخانہ اسلام آباد میں ہے اور کراچی میں بھی کونسلیٹ ہے۔ اگر آپ نے ویزہ کی درخواست دینی ہو تو فلائٹ بکنگ، ہوٹل بکنگ پہلے سے کرالیں، بنک سٹیٹمنٹ اور اگر ٹریول ہسٹری ہو تو بہت اچھا ہے تاکہ ویزہ انکار ہونے کا احتمال کم سے کم ہو (یہ بات ذہن میں رکھیں کہ کسی بھی یورپی ملک یا بہتر اکانومی والے ملک کے ویزہ آفیسر کو یہ یقین دلانا ضروری ہوتا ہے کہ آپ ویزہ کی مدت میں واپس آجائیں گے)۔ اگر آپ کے پاس یورپ، امریکہ یا کینڈا کا ویزہ ہے تو آپ کو آن لائن ای ویزہ بھی مل سکتا ہے یا پھر استنبول ائرپورٹ پر ٹرانزٹ بھی مل جاتا ہے۔

2- پرواز
پاکستان سے استنبول کی براہ راست پرواز ترکش ائر لائینز اور پی آئی اے کی ہے۔ اس کے علاوہ گلف ممالک کی تقریباً تمام ہی بڑی ائرلائنز کی کنیٹنگ فلائٹس بھی استنبول جاتی ہیں۔ آپ اپنے بجٹ اور وقت کے حساب کوئی بھی مناسب فلائٹ چن سکتے ہیں۔

استنبول میں دو ائرپورٹ ہیں اتاترک اور شعبیہ۔ اتاترک شہر کے اندر واقعہ ہے جبکہ شعبیہ مرکز سے ذرا دور ہے۔

3- رہائش
کسی بھی بین الاقوامی سفر سے پہلے یہ بات ذہن نشین کریں لیں کہ ہوٹل بکنگ پہلے سے لازمی کرا لیں۔ اگر آپ کا بجٹ کم ہے تو آپ اپنے بجٹ کے حساب سے سستے ہوٹل بھی دیکھ سکتے ہیں اور اگر یہ ہوٹل شہر کے مرکز میں ہوں تو بہت بہتر ہے کیونکہ تمام ٹرانسپورٹ قریب ہو۔ استنبول میں رہائش کے لئے سب سے مناسب جگہ سلطان احمد سکوئیر کے گرد و نواح ہیں۔ سلطان احمد سکوئیر میں بہت سے اہم مقامات جن کا ذکر آگے ہو گا اور دوسرا میٹرو سٹیشن بھی قریب ہے۔ ہوٹل ذیادہ تر ایسے ہیں جہاں پر ناشتہ کامپلیمنٹری ہوتا ہے، اس سے وقت اور پیسوں کی بہت ساری بچت ہو سکتی۔ اگر آپ اکیلے ہیں یا دوستوں کے ساتھ تو بہت سارے بیچلر ہاسٹلز بھی ہیں جہاں پر آپ شئیرنگ کمرے میں رہ سکتے ہیں۔ اس طرح آپ رہائش میں بہت ساری بچت کرسکتے ہیں۔ ہوٹل بکنگ لازمی آن لائن کروا لینی چاہیے اور اس کے لئے سب سے مشہور ویب سائٹ بکنگ ڈاٹ کام ہے۔

4- ٹرانسپورٹ
استنبول سفری سہولیات کے حساب سے بہت ہی بہترین اور سستا شہر ہے۔ آپ اگر اتاترک ایئرپورٹ پر اتریں تو ائرپورٹ کے نیچے ہی میٹرو کا سٹیشن ملے گا۔ میٹرو کے روٹس دیواروں پر چسپاں ہیں آپ گوگل میپ پر اپنی مطلوبہ لوکیشن سمجھ لیں اور میٹرو روٹ کو دیکھتے ہوئے آسانی سے اپنی منزل پر پہنچ سکتے ہیں۔ استنبول کا ایک میجک کارڈ ہے جسے استنبول کارٹ کہتے ہیں، اس کارڈ کے لئے مختلف مشینیں لگی ہیں جہاں پر آسانی سے پیسے ڈال کر اس کارڈ کے ذریعے سفر کرسکتے ہیں۔ یہ کارڈ بس، میٹرو اور اس کے علاوہ آبنائے باسفورس میں کروز شپ پر اگر کرنے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ استبول میں پبلک ٹرانسپورٹ کو ہی ترجیح دینی چاہئے اور ٹیکسی کا استعمال ناگزیر حالات میں کرنا چاہئے۔ ٹیکسی ڈرائیورز کے برے روئیے اور جھگڑا کرنے کی قصے زبان زدعام ہیں۔ استنبول میں آپکو پیدل بھی بہت چلنا پڑتا ہے، اس لئے اگر جوگر کا ایک جوڑا ہو تو بہترین رہے گا۔ استنبول میں آبنائے باسفورس کا سفر بھی لازم ہے اس کے لئے سیکنڑوں کے حساب سے کروز شپ دستیاب ہیں۔ باسفورس کا ذکر آگے تفصیل سے آئے گا۔

5- اہم مقامات
استنبول کا ایک حصہ ایشیا میں ہے جو تاریخی ہے اور دوسرا یورپین ہے جو آبنائے باسفورس کے دوسری طرف ہے۔ سلطان احمد مسجد یا نیلی مسجد، ٹاپکوپی پیلس (میوزیم) اور آیا صوفیا یہ سب جگہیں آمنے سامنے واقع ہیں۔ اس جگہ کو سلطان احمد سکوئیر کہتے ہیں۔ آپ ایک دن میں یہ سب جگہیں دیکھ سکتے ہیں۔ ٹاپکوپی پیلس ایک میوزیم ہے جہاں پر آپ کو بہت ذیادہ وقت چاہئے اور یہ استنبول کی اہم ترین جگہ ہے۔ اس میوزیم میں ترکی کی پوری تاریخ ہے۔ اسی میں اسلامی نوادرات کا ایک حصہ ہے، ان نوادارت میں اہم ترین فاطمہ رضی اللہ عنہ کا کرتا، حضرت علیؓ کی تلوار اور اس کے علاوہ بہت کچھ ہے۔ اسی میوزیم کے اندر ترک سلطانوں کے حرم ہیں اور ان کی شان و شوکت دیکھ کر انسان دنگ رہ جاتا ہے۔ ٹاپکوپی پیلس کے ساتھ ہی آیا صوفیہ ہے جو ایک گرجا گھر تھا، بعد میں مسجد بنا اور آجکل میوزیم ہے۔ آیا صوفیہ میں مسجد اور چرچ دونوں کا امتزاج نظر آتا ہے۔ آیا صوفیہ اور ٹاپکوپی پیلس کے سامنے بلیو مسجد ہے جو استنبول کی پہچان ہے۔ اس مسجد کو بلیو مسجد اس کے انٹرئیر کی وجہ سے کہا جاتا ہے۔ اس سکوئر میں ترکش اسلامک میوزیم بھی ہے۔ یہ سب مقامات صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک کھلے ہوتے ہیں۔ ان تمام مقامات کے ٹکٹ وہاں پر لگی مشینز سے لئے جاسکتے ہیں اور ہر جگہ پر کاؤنٹر بھی ہیں جن سے آپ کیش دے کر ٹکٹ لے سکتے ہیں۔

اس مضمون کا دوسرا حصہ اس لنک پہ ملاحظہ کیجئے

Leave a Reply

Leave A Reply

%d bloggers like this: